میں حیرت کے ساتھ سوچتا ہوں کہ ہمارے تجربے کار بڑے بزرگ محض مشاہدے اور دور رس سوچ کی بنیاد پرکیسےدور کی کوڑی لے آتے ہیں۔ آخروہ ایسا کیا کرتے ہیں کہ ذرا سی دیر میں درپیش مسئلے کا حل پیش کر دیتے ہیں۔ یقیناً وہ بہت اچھی سوجھ بوجھ رکھتے ہونگے، بلکہ وہ سوچ کے سمندر میں غرق ہوکر ادھر ڈوبے، ادھر نکلے، کی مصداق، مشاق پیراک کی طرح سمندر کی تہہ میں غوطہ زن ہو کر ذہانت کے ایسے قیمتی موتی چن کر لاتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ مگر نہ جانے کیوں عقل و فراست کی دولت رکھتے ہوۓ ان میں سے اکثر کوڑی کوڑی کو محتاج ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ دو وقت کی روٹی کھانے کے لئے ان کے پاس پھوٹی کوڑی تک نہیں ہوتی۔ کبھی کبھی ہم حیرت و استعجاب میں غرق یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ واقعی دانش کا اثاثہ رکھنے والے، امیر زادوں سے کہیں زیادہ افضل ہوتے ہیں۔ وہ دولت کو ہاتھ کی میل سمجھ کر مالدار ہونے کی فکر میں غلطاں نہیں ہوتے۔ انہیں پتہ ہوتا ہے کہ مادی دولت جلد غتر بود ہوجاتی ہے۔ جبکہ فہم و فراست اور حکمت والے، بقول اہل نظر قسمت والے ہوتے ہیں۔
انسان بڑا تن آسان ہو گیا ہے۔ حالانکہ اسے جس چیز کی لگن ہوتی ہے، اس کے لئے تن من دھن کی بازی لگانے کو تیار ہو جاتا ہے۔ وہ جن کا تن درست ہوتا ہے یا وہ جو تندرست ہوتے ہیں، ان کو چھوڑ کر، وہ جو بھاری تن والے ہوتے ہیں پانی میں اترنے سے پہلے ڈرتے ہیں کہ کہیں وہ اپنے ہی وزن سے ڈوب نہ جائیں۔ البتہ سوچ میں مستغرق رہنے والے سنجیدہ لوگ جو اپنے من میں ڈوب کر تیرتے ہیں، وہ دریا پار اتر جاتے ہیں۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے تو ایک شعر میں کہہ دیا ہے کہ ء
اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغ زندگی
تو میرا نہیں بنتا نہ بن اپنا تو بن۔
اگر ہماری یہ بات گرانی کے اس دور میں گراں نہ گزرے تو عرض کریں کہ کبھی کبھی عام سادہ لوگ بھی اپنے اظہار میں پتے کی بات کر دیتے ہیں۔ ماضی میں ایک لوک فنکارعلن فقیر ایک گیت گایا کرتے تھے کہ:
تیرے عشق میں جو بھی ڈوب گیا
اسے دنیا کی موجوں سے ڈرنا کیا
ایک اور بات جو کہنے والے نے کہی ہے کہ” جب پیار کیا تو ڈرنا کیا”۔ یہ بھی مفہوم میں علامہ اقبال کے شعر کے قریب تر ہے۔ دونوں میں ڈوب جانے کا ذکر ہے۔
عام طور پر لوگ ڈوبنے سے ڈرتے ہیں۔ شائد یہی وجہ ہو کہ لوگ اپنے غلط کاموں پر بھی مارے شرم کے ڈوب مرنا پسند نہیں کرتے۔ کوئی انہیں طعنہ دے کر کہہ دے کہ چلو( chulloo ) بھر پانی میں ڈوب مرو۔ یہ بھی کوئی معقول بات دکھائی نہیں دیتی کہ جس پر عمل کیا جاۓ۔ سوچنے کی بات ہے کہ چلو بھر میں اتنا پانی کہاں ہوتا ہے کہ اس میں ڈوب کر مرا جا سکے۔ اس سے تو کلی بھی نہیں کی جا سکتی۔ اس لئے کون ہے جو ڈوبنے اور غرق ہونے کے لئے یہ الفاظ سننا بھی گوارا کرے۔
برسات میں ہمارے دریاؤں میں کیا کم سیلاب آتا ہے، جن میں سڑکیں ڈوب جاتی ہیں اور بندے غرق ہو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود ہم ہر وقت کسی نہ کسی کوان الفاظ سے کوستے رہتے ہیں کہ ” ڈوب مرو”, ” تمہارا بیٹرہ غرق ہو جآۓ۔” یا اپنے پیارے، لاڈلے بچے کو بھی یہ کہنے سے نہیں چوکتے کہ ” تیرا ستیا ناس ہو جاۓ ” ۔ دوسروں کو کوسنا کوئی ہم سے سیکھے۔
ہم جب کسی کام کا بیڑا اٹھاتے ہیں تو اسے یا تو ادھورا چھوڑ دیتے ہیں یا اس میں گھپلا کر کے اس کا بیڑا غرق کر دیتے ہیں۔ پھر دعاؤں پر لگ جاتے ہیں کہ ہمارا بیڑا پار ہو جاۓ۔
امریکا نے ایران کے خلاف جنگ کر کے اور اپنی طاقت کا بہیمانہ اظہار کر کے اپنے بڑے پن کی لٹیا ہی ڈبو دی۔ مگر ایران نے بھی مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈوں پہ یہ کہہ کر حملے کر دیئے کہ ‘ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے۔’ اس جنگ میں کئی بحری جہاز فضائی حملوں کی زد میں آئے۔ اس کےنتیجے میں کچھ جہاز سمندر میں غرق ہو گئے۔
کچھ جہاز سمندری سرنگوں سے ٹکرا کر ڈوب گئے اور کچھ بحری بیڑوں پر ڈرونز کے حملوں سے ایسی آگ لگی کہ انکا بیڑہ غرق ہو گیا۔
ویسے جہاں تک ہم تو ڈوبے ہیں صنم والی بات کا تعلق ہے، ہمارے معاشرے میں بھی ایسا رویہ پنپ رہا ہے کہ جب کسی کا اپنا کوئی نقصان ہو رہا ہو تو وہ اپنے ساتھ دوسرے کو بھی نقصان پہنچانے کو تیار ہو جاتا ہے۔ اس کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہوتا۔ بھلا یہ بھی کوئی بات ہے کہ خود پہ کوئی افتاد ٹوٹ پڑے تو دوسرے کو بھی بلا جواز اس کا مزا چکھا دیا جاۓ۔ خیر! مرضی ہے لوگوں کی کہ وہ دوسروں کو اپنے ساتھ لپیٹ لیتے ہیں۔ مانیں نہ مانیں، ہم تو سماجی طور پر سراسر، سر سے پاؤں تک گناہوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ کوئی گناہوں سے توبہ کرنے پہ آئے بھی تو پہلے خواہش کرتا ہے کہ ایک گناہ اور سہی۔ ہمارا مزاج کچھ ایسا بنتا جا رہا ہے کہ ہر شخص پیسے کو ترجیح دینے لگا ہے۔ یہ پیسے کی طلب کا ہی شاخسانہ ہے کہ کوئی دودھ میں پانی ملا کر پیسوں کو سمیٹ رہا ہے کوئی مصنوئی مہنگائی کر کے چیزوں کی زائد قیمتیں وصول کر رہا ہے کوئی ناپ تول میں کمی کر کے ناجائز کمائی کا مرتکب ہو رہا ہوتا ہے۔ کوئی اشیاء کا ذخیرہ کر کے مہنگے داموں بیچتا ہے۔ رشوتوں کا بازار گرم رہتا ہے۔ ہر طرف لوٹ مار مچی ہوئی ہے۔ الغرض ہم گناہوں میں لتھڑے رہتے ہیں، اور جب گناہوں کا سیلاب بلا آتا ہے تو بلا سوچے سمجھے اس میں کود کر ڈوب جاتے ہیں اور دیکھنے والے ڈبڈبائی آنکھوں سے انہیں دیکھتے رہ جاتے ہیں۔


