فنا اور بقا / حبیب شیخ

پت جھڑ!
نارنجی، پیلے، لال پتے —
زمین پر ایک متحرک قوسِ قزح۔

پھر ایک دن تیز ہوا آئی
اور یہ رنگ بکھر گئے ہر سو۔

دھوپ، پانی، کیڑے مکوڑے —
سب انہیں گلانے میں لگ گئے۔

آہستہ آہستہ، ایک لمبے عرصے بعد،
یہ خوبصورت شاہکار مٹی بن گئے۔

کیا وہ فنا ہو گئے؟

وہی مٹی اب نئے پودوں کو زندگی دیتی ہے،
پرانے پودوں کو نشو و نما بخشتی ہے،
پھولوں کو خوشبو، رنگ اور شکل،
پھلوں کو ذائقہ، درختوں کو چھاؤں۔

اور اسی مٹی سے
بادِ نسیم میں جھومتے گلستان،
صحراؤں میں اوجھل نخلستان —

تتلیاں، شہد کی مکھیاں،
درخت — اور ان پر پرندوں کے گھونسلے —
سب زندہ ہیں۔

فنا اور بقا کا
لامتناہی سلسلہ۔

اپنا تبصرہ لکھیں