صراحی، چوہیا اور ہمارے اندر چھپا سوال / رانا جی جعفر

ایک روز ایک بادشاہ نے اپنے وزیر سے سوال کیا: “کیا فطرت بدلی جا سکتی ہے یا صرف عادت؟”
وزیر نے فوراً جواب دینے کے بجائے چند ماہ کی مہلت مانگ لی۔ وقت گزرا تو وہ دربار میں ایک بھیڑیا لے آیا۔ سب اسے دیکھ کر حیران رہ گئے۔ خونخوار درندہ نہ غرا، نہ کسی پر جھپٹا۔ وہ اپنے پنجوں سے صراحی اٹھاتا، پیالے میں پانی ڈالتا اور بادشاہ کے سامنے رکھ دیتا۔
دربار میں سرگوشیاں ہونے لگیں۔ سب کو یہی لگا کہ شاید تربیت نے بھیڑیے کی فطرت بدل دی ہے۔ لیکن وزیر نے ابھی اپنا جواب دینا تھا۔ اس نے ایک چھوٹی سی چوہیا دربار میں چھوڑ دی۔
چوہیا پر نظر پڑتے ہی سارا منظر بدل گیا۔ صراحی زمین پر جا گری، پانی بکھر گیا اور مہینوں سے سدھایا ہوا بھیڑیا چوہیا پر جھپٹ پڑا۔ دربار میں ایک دم خاموشی چھا گئی۔
قصہ یہاں ختم ہو سکتا تھا، مگر اصل بات تو اب سامنے آئی تھی:
اس پورے منظر میں فطرت کون سی تھی اور عادت کون سی؟
چوہیا کو دیکھ کر اس پر جھپٹنا بھیڑیے کی فطرت اور جبلت تھی۔ اسے شکار کرنا کسی نے نہیں سکھایا تھا۔ لیکن صراحی اٹھانا، پانی انڈیلنا اور بادشاہ کے سامنے رکھنا اس کی سیکھی ہوئی عادت تھی۔ یہ سب اس نے مسلسل تربیت اور مشق سے سیکھا تھا۔
یوں لگتا تھا جیسے فطرت اندر موجود تھی اور عادت اس پر پہرہ دے رہی تھی۔ ایک چوہیا سامنے آئی تو پتا چل گیا کہ یہ پہرہ کتنا مضبوط ہے۔ بھیڑیا اپنی جبلت کے آگے ٹھہر نہ سکا۔ مگر انسان کو یہ صلاحیت بھی دی گئی ہے کہ وہ اپنی عادتیں بنائے اور خود کو سنوارے۔ شاید یہی انسان اور جانور کے درمیان ایک بڑا فرق ہے۔
فطرت انسان کو آزماتی ہے، عادت انسان کو بچاتی ہے۔
انسان کے اندر بھی بہت کچھ ایسا ہے جس کے لیے اسے کسی سے سیکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ بھوک، خوف، غصہ، محبت، خواہش اور اپنی حفاظت کا جذبہ اسی فطرت کا حصہ ہیں۔ لیکن ان احساسات کے جواب میں ہم جو کام بار بار کرتے ہیں، وہی آہستہ آہستہ عادت بن جاتا ہے۔
غصہ آنا فطری ہے، لیکن ہر بار غصے میں چیخ پڑنا عادت بن سکتی ہے۔ خوف محسوس ہونا بھی فطری ہے، مگر ہر مشکل سے بھاگنا عادت بن سکتا ہے۔ اسی طرح خواہش پیدا ہونا عام بات ہے، لیکن ہر خواہش کے آگے ہار مان لینا بھی عادت بن سکتی ہے۔
یہ فرق معمولی نہیں۔ انسان کی شخصیت اسی فرق کے ساتھ بنتی اور بگڑتی ہے۔ ہم اپنی کسی کمزوری پر آسانی سے کہہ دیتے ہیں: “میری فطرت ہی ایسی ہے۔” لیکن کبھی اپنے آپ سے یہ سوال بھی کرنا چاہیے کہ کیا واقعی یہ فطرت ہے؟ یا کوئی ایسا رویہ ہے جسے ہم برسوں سے دہراتے آ رہے ہیں اور اب اسے اپنی فطرت سمجھ بیٹھے ہیں؟
ایک شخص ہر بات پر غصہ کرتا ہے اور کہتا ہے، “میں ایسا ہی ہوں۔” دوسرا ہر معاملے میں بدگمانی کرتا ہے۔ کوئی جھوٹ بولتا ہے اور کوئی دوسروں کو نیچا دکھانے میں خوشی محسوس کرتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ سب رویے اتنے پختہ ہو جاتے ہیں کہ انسان انہیں بدلنے کے بجائے اپنی فطرت کا حصہ سمجھنے لگتا ہے۔
حالانکہ فطرت ہمارے اندر ہوتی ہے اور عادت ہمارے اپنے عمل سے بنتی ہے۔ جب کوئی عادت ہمارے عمل سے بن سکتی ہے تو کوشش سے بدلی بھی جا سکتی ہے۔
انسان غصہ آنے کے باوجود خاموش رہنا سیکھ سکتا ہے۔ دل میں خواہش ہونے کے باوجود رک سکتا ہے۔ خوف کے باوجود آگے بڑھ سکتا ہے۔ بدگمانی کرنے کے بجائے حقیقت جان سکتا ہے اور سخت لہجے کے بجائے نرمی سے بات کرنا اپنا معمول بنا سکتا ہے۔
شروع میں یہ سب آسان نہیں ہوتا۔ پرانی عادت چھوڑنا اور نئی عادت اپنانا وقت لیتا ہے۔ لیکن انسان کوشش جاری رکھے تو آہستہ آہستہ اس کے رویے بدلنے لگتے ہیں۔
مگر یہاں ایک عجیب بات بھی ہے۔ ہم دوسروں کی ایک غلطی دیکھ کر فوراً کہتے ہیں: “یہ اس کی فطرت ہے۔” لیکن اپنی غلطی پر کہتے ہیں: “مجھ سے بس عادتاً ہو گیا۔”
ممکن ہے جس شخص کو ہم برا سمجھ رہے ہوں، اس کے اندر کوئی اچھی بات ابھی بھی موجود ہو، مگر اس کی غلط عادتوں نے اسے چھپا رکھا ہو۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ جسے ہم بہت اچھا سمجھتے ہیں، اسے ابھی کسی ایسی آزمائش کا سامنا ہی نہ کرنا پڑا ہو جس میں اس کی کمزوری سامنے آتی۔ شاید انسان کی اصل پہچان اس کی باتوں سے زیادہ اس کے روزمرہ رویے سے ہوتی ہے۔
زندگی میں ہر شخص کی کوئی نہ کوئی “چوہیا” ہوتی ہے۔
کسی کی چوہیا دولت ہے، کسی کی طاقت، کسی کی شہرت، کسی کی انا، کسی کی خواہش، کسی کا خوف اور کسی کی دشمنی۔ یہی وہ موقع ہوتا ہے جب انسان کی کمزوری اور اس کی بنائی ہوئی عادت کا اصل امتحان ہوتا ہے۔
شاید زندگی انسان کو بدلتی کم ہے، بے نقاب زیادہ کرتی ہے۔ اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب انسان کے سامنے دو راستے ہوں؛ ایک آسان اور دوسرا درست۔ ایسے وقت میں پتا چلتا ہے کہ وہ اپنے اصولوں پر قائم رہتا ہے یا حالات کے آگے جھک جاتا ہے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ انسان کے اندر کمزوری ہے یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کمزوری سامنے آنے پر وہ کرتا کیا ہے؟
خواہش پیدا ہونا ہمیشہ انسان کے اختیار میں نہیں ہوتا، مگر اسے بار بار پورا کرنے کی کوشش کرنا اس کے اپنے عمل کا حصہ ہے۔ غصہ آنا فطری بات ہے، لیکن ہر بار دوسروں پر نکالنا ایک رویہ ہے۔ خوف محسوس ہونا بھی فطری ہے، مگر ہر بار اس کے سامنے پیچھے ہٹنا عادت بن سکتی ہے۔ یہی چھوٹے چھوٹے رویے وقت کے ساتھ انسان کے کردار کا حصہ بن جاتے ہیں۔
ایک عمل اتفاق ہو سکتا ہے، دو بار کی تکرار کمزوری ہو سکتی ہے، مگر بار بار دہرایا جانے والا عمل عادت بن جاتا ہے۔
فطرت چنگاری دے سکتی ہے، مگر عادت طے کرتی ہے کہ اس چنگاری سے چراغ جلنا ہے یا آگ بھڑکنی ہے۔
چوہیا کے سامنے آتے ہی بھیڑیے کی تربیت کا بھرم ٹوٹ گیا تھا۔ اس کی جبلت نے پھر اپنا اثر دکھا دیا۔ انسان بھی اگر فطرت اور عادت کے فرق کو نہ سمجھے تو ساری عمر یہی کہتا رہتا ہے کہ ’’میں ایسا ہی ہوں۔‘‘ حالانکہ وہ اپنی بہت سی عادتیں بدل سکتا ہے۔ اپنی غلطیوں کو ماننے کے بجائے انہیں فطرت کا نام دے دینا ہی ہمارے معاشرے کا ایک بڑا سلگتا اشارہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں