ملتان انٹرنیشنل بک فیئر/ سعد مکی شاہ

تین دن۔۔۔ گویا میں ڈیوٹی پر تھا۔۔۔
صبح دس سے رات 9 بجے تک۔۔۔

خود گیا، فیملی کو لے گیا، دوستوں کو بلایا، ملاقاتیں کیں، ادبی ستاروں سے ملا۔ اپنی کتاب “مشاہدات ایران” سات نامور بُک اسٹالز پر رکھوا دی تھیں۔ بہت سی ایکٹیویٹیز میں حصہ لیا۔ بچوں کو گیم کھلا کر تین قیمتی ڈائریاں اور ایک کی چین جتوایا۔ بیٹیوں نے دو دنوں میں تقریباً 7/8 ہزار کی کتابیں خریدیں۔

پچاس کتابوں میں سے تین دن میں 11 کتابیں فروخت ہوئیں۔ 7 کتب کا میں نے مصنفین سے تبادلہ کتب کیا۔ دو کتب بصد استحقاق دوستوں کو گفٹ کیں کہ ان سے دھانسو قسم کا تبصرہ کتب، پروموشن درکار ہے۔

جناب شاکر حسین شاکر، جناب قمر رضا شہزاد، جناب قیصر عباس صابر اور ملتان لٹریری فیسٹیول کے روح رواں علی نقوی سے تو تین بار ملاقات ہوئی۔

گزشتہ کل گھنٹہ ڈیڑھ شاکر حسین شاکر صاحب کی معیت میں رہا۔ آپ نے سنا ہوگا کہ پارس پتھر جس چیز سے چھو جائے اسے سونا بنا دیتا ہے۔ یقین کیجیے آج دسیوں افراد نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آج شاکر حسین شاکر صاحب تشریف لائیں گے؟

یقین کیجیے کہ اب راجہ بھوج کی مصروفیات کی بابت گنگو تیلی کیا ہی جان سکتا ہے، مگر گنگو تیلی کی عزت بن گئی کہ شاکر حسین شاکر صاحب کی معیت میں چند لمحات ہی بتائے تھے۔

خانیوال سے حسن مختار، بیک وقت پولیس والا اور کتابوں والا، نے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ شرکت کی، کتابیں خریدیں، انٹرویوز لیے۔ اس کی معیت میں تین چار گھنٹے گھومے۔ تین چار انٹرویوز میں نے کنڈکٹ کروائے۔

خیر۔۔۔ بات کرتے ہیں ملتان بک فیئر کی۔۔۔

معقول ایڈورٹائزنگ نہیں کی گئی۔ ایڈریس بھی معقول انداز سے نہیں لکھا گیا تھا۔ درست ایڈریس:

آئی آر پریمیئر ایونٹ کمپلیکس، نزد بہادر پور میٹرو اسٹیشن، بوسن روڈ، ملتان

بنتا تھا۔ یہ ایک طرح سے غیر سنجیدگی کا مظہر ہے کہ فقط آئی آر پریمیئر ایونٹ کمپلیکس، بوسن روڈ لکھا گیا۔ لوگ پوچھتے رہ گئے کہ بوسن روڈ کس جگہ؟

انتظامیہ کمنٹس میں فرماتی رہی کہ گوگل کر لیں۔

دوسرا عوامی اعتراض یہ بھی آ رہا ہے کہ بک فیئر وینیو شہر سے بہت دور باہر کی طرف ہوتا ہے۔ شہر سے نزدیک، یعنی چونگی نمبر 9 کے اطراف میں ہونا چاہیے۔ بہت ہی سارے احباب بک فیئر پروگرام کے انعقاد سے ہی علمی کا شکوہ کر رہے ہیں اور میری نظر میں ان کا یہ شکوہ بجا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹیم ورک ہونا چاہیے تھا جو مسلسل سوشل میڈیا پر اس کی ایڈورٹائزنگ بھرپور طریقے سے انجام دیتا۔ شہر بھر میں پمفلٹ تقسیم کیے جاتے، بالخصوص ملتان کے تمام تعلیمی اداروں، انسٹی ٹیوٹس میں۔ اچھا، یہ فقط میری رائے نہیں ہے، اسٹالز والوں کے انٹرویوز، گفت و شنید اور سوشل میڈیا پر عوامی آراء و تبصروں سے اخذ شدہ نتیجہ ہے۔

آج انتظامیہ سے مل کر اس بات کی نشاندہی کی کہ جناب، ایڈریس اور پبلسٹی خوب نہیں تھی۔ آپ سے زیادہ تو میں نے درست ایڈریس کے ساتھ دسیوں ترغیبی پوسٹس، بیسیوں گروپس میں شیئر کیں، ہزاروں ویوز لیے۔ فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور کئی واٹس ایپ گروپس میں بھی یہ پوسٹس شیئر کیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ واقعی کمی رہ گئی تھی۔

کتنی کتابیں فروخت ہوئیں؟

آج شام سات بجے سے میں فرداً فرداً 60 بک اسٹالز پر گیا، ان سے اعداد و شمار لیے۔

سب سے زیادہ کتابیں سیکنڈ ہینڈ بکس والوں نے بیچی ہیں اور وہی اعداد و شمار نہیں بتا رہے تھے۔ 6 اسٹالز پر ان کے سیلز مینوں سے رہ و رسم بڑھائے تو معلوم ہوا کہ یہ تعداد 4000 سے 4500 کتب بنتی ہے۔ سب سے زیادہ رش بھی انہی اسٹالز پر رہا۔ باقی زیادہ کتابیں برانڈڈ پبلشرز والوں نے بیچیں، ریڈنگ وغیرہ نے۔

الموارد والوں نے تو سات بجے اسٹال ہی کلوز کر دیا۔ پندرہ بیس ہزار کی کتابیں بیچیں انہوں نے۔

تین چار اسٹالز والوں نے 1000/1000 سے زائد کتابیں فروخت کیں۔ باقی زیادہ تر اسٹالز والوں نے بالترتیب 50، 70، 100، 150، 200، 250، 500 تک کتب فروخت کیں۔ کم و بیش 10 اسٹالز والوں نے بتایا کہ اسٹال کا خرچہ بھی نہیں نکلا۔

ناچیز کے انتہائی محتاط تخمینے کے مطابق، جس میں بیگ، شاپر بھر بھر کے لے جانے والوں پر حتی الامکان نظر رکھنا بھی شامل ہے، 12000 سے 15000 کتب فروخت ہوئی ہیں۔

یقین کیجیے کہ نظری مشاہدے اور باقاعدہ سروے کرنے کے بعد مجھے خود یقین نہیں آ رہا کہ کیا واقعی ملتان میں اتنی کتب فروخت ہوئی ہیں؟

بیشک آپ میرے مشاہدے اور سروے کو ناقص کہنے کا حق رکھتے ہیں، مگر میں اپنے اس مشاہداتی سروے پر یقین رکھتا ہوں، حالانکہ میری فقط 11 کتب فروخت ہوئیں۔

تین دن مسلسل میں گھومتا ہی رہا ہوں کہ اس میں ایک وجہ یہ تھی کہ میں تجسس کے ہاتھوں اپنی کتابوں والے اسٹالز پر بار بار جا کر دیکھتا تھا کہ میری کوئی کتاب بکی بھی ہے۔ سو تین دنوں میں دوست، احباب کے ساتھ کل ملا کر زیادہ سے زیادہ تین چار گھنٹے نشستوں پر بیٹھا ہوں گا۔

بقیہ 30 کتابیں گھر اٹھا لایا ہوں۔

ایک نقصان یہ ہوا کہ پبلشرز نے ان 11 کتب پر میرا ریٹ توڑ دیا، کم قیمت پر کتابیں بیچ دیں۔ خیر، رات گئی، بات گئی۔ جو 15/1700 روپے میں لے گئے، ان کا نصیب۔ کتاب کی قیمت تو 2600 روپے ہی رہے گی۔

مجھے کون سا جلدی ہے۔ ہاں، اگر یہ جلد فروخت ہو گئی تو فی الفور اس کا دوسرا، ترمیم و اضافہ شدہ ایڈیشن چھاپنے کا ارادہ ہے۔

خیر۔۔۔ میری نظر میں بک فیئر کامیاب ترین رہا۔ آئندہ سال مزید کامیاب ہوگا۔ بک فیئر انتظامیہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔ امید ہے آئندہ کی پلاننگ میں درج بالا معروضات پر نظرثانی کے ساتھ مزید توجہ دیں گے۔

مگر ایک شکوہ کتب بین و کتب دوست احباب سے بھی بنتا ہے کہ یار، اس طرح کے بک فیئرز و ادبی فیسٹیولز کی بابت ترغیبی پوسٹس دھڑا دھڑ شیئر کیا کیجئے۔ دوست احباب سے لے کر دیگر عوام تک بھی میسیج پہنچائیے، تاکہ ان سلاسل کا ارتقاء جاری رہے۔

بہرحال۔۔۔ شاباش سعد مکی شاہ صاحب کے لیے کہ اس نے اپنے تئیں اس پر بھرپور عمل درآمد کرنے کی سعی فرمائی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں