مادری زبان اور غیر مادری زبان کا مسئلہ/قاسم یعقوب

زیف سید صاحب ہمارے چند پڑھے لکھے اور صاحبِ مطالعہ ادیبوں میں شامل ہیں۔ وہ باکمال کہانی کار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خوبی یہ بھی رکھتے ہیں کہ ان کو متعدد لسانی اور تنقیدی موضوعات پر دسترس حاصل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اخلاص سے لکھتے اور مکالمہ کرتے ہیں۔ مجھے ان کا اندازِ تحریر بہیت پسند ہے ۔ انھوں نے صحافت کے میدان سے علمی نثر کا ایک منفرد اسلوب متعارف کروایا ہے۔ اسی لیے وہ بھاری بھاری تنقیدی مضامین اور مباحث بہت آسانی سے کر جاتے ہیں۔ حال ہی میں ان کا ایک مضمون غیر مادری زبان‘‘ رسالہ’’راوی۔2026‘‘ میں(جس کے مدیر انس رحمن ہیں) شائع ہوا۔یہ ایک دلچسپ مضمون ہے اور مباحث کے کئی در کھولتا ہے۔
ان سے اختلاف تو نہیں، ان کی گفتگو پر اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتا ہوں(اگرچہ کچھ ادیب اپنے مضامین پر رائے دینے کو بھی بُرا مانتے ہیں ۔ شاید اس سے ان کی علمی بڑائی کو چیلنج محسوس ہوتا ہے ، البتہ زیف ان لکھاریوں میں شامل نہیں)
زیف سید نے اپنی گفتگو ‘‘غیر مادری زبان‘‘ میں جس اہم نکتے پر زیادہ فوکس کیا ہے وہ یہ ہے کہ اردو زبان یوپی والوں کی مادری زبان تھی جب کہ پنجاب والوں نے اس زبان کو اختیار کیایعنی اس خطے کی دوسری زبان بنی۔ چوں کہ یہ اکتسابی نہیں تھی بلکہ سیکھنے کے عمل کے بعد مہارت بنی اس لیے پنجابیوں کی زبان کبھی بھی یوپی کی زبان کے محاورے یا روزمرے کی طرح ’’چٹخارہ زبان‘‘ نہیں بن سکی۔اس کے دلائل میں انھوں نے انتظار حسین اور اشرف صبوحی کی مثالیں بھی دیں۔
اصل میں یوپی یااس سے وابستہ دیگر علاقے صدیوں سے مرکزی اردو کے مستقل علاقے نہیں رہے تھے۔ یہ تو مغلیہ زوال(اورنگ زیب کی وفات ) کے بعد فارسی کی جگہ لینے اس خطے میں اردو آگے بڑھی۔ اس کی بڑی مثال میر کی ہے۔یہی زمانہ ’’میریات‘‘ کا زمانہ ہے۔ میر نے فارسی کے ساتھ اردو کی توڑ پھوڑ کی، ادبی زبان بنایا اور اور جامعہ مسجد کی سیڑھیوں پر بولی جانی والی زبان کو وقار عطا کیا۔ اردو کی فارمیشن کے حوالے سے ہم پڑھتے آئے ہیں کہ یہ مقامی بھاشائوں سے گزر کے یہاں تک پہنچی تو کیا وہ تمام بھاشائیں ختم ہو گئی تھیں ؟ ظاہری بات ہے وہ آج تک موجود ہیں۔یہی اس خطے کی مقامی (مادری) زبانیں ہیں۔ہریانوی، بھوجپوری اور میتھلی آج بھی اس خطے میں کثرت سے بولی جاتی ہیں۔ اردو تو دکن سے آئی یا دکن میں بھی اردو کا ایک بڑا دور گزرا۔قطب شاہی دیوان کے بعدولی دکنی کے کلیات تک کتنے ہی عالی شان زبان لکھنے والے دکن کے ادیب تھے۔ آج بھی دکن یعنی ساوتھ بھارت میں اردو ایک مضبوط حوالہ ہے، معیاری لکھنے والے ممتاز شیریں جیسے لوگ یہیں سے تھے۔ مگر وہاں تو ملیالم،تلگو، تمل ،کنڑا ۔۔ یا جنوب مغرب کی طرف مراٹھی زبانیں ہی مادری زبانیں ہیں اس طرح وہاں کی دوسری زبان اردو ہے۔ شمال میں بھی درجنوں زبانیں ہمیشہ سے مادری زبان کے طور پر موجود رہی ہیں۔ اردو کے ساتھ ہر فرد مقامی زبان بھی بول لیتا ہے۔ یہ الزام جو پنجابیوں پر لگایا جاتا ہے کہ وہ اردو کیوں بولتے ہیں ان کی مقامی زبان تو پنجابی ہے ، غیر لسانی سوال ہے۔ اصل میں مقامی زبانیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔ کیا فرانسیسی ، اٹلی، عربی، سپینش ، فارسی یا روسی زبانیں بولنے والے مقامی زبانوں سے نابلد ہیں یا کیا وہاں مقامی یا مادری زبانیں نہیں ہیں؟ فرانس میں اوکیتان، بریٹن، باسک، کورسیکن، الساسی اور کیٹالان۔عرب دنیا میں مختلف علاقائی بولیاں، امازیغ/بربر، کردی اور نوبین؛ ایران میں آذربایجانی ترکی، کردی، گیلکی، مازندرانی، بلوچی، عربی اور لُری۔ترکی میں کردی، زازاکی، عربی، لاز اور جارجین۔جبکہ روس میں تاتاری، چیچن، انگش( Ingush)، باشکیر، چواش، داغستانی اور سائبیریائی زبانیں مقامی مادری زبانوں کے طور پر بولی جاتی ہیں۔(https://www.ethnologue.com/ پر یہ معلومات نقشوں کے ساتھ موجود ہے۔ ذرا تفصیل دیکھیں)
یہ مادری زبان ہوتی کیا ہے؟آئیے اس پہ تھوڑا سا غور کر لیں۔زیف نے خود لکھا ہے اور بہت واضح کہا ہے:
’’گیارہ بارہ برس کی عمر تک بچہ زبان سیکھتا نہیں، بلکہ اس کا اکتساب کرتا ہے۔ یہ ایک جبلی، خودکار اور لاشعوری عمل ہے جس میں ذہن ارد گرد کے ماحول سے زبان کی ساخت، صرف و نحو، محاورے، روزمرہ اور لہجے کو خود بخود سپنج کی طرح جذب کرتا جاتا ہے۔‘‘ یہی وہ مسئلہ ہے جس پر ہم بھٹک جاتے ہیں۔ اگر ہم اسی تعریف کو کسوٹی بنا لیں تو مسئلے کا حل مل جائے۔ مادری زبان میں ’’ماں‘‘ نے سارا کام خراب کیا ہے۔ مادری زبان کا مطلب ماں کی زبان نہیں ۔ لسانیات میں مادری زبان کی اصطلاحی تعریف میں لفظ ماںکا مطلب صرف حیاتیاتی ماں نہیں ہوتا، بلکہ اس سے مراد گھر اور خاندان کی زبان یا وہ ماحول ہوتا ہے جس میں بچہ آنکھ کھولتا ہے اور پرورش پاتا ہے۔اگر ہم اسے ’’ماحول‘‘ کہہ لیں تو زیادہ وضاحت ہوگی۔ بچہ جب آنکھ کھولتا ہے تو اس کو ماحول زبان سکھاتا ہے دوسرے لفظوں میں وہ اکتساب کرتا ہے۔ انجذاب کرتا ہے۔ ماحول کے اندر کیا کیا ہو سکتا ہے؟ ماحول میں کیا کیا چیزیں شامل ہیں ؟
گھر یعنی ماں بہنیں بھائی والد، رشتے دار سے روزانہ کی بنیاد پر ایک زبان میں مکالمہ
گلی محلے کے افراد،یا سماجی سطح پرافراد سے مکالمہ
سکول کالج، اخبارات، ٹی وی، کتابیں ، نصابات، پروگرام ، تقاریب، علمی میل ملاقاتوں میں روزانہ کی بنیاد پر مکالمہ یا اکتساب
جب ہم روزانہ ایک ہی زبان بار بار سنتے ہیں، تو ہمارا دماغ بغیر کسی محنت کے اس کی آوازوں اور لفظوں کے جوڑ توڑ کو خود بخود یاد کر لیتا ہے۔ انسان کا دماغ بالکل ایک سپنج کی طرح کام کرتا ہے جو ارد گرد سے تمام الفاظ اور بولنے کے انداز کو اندر جذب کر لیتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ چیزیں ہماری یادداشت کا پکا حصہ بن جاتی ہیں اور ہمیں بولتے ہوئے گرامر یا اصولوں کے بارے میں سوچنا نہیں پڑتا۔ اس طرح زیف کے بقول زبان سیکھنا سائیکل چلانے ، پہاڑے یاد کرنےکی طرح یاد کرنے کا کام نہیں رہتا، بلکہ بغیر سوچے سمجھے بولنے کی ایک قدرتی عادت بن جاتا ہے۔زیف نے خود لکھا ہے ’’انگریزی میں نباکوف بڑا اسٹائلسٹ مانا جاتا ہے، کونریڈ نے عمدہ ناول لکھے، سلمان رشدی کی انگریزی نثر کمال کی ہے۔ لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دوسری زبانیں بولنے والوں نے انگریزی پر اس طرح سے دو تہائی اکثریت‘ حاصل کرلی ہو، جیسے پنجابی بولنے والوں نے اردو کی قومی اسمبلی میں حاصل کی ہے۔‘‘ یعنی یہ کوئی حیاتیاتی عمل نہیں کہ اگر کوئی ٹانگیں نہیں رکھتا تو اس کی اب ٹانگیں نہیں لگائی جا سکتیں۔ زبان ماحول سے مادری زبان ہی کی طرح سیکھی جا سکتی ہے۔ تارکیں وطن کی مثال بھی سامنے کی ہے۔ وہ اسی طرح انگریزی بولتے ہیں جس طرح برٹش انگریزی بولتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ ماحول سے اکتساب کی سطح معیاری ہو۔
ہر زمانے میں ماحول کی کئی شکلیں ہو سکتی ہیں۔ بچہ اس ’’ماحول‘‘ سے کیا سیکھتا ہے؟ قواعد،لغت(ذخیرہ الفاظ) تلفظ، محاورے؍ روزمرہ اور لپجہ۔ یہ پانچ چیزیں بچے کو اکتسابی سطح یا لاشعوری طور پر ارد گرد سے ملتی ہیں۔ میرے ماحول میں یہ پانچ چیزیں جس قدر مجھ پر اثر انداز ہو رہی ہوں گی، زبان اُسی قدر ’’مادری زبان‘‘ بنتی جائے گی۔ پنجاب ہی میں دیکھ لیں شہروں میں اردو زبان کا ’’ماحول ‘‘ بہت زیادہ ہے لہٰذا یہ پنجابی کے ساتھ مادری زبان بن جاتی ہے جب کہ پنجاب کے دیہات میں اردو کا یہ ’’ماحول‘‘ کم ہے اس لیے وہاں اس زبان کا عمل مادری نہیں۔ لہٰذا یہ منحصر ہے ایک بچے کو ملنے والے ماحول پر۔ اگر ایک بچہ ابتدائی عمر میں اپنے ماحول میں ایک زبان کو دن رات سن رہا ہے۔ پڑھ رہا ہے یا اُس سے اکتساب کر رہا ہے تو وہ اس کی مادری زبان بن جائے گی۔ ورنہ اسے سیکھنا پڑے گا یا اُس کو اپنانا پڑے گا۔خود زیف سید کی مادری زبان پشتو ہے مگروہ اُردو زبان اُن جیسی یا ان سے بہتر جانتے ہیں جو اہل زبان کہلاتےہیں۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ان کے ابتدائی ماحول میں زبان نے اس قدرعمل دخل دیا ہے کہ ان کے ماحول میں یہ ایک مادری زبان بن گئی۔( ویسے دوسری (سیکنڈ) زبان کو مادری زبان ہی کی طرح ابتدائی عمر کے بعد بھی سیکھا جا سکتا ہے مگر اس کے لیے اذہان(اور ماحول) کا غیر معمولی ہونا ضرروی ہے)
ہم علمی سطح پر کبھی بھی، لغت یا کارپس، تلفظ، لہجہ، محاورے؍روزمرہ یا قواعد کو اس طرح نہیں سیکھ سکتے جس طرح ہم ماحول سے سیکھتے ، اکتساب کرتے ہیں۔ لغت یا کارپس ہمیں اسالیب کے انتخاب میں مدد دیتا ہے یعنی کون سی بات کس موقع پر کیسی کہنی ہے ، یہ ہمیں کارپس کا وسیع ذخیرہ بتائے گا کہ کس اظہار میں زیادہ طاقت ہے۔ محاورہ یا روزمرہ صرف ماحول دیتا ہے۔ اگر میرے ارد گرد ہر وقت ایک زبان مختلف شیڈز کے ساتھ بولی جا رہپی ہے تو میں محاورے اور روزمرہ پر دسترس حاصل کر سکتا ہوں۔زبان میں اظہار کے مختلف لہجے بھی مجھے ماحول سکھاتا ہے۔ مختلف علاقے مختلف لہجوں کے ساتھ زبان میں ادائیگیاں کرتے ہیں۔ ہر ماحول الگ لہجہ رکھتا ہے۔بچہ جس ماحول میں ہوگا وہی الفاظ یا جملوں کی درو بست سیکھے گا۔ یہی وجہ ہے کہ لائل پور کی پنجابی، سیالکوٹی پنجابی سے ذرا مختلف لہجہ رکھتی ہے۔ اسی طرح کراچی کی اردو اور ملتان کی اردو میں فرق ہے۔ تلفظ یا تذکیر و تانیث کےقواعد بھی زبان کے ماحول سے ملتے ہیں۔ اردو زبان پنجاب کے ماحول کی زبان ہے لہٰذا اس خطے کی مائیں اردو نہ بھی بولتی ہوں، یہ اس خطے کی زبان ہے۔ مقامی زبانیں بھی موجود رہیں مگر اردو یا ہندی نے ماحول پر بھی دسترس رکھی اور یہاں کے ہر طرح کے ماحول میں بھی اپنا تسلط قائم کئے رکھا۔ اس لیے یہ اس خطے کی مادری زبان ہی ہے۔ دفاتر میں، اخبارات میں، ٹی وی ریڈیو پر،رکشے ٹیکسی والا، دکان دار، استاد،کلاس، وکیل، عدالت ہر جگہ ہر طرح اردو زبان نہ صرف بولی جا رہی ہوتی ہے بلکہ ماحول کی اظہاری تشفی کا بھی باعث ہے۔
زیف سید نے آخر پر زبان کی ’’عظمت ‘‘کی جو مثالیں دی ہیں وہ اصل میں دلی یا لکھنو کا مقامی محاورہ یا روزمرہ ہے(یا تھا)۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ ہزراوں میل کے فاصلے پر بھی ایک ہی طرح کا لہجہ، محاورہ؍ روزمرہ، لسانی کارپس، یا تلفظ ایک جیسا رہے۔ اور پھر وہ معیاری بھی مانا جاتا رہے؟ اگرچہ یہ الگ لسانی بحث شروع ہو جائے گی کہ مختلف خطوں میں قواعد کے علاوہ زبان کبھی ایک جیسی نہیں ہوتی۔ اس کا لسانی ٹیکسچر بدلتا رہتا ہے۔ انھوں نے خود انگریزی کی مثال میں یہ بات کہی ہے۔ اصل میں اردو کے ضمن میں یہ ایک مسئلہ ہمیشہ سے رہا ہے کہ اردو کو’’ ٹکسالی لہجہ‘‘ یا معیار محض لکھنو یا دہلی کی زبان کو قرار دیا جاتا رہا ہے۔(آج دلی اور لکھنو والے بے چارے خود اس کو محض یادہی کرتے ہیں ) اس کی ایک بڑی وجہ ہم اوپر ذکر کر آئے ہیں کہ مغلیہ زوال کے بعد فارسی کو اردو یا ہندی نے رپلیس کیا جس کی وجہ سے اردو زبان نے اس خطے کی اشرافیائی ضرورتوں کو پورا کیا۔ اشرافیہ جب کسی زبان کو اپناتی ہے تو وہ ایک معیار بھی دیتی ہے جیسے برصغیر میں فارسی کا معیار ہمیشہ وہی تسلیم کیا جاتا رہا جو فارس والے بولتے تھے ، جب سبک ہندی والوں نے اس تسلط کو توڑا تو لوگوں کو ہوش آیا مگر مانا پھر بھی نہیں۔ یہی حال آج تک اردو والوں کے ساتھ ہے وہ آج بھی اردو کے کلاسیکل لہجہ یا معیار دلی یا لکھنو کو کہتے ہیں اور وہاں اردو زبان کو’ اون‘ کرنے والے بھی اب کم رہ گئے ہیں۔ اصل میں بیسویں صدی میں اردو کی درو بست پنجاب میں سنواری جا رہی تھی۔ دلی لکھنو والےبہت تیزی سے اردو سے ہندی کی طرف جا رہے تھے یعنی سنسکرت مائل اردو ۔ اردو کا اصل مرکز پنجاب بن چکا تھا۔ زیف سید جس پر حیران ہیں اور ان کو داد دے رہے ہیں کہ پنجابی ادیبوں نے اردو سیکھی اور دوسری زبان میں مہارت حاصل کی اور کمال کی اردو پیش کی، اصل میں یہ لکھنئو اور دلی کو مرکز سمجھنے کا غلط نتیجہ ہے۔ لکھنو کی اردو اُس وقت کی مقامی اردو تھی جو واقعی اسی خطے میں دیگر مقامی زبانون کے ساتھ بولی ،سمجھی یا لکھی جا رہی تھی مگر بیسیوں صدی میں یہ مرکز کی طرف اشارہ کرتی کمپاس ایک ہی جگہ رکنے پر قانع نہ ہوئی ا اور پنجاب کی طرف رُخ کرنے لگی۔ ہم دیکھتے ہیں کہ بیسویں صدی میں پنجابیوں نے جس طرح اس زبان میں مہارت دکھائی اس کی مثال نہیں ملتی۔
اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ دوسری زبان نہیں بلکہ یہاں مادری زبان کی طرح ماحو ل کا حصہ بن چکی تھی۔ ہر طرف اردو تھی۔(کیا حاشیہ پر رہنے والے ،کیا مرکز والے)دفتری، علمی ، کتابی، اکتسابی زبان اردو بن چکی تھی۔ یہ مادری زبان اورپہلی ؍دوسری زبان کا جھگڑا وہاں ہوتا ہے جہاں ایک زبان صرف علمی یا کتابی سطح پر موجود ہو ، جیسے پنجاب میں پشتو، سندھ میں پنجابی اورسکردو میں بلتی کی بجائے بلوچی۔ یہ زبانیں ایک ہی خطے میں رہنے کے باوجود ماحول کا حصہ نہیں۔ اس لیے یہ مادری زبانیں نہیں بن سکتیں۔

اردو زبان پاکستان میں کثرت سے بولی جانی والی ماحول کی زبان ہے مادری زبان ہے۔ جس طرح فرانس میں فرانسیسی، اٹلی میں اٹیلئن، رشیا میں روسی اور مصر میں عربی بطور مادری زبان۔حالاں کہ ان خطوں میں درجنوں مقامی مادری زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں