ابو بکر کا کردار/ سائرہ رباب

ابوبکر کی بطور سافٹ ہیرو (Soft Hero) مقبولیت میں کوئی شک نہیں، لیکن کیا اس کردار کو نرم مردانگی (Soft Masculinity) اور نرم معاشرے (Soft Society) کے اس وسیع تر تناظر میں بھی نہیں دیکھنا چاہیے جس پر آج کل دنیا بھر میں بحث ہو رہی ہے؟ اکیسویں صدی کو مردانگی کے بحران (Crisis of Manhood) کے حوالے سے بھی زیرِ بحث لایا جا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا جدید سرمایہ دارانہ اور کارپوریٹ نظام مردانگی کے ایک نئے ماڈل کو فروغ دے رہا ہے؟ ایسا نرم، مہذب، غیر تصادمی اور نظام سے ہم آہنگ مرد، جو کارپوریٹ دنیا کے لیے ایک مثالی انسان ہو؟

ابوبکر ایک تعلیم یافتہ، مراعات یافتہ (Privileged) اور کامیاب جدید شہری زندگی کا نمائندہ ہے۔ اس کے لیے کارپوریٹ ماحول، شہری طرزِ زندگی، مہنگے ریستوران، ڈیٹنگ اور لیونگ ریلیشن شپ (Living Relationship) سب ایک معمول کی باتیں ہیں۔ وہ صارفیت (Consumerism) اور ایلیٹ طبقے کی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔ مذہبی بھی ہے، روزانہ قرآن پڑھتا اور نماز ادا کرتا ہے، فرمان بردار بیٹا بھی ہے۔ لیکن کیا اس کی مذہبیت کبھی اسے اس نظام، اس کے طاقت کے مراکز، طبقاتی ناہمواریوں یا اسٹیٹس کو (Status Quo) پر سوال اٹھانے کی طرف لے جاتی ہے؟ کیا وہ کبھی طے شدہ نظامی حدود سے باہر سوچتا ہے؟

کیا یہ محض اتفاق ہے کہ اس کا طبقاتی اور سماجی دائرہ بھی اسی مراعات یافتہ دنیا سے جڑا ہوا ہے، جبکہ حمنہ اور اس جیسے کم مراعات یافتہ کردار اس دنیا میں پوری طرح ضم ہوتے دکھائی نہیں دیتے، بلکہ انہیں دوسرے (Other) کے طور پر اور اکثر منفی روشنی میں پیش کیا جاتا ہے؟ یہی طبقاتی تقسیم ہمیں فلیش بیک میں امان گجر اور ابوبکر کی والدہ بیلا کے کرداروں میں بھی دکھائی دیتی ہے۔ امان گجر، جو نسبتاً کم سماجی پس منظر سے تعلق رکھتا ہے، مفاد پرست، لالچی اور منفی کردار کے طور پر سامنے آتا ہے، جبکہ امیر بیلا کو ایک مثبت، شائستہ اور قابلِ احترام کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ کیا یہاں کرداروں کی اخلاقی تشکیل کے ساتھ ان کی طبقاتی حیثیت بھی ناظر کے لیے ایک خاص اخلاقی تاثر تشکیل نہیں دے رہی، جہاں مراعات یافتہ طبقے کی شائستگی اور اقدار کو مثبت اور کم مراعات یافتہ طبقے کو منفی شناخت کے ساتھ جوڑا جاتا ہے؟

دوسری طرف ایلیٹ طبقے سے قربت کو کامیابی اور قبولیت کی علامت بنا کر دکھایا جاتا ہے، اسے دوسرے (Other) کے طور پر نہیں دیکھا جاتا۔ تو کیا یہاں ایک ایسے نرم، مذہبی، مہذب اور کامیاب مرد کا تصور تشکیل نہیں پا رہا جو ذاتی زندگی میں جدید بھی ہے اور مذہبی شناخت بھی رکھتا ہے، مگر نظام کے بنیادی ڈھانچوں سے کوئی تصادم نہیں کرتا؟

میرا سوال ابوبکر کی ذاتی خوبیوں یا اس کی نرم دلی سے نہیں، بلکہ اس مثالی کردار کے سماجی معنی سے ہے۔ کیا آج کے کارپوریٹ نظام کو بھی ایسا ہی انسان زیادہ موافق نہیں آتا جو مشین کے ایک پرزے (Cog in the Machine) کی طرح بغیر کسی رکاوٹ یا مزاحمت کے اپنا کام کرتا رہے؟ جو خوش اخلاق، قابلِ قبول، شہری اقدار کا نمائندہ اور نظام میں کامیابی سے ضم ہونے والا ہو، نظام کی اقدار کو قبول کرے اور اس میں آگے بڑھے، مگر اس کے بنیادی مفروضوں، طبقاتی ناہمواریوں اور طاقت کے رشتوں پر سوال نہ اٹھائے؟ کیا ہمیں اس نرمی کو صرف انفرادی اخلاقیات کے بجائے اس کے پورے سماجی، معاشی اور سیاسی تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے؟

اپنا تبصرہ لکھیں