ہمارے لیے موسمیاتی تبدیلی سیلاب، گرمی کی شدید لہر، خشک سالی، جنگلات کی آگ، غیر معمولی بارش یا درجہ حرارت کا اعدادوشمار ہے ۔ لیکن موسمیاتی تبدیلی اب محض ماحولیات کا موضوع نہیں رہی۔ یہ ہماری معیشت، صحت، خوراک، پانی، زراعت اور بالآخر انسانی زندگی کےبقا اور مستقبل کا سوال بن چکی ہے۔ مگر اس مسئلے کا ایک پہلو ایسا بھی ہے جو آج تک سب سے کم زیرِ بحث رہا ہے۔ اور وہ ہےکہ آج کے ہمارے فیصلوں، ہماری پالیسیوں اور طرز زندگی کا سب سے بڑا بوجھ مستقبل میں ان لوگوں کو اٹھانا ہوگا جو ابھی اس دنیا میں آئے بھی نہیں۔ یعنی ہماری آنے والی نسلیں۔
ہم اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے حصے کے وسائل بلا دریغ اور بغیر منصوبہ بندی کے آج استعمال کر رہے ہیں۔ پانی کے ذخائر، زرخیز زمین، جنگلات، صاف ہوا، حیاتیاتی تنوع اور ایک متوازن ماحولیاتی نظام۔ یہ سب نہ لامحدود ہیں اور نہ ہی ان ذخائر کی پیداوار پھر سے ممکن ہے۔ اگر موجودہ نسل ترقی اور خوشحالی کے نام پر ان وسائل کو مسلسل استعمال کرتی رہی تو وہ وقت دور نہیں جب ہمارے لیے سوال یہ نہیں ہوگا کہ ہمارے بچے کس معیارِ زندگی کے ساتھ بڑے ہوں گے، بلکہ سوال یہ ہوگا کہ کیا ان کے پاس وہ وسائل باقی بھی ہوں گے جو ہمیں ورثے میں ملے تھے؟ یا بھر وہ آج کے لوگوں کو میسر بہت سی نعمتوں کا ذکر بس کتابوں میں پڑھیں گے۔
یہی وہ نکتہ ہے جسے ماحولیاتی مطالعات میں بین النسلی انصاف (Intergenerational Equity) کہا جاتا ہے۔ ماحولیاتی قانون کی معروف اسکالر ایڈتھ براؤن وائس نے اس تصور کو ’’Planetary Trust‘‘ کے ذریعے واضح کیا کہ موجودہ نسل زمین کی مالک مطلق نہیں بلکہ ایک طرح سے اس کی امین ہے؛ اسے قدرتی وسائل اس حالت سے بہتر حالت میں اگلی نسل کو منتقل کرنے چاہییں جس میں اسے یہ وسائل ملے تھے۔
یہ خیال کوئی نیا نہیں۔ 1987ء کی برنٹ لینڈ کمیشن کی رپورٹ Our Common Future نے پائیدار ترقی کو اس اصول سے جوڑا کہ موجودہ نسل کی ضروریات پوری کرتے ہوئے مستقبل کی نسلوں کو
ضروریات پوری کرنے کی زمینی صلاحیت متاثر نہ ہو۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہی تصور آج پائیدار ترقی کی بنیادہے۔
لیکن ہمارا اجتماعی رویہ اس تصور سے بہت الٹ دکھائی دیتا ہے۔ ہم عموماً پانچ یا دس سال آگے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں؛ اگلی نسل کے پچاس سال بعد کے مسائل ہماری ترجیحات میں بہت پیچھے چلے جاتے ہیں۔ شاید اس کی وجہ انسانی ذہن کی وہ نفسیات ہے جس میں فوری فائدہ مستقبل کے نقصان پر غالب آجاتا ہے۔ آج ایک درخت کاٹ کر ملنے والی زمین ہمیں نظر آتی ہے، مگر تیس سال بعد اسی درخت کے نہ ہونے سے پیدا ہونے والی گرمی، پانی کی کمی اور ماحولیاتی نقصان ہماری آنکھوں کے سامنے نہیں ہوتا۔
موسمیاتی تبدیلی کو صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں سمجھا جاسکتا ہے۔ ریاست پالیسی بناتی ہے، قوانین نافذ کرتی ہے اور بڑے ماحولیاتی فیصلے کرتی ہے، لیکن معاشرہ روزمرہ کے لاکھوں چھوٹے چھوٹے فیصلوں کے ذریعے ماحول تشکیل دیتا ہے۔ پانی کا بے دریغ استعمال، غیر ضروری بجلی کا استعمال، پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگانا، درختوں کی کٹائی، شجرکاری سے لاتعلقی اور ایندھن کی ضرورت سے زیادہ کھپت۔ یہ سب بظاہر معمولی رویے ہیں، لیکن اجتماعی سطح پر ان کے اثرات غیر معمولی ہیں۔
یونیسف کی 2026ء کی Children’s Climate Risk Report اس مسئلے کو اجاگر کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے تقریباً 1.1 ارب بچے کم از کم تین موسمیاتی خطرات سے دوچار ہیں، جن میں شدید گرمی، خشک سالی، سیلاب اور دیگر خطرات شامل ہیں۔ یہ خطرات صرف ماحول کو نہیں بلکہ بچوں کی صحت، تعلیم اور بقا کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
یہ اعدادوشمار ہمیں ایک بنیادی سوال کی طرف لے جاتے ہیں: ہم اپنے بچوں کے لیے کس قسم کی دنیا چھوڑ رہے ہیں؟ اگر ایک بچہ ایسے شہر میں بڑا ہو جہاں صاف ہوا ایک ناپید ہو، پانی مسلسل کم ہوتا جائے، شدید گرمی معمول بن جائے، خوراک کی پیداوار موسمیاتی بحران سے متاثر ہو اور قدرتی آفات زندگی کے لیے مستقل خطرہ بن جائیں۔ تو کیاہم یہ دعوٰی کر سکیں گے کہ ہم نے اس کے لیے ایک بہتر دنیا بہتر معیشت کے ساتھ چھوڑی ہے؟
ترقی کا تصور بھی شاید ہمیں دوبارہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سڑکیں، بلند عمارتیں، صنعتی پیداوار اور معاشی نمو یقیناً ضروری ہیں، مگر ایسی ترقی جو پانی، زمین، جنگلات اور ہوا کو ختم کرکے حاصل ہو، آنے والی نسلوں کے لیے ترقی کا تحفہ نہیں بلکہ ایک قرض ہےاور قرض بھی ایسا جس کی قیمت ہم نہیں بلکہ ہمارے بچے ادا کریں گے۔
اقوام متحدہ نے 2024ء میں Declaration on Future Generations کے ذریعے بھی اس تصور کو عالمی سطح پر نمایاں کیا کہ مستقبل کی نسلیں ابھی وجود میں نہیں آئیں مگروہ یہی زمین ہم سے ورثے میں حاصل کریں گی۔ جسے کے ماحولیاتی توازن کو ہم بری طرح بگاڑ چکے ہیں- زندہ دلان لاہور کو کسی اور کی نہیں ہماری اپنی کوتاہیوں کی نظر لگی ہے۔ سموگ نے جس طرح یہاں زندگی کو متاثر کیا ہے اسکی نظیر ملنا مشکل ہے۔
لہٰذا موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد کو صرف عالمی کانفرنسوں، حکومتی پالیسیوں اور بڑے منصوبوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اصل تبدیلی اس وقت آئے گی جب ماحولیاتی ذمہ داری ایک سماجی قدر بنے گی۔ والدین اپنے بچوں کو صرف یہ نہ سکھائیں کہ کامیاب کیسے ہونا ہے، بلکہ یہ بھی سکھائیں کہ زمین کے ساتھ ذمہ داری سے کیسے رہنا ہے۔ تعلیمی ادارے صرف موسمیاتی تبدیلی پر لیکچر نہ دیں بلکہ طلبہ میں پانی، توانائی، خوراک اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی عادت پیدا کریں۔ کاروباری ادارے صرف منافع کا حساب نہ رکھیں بلکہ اپنے ماحولیاتی اثرات کا بھی حساب کریں۔
کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ آنے والی نسلیں ہم سے یہ نہیں پوچھ سکیں گی کہ انکے پاس وسائل کم کیوں ہیں ۔ مگر وہ شاید یہ ضرور سوچیں گی کہ جب ہمارے آباو اجداد کو معلوم تھا کہ وسائل محدود ہیں تو انہیں استعمال کرنے میں احتیاط کیوں نہیں برتی گئی؟
موسمیاتی تبدیلی دراصل مستقبل کے ساتھ ہمارا خاموش معاہدہ ہے۔ ہم اگر آج درخت لگاتے ہیں، پانی بچاتے ہیں، آلودگی کم کرتے ہیں اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی اختیار کرتے ہیں، یہ سب آنے والی نسلوں کے لیے زندگی کا پیغام اور بقا کا زینہ ہوگا ۔
اور شاید تاریخ کا سب سے بڑا امتحان یہی ہے کہ جب ہمارے بعد آنے والے لوگ اس پیغام کو پڑھیں یا اس زینہ پر آگے بڑھیں تو انہیں یہ احساس ہو کہ انکے آبا نے زمین انہیں صرف وراثت میں نہیں دی تھی، بلکہ اسے ان کے لیے محفوظ بھی رکھا تھا۔


