میر و غالب کو اس افغان کا قصیدہ لکھنا چاہیے تھا/ ظفر سید

شاعری کا تعلق دل کی دنیا سے ہے، لیکن یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دل کا راستہ پیٹ سے ہو کر گزرتا ہے۔ اسی منطق کو تھوڑا آگے بڑھایا جائے تو ثابت کیا جا سکتا ہے کہ شاعری کا پیٹ سے گہرا تعلق ہے (اس بات سے قطع نظر کہ اردو کے کئی عظیم شعرا اکثر خالی پیٹ ہی رہا کرتے تھے)۔

اردو کے عظیم شعرا کا ذکر آیا ہے تو میر اور غالب سے زیادہ عظیم کون ہو گا۔ لیکن کیا میر و غالب نے اپنے تخیل کی بلند ترین پرواز کے دوران کبھی سوچا ہو گا کہ ایک دن چاول پکانے کی ایک ترکیب ان کے فن کے لیے ایسا کام کر جائے گی جو ان کے کسی مربی نواب، بادشاہ یا امیر نے نہیں کیا؟

وہ بھی کوئی زعفرانی متنجن، ست رنگا مزعفر یا دم پخت پلاؤ نہیں، بلکہ معمولی سفید چاول، جنہیں صرف ایک منٹ میں پکایا جا سکتا تھا۔

اس داستان میں ایک افغان موجد، ایک ہندوستانی دانشور، دو اردو شاعر، ایک امریکی ادبی رسالہ، ایک جرمن مستشرق اور دنیا کی مشہور ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک شامل ہے۔ اور ان سب کو ملاتا ہے کیا؟ چاولوں کا یہی ڈبہ۔

پانچ لاکھ ڈالر اور دو ’خراب شاعر‘

قصہ شروع ہوتا ہے 1964 میں۔

اسی سال دو مئی کو امریکہ کی ریاست کولوراڈو میں ایک افغان نژاد شخص عطااللہ خان اوزئی درانی کا انتقال ہوا۔ درانی صاحب خاصے مالدار تھے اور تقریباً دس لاکھ ڈالر کا ترکہ چھوڑ گئے تھے۔

لیکن جب ان کی وصیت کھولی گئی تو وکلا کو ایک حیران کن بات معلوم ہوئی۔ مرحوم نے اپنی دولت کے نصف سے زیادہ حصے، یعنی پانچ لاکھ ڈالر سے زائد رقم، دو شاعروں کے کلام کے انگریزی تراجم اور ان کی زندگی اور عہد پر تحقیق کے لیے وقف کر دی تھی۔

یہ شاعر تھے میر تقی میر اور مرزا غالب۔

اس زمانے کے پانچ لاکھ ڈالر آج کے 54 لاکھ ڈالر بنتے ہیں (ڈیڑھ ارب روپے!) ظاہر ہے کہ رقم معمولی نہیں تھی۔ یہاں دو سوالوں کے جواب ضروری ہیں۔ ایک یہ کہ ایک افغان شخص اردو شاعروں پر اتنی رقم کیوں خرچنا چاہتا ہے اور دوسرا یہ کہ اس نے یہ دولت کمائی کیسے۔

دراصل درانی صاحب ایک ایسی ایجاد کے مالک تھے جسے امریکہ میں ’منٹ رائس‘ (Minute Rice) کے نام سے فروخت کیا جاتا تھا، یعنی ایسے چاول جو صرف ایک منٹ میں تیار ہو جاتے تھے۔
11 جولائی 1964 کو موقر امریکی رسالے ’نیویارکر‘ میں مائیکل جے آرلن نے اس عجیب وصیت پر تبصرہ کرتے ہوئے پہلے تو درانی صاحب کی فراخ دلی کو خوب سراہا۔ لیکن اسی تعریف کے دوران مدیر نے ایک دل چسپ فقرہ بھی لکھ دیا۔

’جناب درانی نے انیسویں صدی کے فارسی شعرا میرتقی میر اورغالب کے انگریزی ترجموں اور ان کی سوانح لکھنے کے لیے خاصی بڑی رقم چھوڑی ہے ۔۔۔ ہو سکتا ہے یہ خراب شعرا ہوں، لیکن ’منٹ رائس‘ کے موجد جناب درانی اگر ان کے اتنے مداح ہیں تو ہمیں اس بات پر اطمینان ہے۔‘
We take note here of the late Mr. Ozai-Durrani’s handsome bequest, and feel the richer for it—richer by anticipation of the poems of two nineteenth-century Persian poets, even though (there is no telling) they may be terrible poets

مفہوم یہ تھا کہ ممکن ہے میر و غالب بہت خراب شاعر ہوں، لیکن اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ اصل خوشی اس بات کی ہے کہ چاول بنانے کی ترکیب ایجاد کرنے والا ایک شخص ان سے اتنی محبت کرتا تھا۔

صاف ظاہر ہے کہ نیویارکر کے تبصرہ نگار کو میر و غالب کے مقام و مرتبے کا علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے اسے آنکنے کی زحمت گوارا کی۔

زحمت گوارا نہ کرنے کی ایک اور مثال یہ بھی ہے کہ فاضل تبصرہ نگار نے میر اور غالب دونوں کو 19ویں صدی کے فارسی کے شاعر قرار دیا گیا تھا۔

یہ بات بجا کہ غالب نے فارسی میں بھی بہت کچھ لکھا، اور میر کا بھی ایک دیوان فارسی میں موجود ہے، لیکن انہیں اردو کے شاعر نہ کہہ کر فارسی کے شاعر قرار دے دینا ایسا ہی ہے جیسے مولانا روم کو عربی شاعر کہہ دیا جائے محض اس لیے کہ انہوں نے اس زبان میں بھی لکھا تھا۔ دوسری بات یہ کہ غالب تو 19ویں صدی کے شاعر ضرور ہیں لیکن میر کی زندگی کا بڑا حصہ 18ویں صدی میں گزرا تھا۔

خیر، امریکی مدیر کی لاعلمی اپنی جگہ، لیکن اب ہمیں اس سوال کا جواب ڈھونڈنا ہے کہ افغانستان سے تعلق رکھنے والا ایک شخص امریکہ پہنچ کر چاولوں سے اتنی دولت کیسے کما گیا کہ مرنے کے بعد بھی اردو کے دو شاعروں پر لٹا سکے؟

اس کے لیے ہمیں 23 برس پیچھے یعنی 1941 میں جانا پڑے گا۔

عطااللہ درانی نے کچھ عرصہ ہندوستان کی علی گڑھ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی تھی، جہاں بظاہر ان کی اردو سے محبت اور میر و غالب سے عقیدت پروان چڑھی۔ بعد میں وہ امریکہ جا بسے تھے جہاں ان کی دلچسپی کھانے پینے کی چیزوں، خاص طور پر چاولوں کو جلد تیار کرنے کی نئی ترکیبیں دریافت کرنے میں پیدا ہوئی۔

یہ شوق محض باورچی خانے میں نت نئے تجربے کرنے تک محدود نہیں تھا۔ درانی صاحب نے باقاعدہ تحقیق شروع کر دی۔ نیویارک پبلک لائبریری میں چاولوں سے متعلق کتابیں اور تحقیقی مواد کھنگالا اور گھر میں تجربے کیے۔

سالہا سال کی محنت کے بعد 1939 تک وہ چاولوں کی تیاری کا ایک نیا فارمولا دریافت کر چکے تھے۔

اس فارمولے کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ چاولوں کو پہلے ایک خاص عمل سے گزار کر خشک کر لیا جاتا تھا، تاکہ بعد میں انہیں نہایت کم وقت میں کھانے کے قابل بنایا جا سکے۔

پھر 1941 میں ایک دن درانی صاحب ایک چھوٹا سا چولہا اور اپنی ایجاد کے نمونے لے کر امریکہ کی بڑی غذائی کمپنی جنرل فوڈز کے دفتر جا پہنچے۔

کمپنی کے ایک افسر کے سامنے انہوں نے چولہا جلایا، اپنی تیار کردہ چاولوں کی قسم نکالی اور تقریباً ایک منٹ میں چاول تیار کر کے دکھا دیے۔

اب ظاہر ہے کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں تھی۔ چاول تو دنیا بھر میں صدیوں سے پکائے جا رہے تھے، لیکن ان میں ایک منٹ والا معاملہ نیا تھا۔ دوسری طرف امریکہ نیا نیا مالدار ہوا تھا، وہاں ایک طرف تو گھر میں رکھے جانے والے نوکر نایاب ہونے لگے تھے، دوسری جانب خواتین کی بڑی تعداد نوکری کرنے لگی تھی اور وقت کی بچت بڑی کاروباری صنعت بن چکی تھی۔

یہ وہ دور تھا جب امریکی باورچی خانوں میں فریج، ٹوسٹر، بجلی کے چولہے، کافی بنانے کی مشینیں، الیکٹرک مکسر اور پریشر ککر بڑے پیمانے پر متعارف ہو کر کھانا پکانے کے وقت میں کمی کر رہے تھے۔ گویا امریکی باورچی خانے میں ہر نئی ایجاد کا مقصد ایک ہی تھا کہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام۔ ایسے ماحول میں ایک منٹ میں چاول تیار کرنے کی ترکیب کی تجارتی اہمیت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

جنرل فوڈز ایسے ہی بڑی کمپنی نہیں بنی تھی، اس نے فوراً ہی درانی صاحب کی ایجاد کا پوٹینشل بھانپ لیا، اور نہ صرف بھانپا بلکہ فارمولا ان سے خرید بھی لیا اور دھڑا دھڑ ’منٹ رائس‘ کے نام سے اسے بیچنے لگے۔ درانی صاحب کی تحقیق ڈالروں میں بدل گئی اور وہ راتوں رات دولت میں کھیلنے لگے۔

اس قصے کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ درانی صاحب نے پیسہ کمایا امریکہ کے لوگوں کا وقت بچا کر، لیکن اس دولت کا ایک بڑا حصہ خرچ کیا ان شاعروں پر جو دو سو برس پہلے ہندوستان میں بیٹھے وقت، زندگی، محبت، تقدیر اور انسان کی بےبسی کے بارے میں شعر کہا کرتے تھے۔

اب کیلنڈر کے صفحات تیزی سے آگے پلٹیے اور 1971 میں پہنچ جائیے۔

13 مارچ کے ’نیویارکر‘ میں معروف ہندوستانی نژاد ادیب وید مہتا کا ایک خط شائع ہوا۔ مہتا صاحب نے منیر نیازی کی سنت پر عمل کرتے ہوئے خاصی دیر کر دی تھی اور سات سال پہلے اسی اداریے کا جواب دیا تھا جس میں میر و غالب کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ممکن ہے وہ خراب شاعر ہوں۔

خیر سات برس کے اندر میر و غالب کی شاعری میں کوئی ایسا انقلاب تو نہیں آ گیا تھا جس سے اچانک ان کی عظمت ثابت ہو جاتی۔ وہ پہلے بھی وہی تھے، اب بھی وہی تھے۔ البتہ مہتا کو رسالے کی اس بات پر کچھ کہنا تھا۔

وید مہتا صاحب نے نیویارکر کے اداریے کے جواب میں لکھا کہ میر اور غالب ہرگز خراب شعرا نہیں تھے، بلکہ اردو جاننے والے جانتے ہیں کہ یہ دونوں انگریزی کے عظیم شعرا چاسر اور بائرن سے بھی دو ہاتھ آگے ہیں، ان کی عظمت کی دلیل یہ ہے کہ ان کا ترجمہ کسی اور زبان میں ہو ہی نہیں سکتا، بلکہ ایسی کوئی بھی کوشش ان شعرا کی توہین کے مترادف ہو گی۔

خیر، اب ہم دوبارہ درانی صاحب کی طرف چلتے ہیں۔ ان کو اردو سے واقعی محبت تھی اور بعض تاریخی حوالوں کے مطابق انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اپنے ایک دوست سید حسین کی یاد میں ایک پروفیسرشپ قائم کرنے اور غالب کے کلام کے تراجم کے لیے تقریباً ایک لاکھ روپے کی امداد کی پیشکش کی تھی۔ تاہم یہ منصوبہ عملی صورت اختیار نہ کر سکا اور انہوں نے اپنی رقم واپس لے لی۔

اس واقعے کی تمام تفصیلات قطعی طور پر واضح نہیں، لیکن اتنا ضرور معلوم ہوتا ہے کہ درانی صاحب کی اردو نوازی محض مرتے وقت کی ایک جذباتی خواہش نہیں تھی اور وہ اپنی زندگی میں بھی اس مقصد کے لیے کوشاں رہے تھے۔

ہارورڈ میں چاولوں کی خوشبو

اب اس کہانی کے سب سے اہم سوال کی طرف آتے ہیں کہ پانچ لاکھ ڈالر کی اس خطیر رقم کا کیا بنا؟

کیا درانی صاحب کے وکلا نے واقعی میر و غالب پر تحقیق کروائی؟ کیا تراجم ہوئے؟ کیا کتابیں شائع ہوئیں؟ یا پھر کسی یونیورسٹی نے رقم لے کر اپنے کھاتے میں جمع کر لی اور معاملہ وہیں ختم ہو گیا؟

دراصل درانی صاحب کی اس انوٹھی وصیت نے ان کے وکلا کو بھی اچھے خاصے مخمصے میں ڈال دیا تھا کیوں کہ ان بے چاروں نے کبھی میر یا غالب کا نام تک نہیں سنا تھا، اور وہ سمجھتے تھے کہ یہ دونوں فارسی کے شعرا ہیں۔ جب امریکہ میں قائم بھارتی قونصل خانے کے لائبریرین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خاصی سوچ بچار کے بعد نتیجہ نکالا یہ معاملہ پاکستان سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کی تحقیق کا نچوڑ یہ تھا کہ غالب کی شاعری عاشقانہ اور فلسفیانہ ہے جب کہ میر کی شاعری شیعہ مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔

جب نیویارک کی کولمبیا یونی ورسٹی کے مطالعہٴ ایران کے پروفیسر احسان یارشاطر سے اس معاملے پر روشنی ڈالنے کے لیے درخواست کی گئی تو انہوں نے بھی بھارتی لائبریرین کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ دونوں شاعر پاکستانی علاقے کے باشندے تھے۔ انہوں نے یہ اضافہ کرنا بھی ضروری سمجھا کہ ان کی شاعری کوئی خاص نہیں ہے۔

بالآخر یہ معاملہ ہارورڈ یونیورسٹی تک پہنچا۔ ہارورڈ زیادہ عقل مند ثابت ہوئی اور اس نے ترکے سے استفادہ کرنے کی ہامی بھر لی۔ جب پیسے ملے تو انہوں نے مشہور جرمن مستشرق این میری شمل سے رابطہ کیا۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکٹر شمل نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کا اردو کا علم محدود ہے۔ تاہم ہارورڈ ڈٹی رہی اور بالآخر شمل سے ہاں لے کر ہی چھوڑی۔ 1967 میں وہ ہارورڈ پہنچیں اور وہاں ہند اسلامی تہذیب کی تدریس شروع کی۔

لیکن بات صرف شمل کی تقرری پر ختم نہیں ہوئی۔ درانی صاحب کی وصیت سے حاصل ہونے والی رقم نے دو اہم کتابوں کی اشاعت میں بھی مدد دی۔ پہلی کتاب ’تھری مغل پوئٹس: میر، سودا، میر حسن‘ تھی، جو 1968 میں شائع ہوئی۔ اسے رالف رسل اور خورشید الاسلام نے مرتب کیا تھا۔

دوسری کتاب ’غالب: زندگی اور خطوط‘ تھی، جو 1969 (غالب کی سوویں برسی کے موقعے پر) میں منظرِ عام پر آئی۔ اس کے مصنفین بھی یہی دونوں حضرات تھے اور ان تصانیف کا شمار انگریزی زبان میں اردو کے کلاسیکی شعرا پر لکھی جانے والی اہم کتابوں میں ہوتا ہے۔

شمل نے بھی غالب کے فارسی اور اردو کلام پر تحقیق کی اور اس کے تراجم پیش کیے (حالانکہ وید مہتا صاحب نے لکھا تھا کہ ان کا کسی زبان میں ترجمہ ہو ہی نہیں سکتا)۔ ان کی تصنیف ’اے ڈانس آف سپارکس‘ میں غالب کی شاعری میں آگ اور شعلے کے استعاروں کا مطالعہ ملتا ہے۔

اور پھر کیا ہوا کہ 1941 میں جنرل فوڈز کے دفتر میں جلنے والے اس چھوٹے سے چولہے کی آنچ چھ دہائیوں بعد وائس آف امریکہ کے شعبۂ اردو میں میری میز تک بھی پہنچ گئی۔

ہوا یوں کہ 2006 میں جب میں نے وائس آف امریکہ میں کام شروع کیا تو شعبۂ اردو کے سربراہ ڈاکٹر برائن سلور تھے جنہوں نے مجھے بھرتی کیا تھا۔ سلور صاحب ہارورڈ یونیورسٹی میں این میری شمل کے کولیگ رہے تھے اور کبھی کبھی ڈاکٹر شمل کے قصے سناتے۔ بتاتے کہ لوگ طنزاً ڈاکٹر شمل کی چیئر کو ’منٹ رائس‘ چیئر کہتے تھے لیکن ڈاکٹر صاحبہ برا منانے کی بجائے اس سے لطف لیتی تھیں۔ ڈاکٹر سلور نے بتایا کہ وہ آنکھیں بند کر کے لیکچر دیا کرتی تھیں۔ گھنٹے بھر کا لیکچر ہوتا، ڈاکٹر صاحبہ گھڑی دیکھتیں، آنکھیں بند کرتیں اور بولنا شروع ہو جاتیں۔ جونہی گھنٹہ پورا ہوتا، آنکھیں کھل جاتیں اور لیکچر پورا ہو جاتا۔

غالب کی سوانح سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں چاولوں سے کوئی خاص رغبت نہ تھی۔ حالی کی گواہی کے مطابق ان کے دسترخوان پر گوشت کا قورمہ، کباب اور پھلکے ہوتے، وہ بیماری میں بھی کھچڑی کو منھ نہ لگاتے تھے۔ لیکن قسمت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ جس چاول کو غالب نے درخورِ اعتنا نہ سمجھا، وہی وفات کے ٹھیک سو برس بعد ان کے کام آیا، اور وہ بھی ایک افغان کے ہاتھوں۔ گویا ’رنگ لاوے گی ہماری فاقہ مستی ایک دن‘ والی پیش گوئی پوری تو ہوئی، مگر چاولوں کی دیگچی میں پک کر۔

اپنا تبصرہ لکھیں