کاموں کی انجام دہی اور لیت و لعل کے جھمیلے/ محمد کوکب جمیل ہاشمی

ہر کام کی انجام دہی اس امر کی متقاضی ہوتی ہے کہ ہم اسے خوش اسلوبی اور بہتر حکمت عملی کے ساتھ سر انجام دیں تاکہ اس کام میں کوئی خامی اور جھول نہ رہے۔ ہم اگر کسی کام کو سر انجام دینے کا ارادہ کرتے ہیں تو ایسا نہیں ہوںا چاہئے کہ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں، اس کو بغیر سوچے سمجھے جلد بازی اور بے دھیانی سے کر گزریں۔ کیونکہ اس طرح کے جلد بازی یا بے دھیانی سے کئے جانے والے کاموں کے نتائج غیر متوقع اور ناموزوں نظر آتے ہیں۔ اس کی مثال یہ ہے کہ اگر کوئی شخص سڑک پر بے خبری اور بے دھیانی کی حالت میں چلا جا رہا ہو اور اس کے آگے کھلا مین ہول آجاۓ تو وہ اس میں گر جاۓ گا اور زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ جاۓ گا۔ دیکھنے والوں کو بھی ہول آنے لگتے ہیں۔ وہ لاحول پڑھتے ہیں۔ مگر گرنے والے کی مدد کو نہیں آتے۔

اس لئے ضروری بے کہ راستہ چلتے ہوۓ، پورے ہوش و ہواس کے ساتھ ، احتیاط کوملحوظ رکھتے ہوۓ اور نظر کو نیچی رکھتے ہوۓ راستہ طے کریں۔ لہٰذا جب بھی کسی کام کا ارادہ کیا جاۓ، اسے دل جمعی اور یک سوئی کے ساتھ شروع کریں۔ ( یک سوئی بہتر ہوتی ہے ہزار سوئیوں سے، دامن چاک ہو تو سینے کے لئے فقط یک سوئی ہی کافی ہوتی ہے۔) اس کی وجہ یہ ہے کوئی بھی کام، چھوٹا ہو یا بڑا بے خیالی میں کیا جاۓ یا اس میں عجلت برتی جاۓ تو اس کے بے ڈھنگے ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ ایسے کام جن کی کوئی کل اونٹ کی طرح سیدھی نہیں ہوتی وہ آج بھی کرلئے جائیں تو آج کو بھی بے کل کر دیتے ہیں۔ ، خیالی پلاؤ پکانے سے گریز کریں۔ ورنہ آپ اور شیخ چلی میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔

بے خیالی، بے دھیانی اور نتائج و عواقب سے بے خبر رہ کر زندگی گزارنا عادت اور سرشت کا حصہ نہ بنائیں۔ مگر یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہماری آبادی کی بڑی تعداد میں ناخواندہ ہونے کی حصہ داری ہمیں غور و فکر اور فراست سے محروم رکھتی ہے۔ یہ خرابی صرف جہالت یا کم تعلیم پہ ہی موقوف نہیں بلکہ بعض اوقات تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد و طبقات سے بھی ایسی ہی خطا سر زد ہوتی ہے۔ جو بار بار اخبارات میں قلم زد کی جاتی ہے۔ ایک عرصے سے ہم خود اپنے اس روئیے سے نالاں دکھائی دیتے ہیں کہ برسات کے موسم کی آمد سے قبل کچھ نہ کچھ منصوبہ بندی تو کرتے ہیں کہ زائد بارشوں سے سیلابی کیفیات اور نقصانات سے بچا جا سکے۔ مگر ہر سال دیکھنے میں آتا ہے کہ منصوبہ بندی میں سقم اورماہرانہ پیش بندیوں میں کمی کی بدولت ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب سے ناصرف شہری ذرائع رسل و رسائل اور تعمیرات کو شدید نقصان پہنچتا ہے بلکہ زرعی فصلیں بھی تباہ و برباد ہو جاتی ہیں۔ اور تو اور آنے والی نسلوں کو بھی نقصان بھگتنا پڑتا ہے۔ مانا کہ بہت سارے ایسے عوامل بھی ہوتے ہیں جن پر انسانی کنٹرول ممکن نہیں ہوتا۔ لیکن بہتر سوچ اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کی نیت ہو تو حفظ ما تقدم کے حفاظتی اقدامات کے ذریعے ضرر رسانی کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ یہاں یہ امر بھی لائق پریشانی ہے کہ حکومتی مشینری کی کوتاہیوں اور سیاسی مصلحتوں کے باعث بہت سارے اقدامات اس طرح معرض التوا میں پڑے رہتے ہیں جیسے عدالتوں میں مقدمات طویل عرصے تک التوا میں پڑے رہتے ہیں۔
سیلابوں کی روک تھام اور ملک میں بجلی کی کم پیداوار پر قابو پانے کے لئے ڈیمز کی تعمیر اس مسئلے کو حل کرنے کی بڑی تدبیر ہوتی ہے۔ لیکن اس معاملے میں ہمارے سیاستدان ڈیم بنانے کے کاموں کو ڈیم فول سمجھتے ہیں۔ ہم آبادی کے بڑھتے ہوئے سیلاب کو کنٹرول کرنے کے لئے فیملی پلاننگ کے منصوبوں کو متعارف کراتے ہیں۔ فیملی پلاننگ والے کہتے ہیں کہ ‘ بچے، دو ہی اچھے ‘, یہ موقف ہمارے دانا سیاستدانوں کو اتنا پسند آیا کہ انہیں ڈیم، دو ہی اچھے لگتے ہیں، تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم۔
ہمارے یہاں اکثر منصوبے کھٹائی میں پڑے رہتے ہیں۔ مگر ان پر پیش رفت نہیں ہو پاتی۔ جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑتا ہے۔ ان کھٹائیوں نے عوام کے دانت ہی کٹھے نہیں کئے بلکہ انکے گلے بھی خراب کر دئے جیسے انہوں نے گھبراہٹ میں جی بھر کے کھٹائی، امچور اور املی استعمال کر لی ہو۔

اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ چینی اور گندم کی برآمدات اور درآمدات کی اجازت دینے سے قبل زرعی پیداوار کی مقدار، کھپت اور قیمت کے درست اعداد و شمار کا جائزہ لینا بہت ضروری ہوتا ہے۔ مگر اس معاملے میں کافی عرصے سے دیکھنے میں آ رہا ہے کہ یہ زرعی اجناس پہلے بیرونی ممالک کو برآمد کر دی جاتی ہیں اور جب ملک کے اندر ان کی قلت واقع ہوتی ہے تو انہیں مہنگے داموں درآمد کر لیا جاتا ہے۔ یہ بے نظمی بڑھتی ہوئی مہنگائی میں گندم اور چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیتی ہیں۔ اس گناہ میں تقریباً سب برسر اقتدار سیاسی جماعتیں شامل ہوتی ہیں یا گندم نما چینی فروش کی کاروائی ہوتی ہے، جن میں کثیر تعداد میں چینی کے مل مالکان اور بڑے بڑے فلور ملز کا عمل دخل ہوتا ہے۔ اس طرح کے ا قدامات ملکی معیشت کے لئے بھی نقصان دہ ہوتےہیں۔
آپ نے دیکھا ہے کہ طویل عرصے سے ہمارے ملک میں انرجی کا بالخصوص بجلی کی کم پیداوار کا بحران چلا آرھا ہے اس سے نمٹنے کے لۓ پچھلی حکومتوں نے IPPs کے ساتھ بجلی کی خریداری کے طویل مدتی معاہدے کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان معاہدوں میں ایسی شقیں شامل ہیں جن کے تحت بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اگر بجلی پیدا نہ بھی کر رہی ہوں تب بھی انہیں بجلی پیدا کرنے کے برابر معاوضہ متواتر ادا کیا جاتا رہیگا اور اس کے علاؤہ انہیں تیل کی سپلائی اور دیگر اخراجات کی مد میں بھی ادائیگیاں کی جاتی رہیں گی۔ یہ قومی خزانے کی ایک طرح سے لوٹ مار کے مترادف ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کی طرح خزانے کی لوٹ مار کرنے والے لٹیروں کا قلع قمع کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ نہ جانے معاہدے کرتے وقت ان معاہدوں کی شقوں پر تفصیلی غور و خوض کیوں نہیں کیا گیا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں بغیر بجلی پیدا کئے تمام واجبات بدستور ادا کئے جاتے رہیں گے۔ اس بہتی گنگا میں موجودہ حکومت سمیت پچھلی کئی حکومتیں ہاتھ دھو رہی ہیں۔
اسی طرح ایک حکمت عملی کے تحت عوام کو سولر انرجی پینل لگانے کی ترغیب دی گئی۔ جب عوام نے اپنے گھروں میں سولر پینلز سے بجلی کی پیداوار حاصل کرنا شروع کر دی تو حکومت کو یہ فکر لاحق ہوئی کہ اگر یہ پیینلز اسی طرح لگتے رہے تو واپڈا سے بجلی کون خریدے گا؟ لہذا گھروں میں پیدا ہونے والی بجلی کی فالتو پیداوار کی حکومتی سطح پر خریداری کی قیمتیں کم کر دی گئیں ۔ اس طرح نجی سطح پر بجلی کی پیداوار اور فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ سولر پینل لگانے والے پچھتا رہے ہیں مگراب پچھتاۓ کیا ہووت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت۔ جب کہ ملک کے طول و عرض میں بجلی کی ناکافی پیداوار کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔ کیا ہمارے پڑھے لکھے پلانرز کے مد نظر اس نوع کی تکنیکی مشکلات کا علم نہیں ہوا، یا شائد سوجھ بوجھ کا فقدان تھا جو جگہ جگہ دکھائی دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں