ہفتے میں ایک دفعہ تو ضرور ہی سن سٹ بلے وارڈ سے گزرنا ہوتا ہے۔ جب بھی گزرتی ہوں تو نظریں بے اختیار ان چھوٹی دیواروں والے دو گھروں کی طرف ضرور اٹھتی ہیں۔ ان میں سے ایک میں اپنے وقت کا سوہنا منڈا( حفیظ پیرزادہ) اور دوسرے میں سیمابی کیفیت والے پیار علی الانا رہائش پزیر تھے۔ یوں تو دو نوں گھروں کے درمیان کئ گھروں کا فاصلہ تھا لیکن ستر کی دہائ کے اولین سالوں میں جو گھر ڈیفنس ، کلفٹن میں بنے یا پہلے سے موجود تھے۔ ان کو گزرنے والے کسی نہ کسی طور پہنچاتے ضرور تھے۔ ان دنوں تعمیر ہونے والے گھروں کی بیرونی دیواریں اتنی چھوٹی ہوتی تھیں کہ باہر سے گز رنے والا اندازہ کر سکتاتھا اندر کیا ہورہا ہے۔ یہ دونوں گھر تو یوں بھی لب سڑک تھےاور جووقت میری یادوں میں جگمگاتا ہے، وقت کے اس پہر یہاں سر شام گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی ان رہائش گاہوں کو نمایاں کرتی تھیں۔
اس راہ سے گزرتے ہوۓ جب بھی یہ گھر دیکھتی ہوں تو بہت کچھ دبے قدموں یادوں کے آنگن میں ٹہلنے لگتا ہے۔ انیس سو ستر کے انتخابات، ان سے جڑی میٹنگز ،میٹینگز سے جڑے وہ افراد اور اپنی نو عمری کی سیاست بھی ٹھمکنے لگتی ہے۔
ہماری اماں کی دوست کے سپوت تھے نام تو ان کا جاوید تھا لیکن پکارتے سب ان کو جاوید ماؤ تھے۔ ماؤ پکا ر نے کی وجہ ان کا ماؤزے ٹنگ سے وہ والہانہ عشق تھا۔ جس کا اظہار وہ ہر دوسرے جملے میں کرتے تھے۔ عمر میں ہم سے خاصے بڑے تھے۔ منہ پے ان کو جاوید بھائ اور پیٹھ پیچھے دوسروں کی طرح جاوید ماؤ ہی کہتے تھے۔ ان کی سر براہی میں ہم نے انقلاب کے چکر میں معراج محمد خان کی درجنوں تقریریں سنیں،میٹروپول ہوٹل میں سرخ کتاب والوں کے ان گنت پروگراموں میں شرکت کی، مجھے اپنی کالج فائل میں دبی وہ چھوٹی سی لال کتاب آج تک یاد ہے۔
پاکستان کی تاریخ کے واحد دھلے دھلاۓ،ایمان درانہ انتخابات، جن کے انعقاد کے بعد پاکستان کی ہیت، تاریخ سب کچھ بدل گیا۔ گو کے ہم اس وقت قابل ووٹ نہ تھے لیکن اہتمام ووٹ میں سب سے آگے ، آگے تھے۔
کراچی کے حصے میں اُس وقت قومی اسمبلی کی پانچ نشستیں تھیں۔ شہر میں چار ڈسٹرکٹ تھے اور ڈسٹرکٹ ایسٹ شہر کا سب سے بڑا ڈسٹرکٹ تھا۔ آج جہاں ایف ٹی سی پل ہے وہاں ایک معصوم سا سگنل ہوتا تھا۔ یہ ڈسٹرکٹ اُس سگنل سے ائیرپورٹ کی طرف جاتے ہوۓ، سڑک کے دونوں اطراف کی آبادی سے شروع ہوتا اور
راستے کے تمام علاقوں کو سمیٹتا، ڈملوٹی، گلشن ،ملیر کینٹ،ملیر میں بنی تمام کالونیوں،گوٹھوں،دیہی علاقوں اور ابراہیم حیدری تک جاتا تھا، اس میں جہانگیر روڈ،کلٹین کواٹرز،گرومندر کا کچھ علاقہ،بلوچ پاڑے، پی آئ بی کالونی، لانڈہی، کورنگی شاید کچھ اور بھی شامل ہو اس وقت مجھے یاد نہیں آرہا۔ 1970 میں ہونے والے انتخابات میں
اس ڈ سٹرکٹ سے پیپلزپارٹی کے عبدالحفیظ پیرزادہ،جن کی وجہ شہرت بعد کے دنوں میں سوہنے منڈے کے نام سے رہی۔ تحریک استقلال کے مشیر پیش امام، جماعت اسلامی کے پروفیسر عبدالغفور اور وغیرہ وغیرہ تھے۔ ایوب خان کے بی ڈی اور مارشلائ انتخابات کے بعد میرے ہوش وحواس میں پاک افواج کے زیر سایہ سیاسی جماعتوں والے یہ پہلے انتخابات ہو ۓ تھے۔ یاد تو خیر مجھے اپنے زمانہ اسکول میں ہونے والے فاطمہ جناح اور دور ایوبی کے انتخابات بھی ہیں۔
یہ انتخابات میرے لئے بہت معنی خیز اس لئے تھے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی انتخابات میں حصہ لے رہی تھی۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو جنھوں نے ایوب خان کی حکومت سے استفعی دینے اور اُس وقت روٹی ، کپڑا ، مکان کا نعرہ لگا کےہم سب کو زندگی کی حرارت دی تھی۔
ہمارا گھر اُںن دنوں ہر وقت جلسہ گاہ بنا رہتا،کھانے کا دسترخوان سب سے بڑی جلسہ گاہ ہوتی ،جہاں میرے پاپا اور تایا سیاسی تبادلہ خیالات کرتے، میری امی اور تائ ہم سب سے پوچھتی رہتیں کچھ اور چاہئیے، میری کم گو تایازاد بہن گردن جھکاۓخاموشی سے کھانا کھاتی رہتیں اور میں درمیان ، درمیان میں اپنے والد اور تایا کی گفتگو میں لقمے دیتی رہتی۔ میری گفتگو کا محور پیپلزپارٹی اور بھٹو ہوتا۔ گھر کے دونوں بڑے مرد بھٹو، پیپلزپارٹی اور روٹی ،کپڑے مکان جیسے نعروں کے بہت خلاف تھے۔ ان دونوں کا خیال تھا کہ یہ غریب عوام کو دانہ ڈالا جارہا ہے۔ اس سارے پس منظر میں مجھے اکثر یہ طعنہ بھی ملتا کہ “ تم نہ لینے میں نہ دینے میں خواہ مخواہ اچھلتی ہو”۔
میری امی،تائ اور کم گو پاپا کی یہ بات بالکل درست تھی کہ اُن انتخابات کے وقت میں نہ لینے میں تھی نہ دینے میں کہ قابل ووٹ ہی نہ تھی۔ انتخابی گہماگہمی جاری تھی کہ ایک شام جاوید بھائ عرف جاوید ماؤ ہمارے گھر آۓ۔ پاپا ، تایا کو سیاسی منظر نامہ کہہ لیں یا خبر نامہ سنایا پھر چلتے، چلتے گویا ہوۓ کہ “ کل شام پیرزادہ صاحب کے گھر خواتین کی ایک میٹنگ ہے۔ تم بھی چلو، اندھا کیا چاہے دو آنکھیں کے مصادق ،ہم نے سب کی نظروں سے نظر بچاتے ہوۓ حامی بھرلی اور آنے والے دن تین بجے تیار رہنے کاوعدہ کرلیا۔ جاوید ماؤ تو وعدہ لے کے چلتے بنے لیکن ہم پے وقفے ، وقفے سے باتوں کی چھوٹی ،بڑی توپیں چلتی رہئیں۔
اگلی شام ہم جاوید ماؤ کی معیت میں سن سٹ بلے وارڈ پے واقع عبدالحفیظ پیرزادہ کے گھر موجود تھے۔ رنگ برنگی خواتین میں گھرے پیرزادہ اپنے بوسکی سوٹ کی آستینوں سے پسینہ پوچھتے اور برابر بیٹھے معراج محمد خان سے کہتے میٹنگز کی بہت ضرورت ہے، ہر علا قے کی خواتین سے بات کرنے کی ضرورت ہے،معراج محمد خان تیزی سے گردن ہلاتے اور ہاتھ میں پکڑی ڈائیری میں کچھ نوٹ کر لیتے ، کمرے میں موجود وہ خواتین کون تھیں میں کسی کو نہیں جانتی تھی۔ صرف شمیم زین الدین نامی ایک خاتون کو پہنچاتی تھی کہ ان کی تصویر روزانہ اخبار میں چھپتی تھی۔ شام ڈھلے میٹنگ کا اختتام اس اعلامیہ کے ساتھ ہوا کہ خواتین میں کام کی بہت ضرورت ہے۔ سعدیہ پیرزادہ کو باہر نکلنا ہوگا۔ مجھے آج بھی یاد ہے” پیرزادہ نے میری طرف دیکھتے ہوۓمعراج محمد خان سے کہاہمیں اس عمر کی لڑکیوں کی ضرورت ہے جو اعتماد کے ساتھ بات کرسکیں”۔
اُس میٹنگ کے چند دن بعد پیرزادہ ، بہت سارے پارٹی ورکرز ، کمال اظفر اور معراج محمدخان کے ساتھ جاوید ماؤ کے گھر آۓ تو ملیر سے بھٹو کے چاہنے والوں کا ایک جم غفیر ماؤ کے گھر پے جمع تھا ،سعدیہ بھی آ ئ تھیں۔ اسی شام طے ہوا کہ سعدیہ گھر ، گھر ملاقاتوں اور علاقے کی عورتوں سے اپنے شوہر کے لئے ووٹ مانگنے جائیں گی۔ اس پروگرام کو ترتیب دینے کی ذمہ داری پارٹی سینرز نے ماؤ کے کاندھوں پے ڈال کے ہاتھ جھاڑ لئے ، اسی دن شام ڈھلے ماؤ گھبراۓ ہوۓ گھر آۓ اور پھولی سانسوں کے ساتھ بتایا کہ “ سب کی مشترکہ راۓ سے طے ہوا ہے کہ بیگم پیرزادہ کل سے تمہارے گھر آئیں گی اور تمہارے ساتھ علاقے کی خواتین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گی”۔ امی کے گھور نے پر انھوں نے دوبارہ وضاحت دی کہ میں اپنے گھر سے بھی لڑکیاں لانے کی کوشش کروں گا آخر ہم سب نے ہی مل جل کے یہ کام کرنا ہے۔
ان سارے مکالموں میں پاپا خاموش تھے اور امی کے چہرے پے رنگوں کا آناجانا جاری تھی۔ تایا کو گن گنانے کا بہت شوق تھا ، وہ عالم بوریت،تاثرات کے کنٹرول اور بہت سے موقعؤں پے اپنے اس ہتھیار کا استمال کرتے تھے۔ اس دن بھی گن گناتے، گناتے وہ ایک دم گویا ہوۓ “ دیکھو میاں جاوید! ہمارا سیاست بازی سے کوئ لینا دینا نہیں ہے، ہماری بچی کا شوق ہے، ہم اس کی قدر کرتے ہیں اور اپنے بچوں پے بے وجہ دباؤ بھی نہیں ڈالتے بس تم یہ بات یاد رکھنا کہ ہمارا گھر سیاسی اڈہ نہ بنے، ہماری بچی پے کوئ آنچ نہ آۓ اور آخری بات ہمارے گھر سے ووٹ جماعت ،مطلب جماعت اسلامی ہی کو جائیں گے”۔ آخری بات کے اختتام پے ماؤ کے چہرے پے رنگ آکے گزر گیا۔
اگلی صبح گیارہ بجے سفید کردلا ہمارے دروازے پے رکی، آگے جاوید ماؤ براجمان تھے،پیچھے کی سیٹ پے سعدیہ پیرزادہ اپنے جیسی دو خواتین کے ساتھ بیٹھی تھیں۔ ماؤ کے اشارہ کرنے پے تینوں خواتین نیچے اتریں اور گھر میں چلی آئیں۔ امی نے چاۓ کا پوچھا تو تینوں کا مشترکہ جواب انکار میں تھا البتہ سب نے پانی پیا اور ہم ملاقاتی سفر پے روانہ ہوگۓ۔ اس بیچ ماؤ بہت خاموشی سے یہ کہتے ہوۓنکل گۓ کہ “ شام میں آؤں گا”۔
اب سوچتی ہوں تو یہ سوچ سوچ کے بہت ہنسی آتی ہے کہ “وہ کیا منظر تھا،بنا آستین کی قمیضوں میں ملبوس تین خواتین، ہائ ہلیز ، بیک کومنگ کئے ہو ۓ بال اور ملیر کی گلیاں”۔ گھروں کے دروازے کبھی کھل کے بند ہو جاتے،کبھی بند ہی رہ جاتے اور جو کوئ کوئ دروازہ پورا وا ہو جاتا تو اندر داخل ہونے والی خواتین کا پہلے سر سے پاؤں تک جائیزہ لیا جاتا پھر مسکراتے ہو ۓ جواب آتا ووٹ کا فیصلہ تو ہمارے مرد ہی کرتے ہیں،کوئ کہتا ہمارے مرد نے ہمارا ووٹ نہیں بنایا”۔
وہ جاتی گرمیوں کے دن تھے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ کراچی میں گرمی آۓ یا جاۓ دن گرم ہی ہوتا ہے۔ کوئ دو ڈھائ درجن گھروں میں جھانکا تانکی کے بعد اُن تینوں خواتین کا حال پتلا تھا۔ انھوں نے واپسی کا عندیہ دیا اور ملاقاتی قافلہ ہمارے گھر کی طرف مڑ گیا۔ گھر واپس آنے کے بعد سعدیہ پیرزادہ کا خیال تھا کہ “ حفیظ کو کچھ لوگوں کو hire کر نا چاہئیے، ہم کب تک گلیوں میں چلیں گے، میری تو ساری ہلیز خراب ہو جائیں گی”۔ وغیرہ وغیرہ
جس دن میں کالج جاتی اور سعدیہ اینڈ کمپنی خواتین آجاتیں تو میری امی پیاری امی بیٹی کے الفاظ کی لاج رکھتے ہوۓ انھیں ملاقاتی پروگرام کے لئے لے جاتیں۔ گلیوں میں چلتے ہوۓ اکثر بچے اپنا چھوٹا سا جلوس بنا کے پیچھے چلنا شروع کر دیتے۔ عجیب مضحکہ خیز صورت حال ہوتی لیکن “ بھٹو آۓ گا، انقلاب لاۓ گا” کا نعرہ اندرہی اندر حوصلہ بڑھاتا رہتا۔ اس بیچ ماؤ لڑکیوں ، خواتین کی گھیرا بٹولی کرتے رہے اور ان کے آنے جانے کا سلسلہ چلتا رہا۔ پھر کچھ یوں ہوا کہ سعدیہ اینڈ کمپنی کی خواتین دو دن نہ آئیں،میری امی نے شکر ادا کیا، تیسر ی صبح ماؤ خبر لاۓ کہ سعدیہ بیمار ہیں، صحت یاب ہوتے ہی آئیں گی۔ان کی صحت یابی کا تو پتہ نہ چل سکا البتہ ایک شام عبدالحفیظ پیرزادہ پھر سے جاوید ماؤ کے گھر آۓ اور پہلے سے بڑا جم غفیر ساتھ لاۓ،اس بار ماؤ بھی خواتین کی کافی تعداد جمع کرنے میں کامیاب ہوگۓ۔
یہ اجتماع پولنگ ایجینٹ،لسٹوں کی تیاری، خواتین کو ووٹ ڈالنے کی تربیت وغیرہ کے سلسلے میں تھا۔ پیرزادہ نے درخواست کہ کہ ہم سب ملیر کے دیہی علاقوں میں بھی جائیں۔ میٹنگ برخاست کرتے ہو ۓ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس بار بھٹو صاحب کراچی آئیں گے تو وہ انھیں ملیر ضرور لائیں گے۔ جاوید ماؤ کے گھر کے احاطے میں جمع ہجوم نے اس وقت کے رائج السکہ تمام نعرے لگا ۓاور اپنے گلوں کو سہلاتے ہوۓ باہر نکل گۓ۔
اس درمیان ہماری سر گرمیوں کی خبرسرسری کی طرح چلتی ہوئ یہاں تک پہنچی کہ ایک شام ہمارے علاقے کے ناظم جماعت کچھ اور ساتھیوں کے ساتھ گھر آۓ اور ہمارے پاپا سے بہت مودبانہ انداز میں پوچھا” احد صاحب سنا ہے آپ کی صاحبزادی بھٹو کی پارٹی میں ہیں، ان کے لئے کام کررہی ہیں، جلسوں میں بھی جاتی ہیں”۔ میرے کم گو پاپانے بہت متانت سے جواب دیتے ہوۓ کہا” آپ نے درست سنا ہے،وہ آج کی بچی ہے،اس کی اپنی سوچ ہے، آپ بے فکر رہئیے اُس کا ووٹ نہیں ہے”۔ کچھ اور شکوے شکایتوں کے بعد آنے والے چلے گۓ، پاپا گھر میں بدمزہ موڈ کے ساتھ یہ کہتے ہوۓداخل ہوۓ ” بس یہ ہی خرابی ہے ان لوگوں میں ، ان کا خیال ہے انھوں نے پورے گھر والوں کو خرید لیا ہے”۔ اس واقع کے بعد تنقید کادروازہ دھیرے دھیرے وا ہونا شروع ہوگیا۔ تب ایک شام پاپا نے چاۓ پیتے ہوۓ مجھے اور امی کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا” گھر سے باہر کوئ کچھ بھی کہے جواب مت دینا”۔
ان ہی دنوں میں ایک شام ماؤ موٹے، موٹے رجسٹروں، کاربن پیپر کے ڈبوں،سادہ کاغذوں کے رم اور کاربن پینسلوں کے ساتھ وارد ہوۓ۔اُن ر جسٹروں میں ووٹوں کا اندراج تھا اور ہمیں ہر صفحے پے درج تفصیلات کی غالبا چھ ،چھ کاپیاں بنانی تھیں۔ ہم تو ڈوبے ہی تھے صنم اپنے ساتھ امی،چھوٹے بہن بھائ،تائ، اپنی تایا زاد بہن تک کو اس کام میں شامل کر لیا ان سب کے ساتھ ساتھ کچھ دوستوں کے گھروں پے بھی سامان پہنچایا اور سب کو لسٹیں بنانے کے دھندے پے لگا دیا۔ بات یہ بھی پھیل گئ اور ایک شام پاپا کے دوست بھی اُسی نوعیت کے سازوسامان کے ساتھ آۓ اور یہ کہتے ہو ۓچلے گۓ“ احد صاحب بچیوں سے کہیے ہماری کچھ مدد کریں، بہت کام ہے”۔ ابھی تو پچھلا کام ہی ختم نہ ہوا تھا کہ ایک اور آگیا۔
ان لسٹوں کے اندراج کو یاد کرکے ہم اب بھی اکثر ہنستے ہیں کہ” ہمارے جیسے چند گھروں کے علاوہ بقیہ کسی گھر کی عورت کی عمر پچیس سال سے زیادہ اور مرد تیس ، بتیس کے چوراہے پے کھڑے تھے۔ بچوں کی تعداد البتہ آدھی درجن سے کم نہ تھی ، ایک بڑی تعداد ایسے گھروں کی تھی جہاں ووٹ کے قابل اولادوں اور والدین کی عمروں میں دو یا تین سال کا فرق تھا”۔ اس کاروائ کے اختتام پے ہمیں زیادہ تر خواتین کی عمریں ازبر تھیں۔
انتخابات سے کوئ دو ہفتے قبل بھٹو نے کراچی کا طوفانی دورہ کیا اور اپنے سوہنے منڈے کے حلقہ انتخاب کو بھی دورے کی سعادت بخشی۔ لوگوں کا جم غفیر کہیں، انسانی سیلاب سے تشبہ دیں، ہمارے گھر کے برابر سے گزرنے والی سڑک پے پیدل چلنے والوں کے سر ہی سر تھے۔ جلوس کی قیادت کرنے والے ٹرک پر بھٹو ،معراج محمد خان،سوہنا منڈا اور اس علاقے کے کچھ اور لیڈر سامنے کھڑے تھے ان کی پشت پے علاقے کے چھوٹے لیڈر ایستادہ تھے۔ جلوس ہمارے گھر کے برابر پچیس فٹ کے فاصلے پر کھڑا نعرے لگا رہاتھا، تب ہی ٹرک میں جاوید ماؤ کا چہرہ نمودار ہوا، انھوں نے جھک کے بھٹو اور پیرزادہ کے کان میں کچھ کہا” دونوں نے بے اختیار گھر کی چھت پے کھڑی ہم سب کی جانب دیکھا،ہاتھ ہلایا اور سامنے پڑی پھولوں کی پتیاں ہماری جانب اچھال دیں”۔ اُن پتیوں نے تو خیر ہم تک کیا پہنچناتھا لیکن عمر کے اس دور میں وہ لمحہ ہمارے اندر منجمد ہوگیا۔ عجیب بات یہ تھی کہ جلوس میں کوئ خاتون نہ تھی۔
جلوس آہستہ آہستہ آگے بڑھ گیا،جب ہی کچھ بعد جاوید ماؤ دروازے پے نمودار ہوۓ شدت جذبات سے منہ سرخ ہورہا تھا۔ پاپا نے انھیں بٹھاتے ہوۓ پوچھا” آپ جلوس میں سے کیسے نکل آۓ تو تھوک نگلتے ہوۓ بمشکل وہ کہہ پاۓ کہ بھٹو صاحب نے شہناز وغیرہ کو جلسے میں بلایا ہے”۔ پاپا نے ایک لمحے کی تاخیر کئے بغیر کہا” شہناز جلوس میں نہیں جاۓ گی”۔ ماؤ کچھ دیر کسی غیبی مدد کے انتظار میں کھڑے رہے پھر پانی پی کے باہر نکل گۓ۔
جلسہ بہت کامیاب گیا،اگلے دن سے ملیر کی سڑکوں پے جابجا پارٹی کے جھنڈے ، بینرز اورسوہنے منڈے کی بھٹو کے ساتھ کھڑی تصویروں والے پوسٹرز نظر آنے لگے۔ سر شام بچوں اور نوجوانوں کی ٹولیاں نعرے لگاتی گزرنے لگیں۔ پولنگ ایجینٹ اور ایسے دوسرے ذمہ داران کی فہرستیں تیاری کے آخری مراحل میں تھیں کہ پاپا نے ایک بار پھر پدرانہ ویٹو کا استمال کرتے ہوۓ میرا نام پولنگ ایجنٹ کی فہرست سے خارج کروا دیا۔ دل تو بہت مچلا، کچھ آنسو بھی بہاۓ شاید ایک رات کی بھوک ہڑتال بھی کی لیکن کچھ حاصل نہ ہوا۔
انتخابات سے تین دن قبل ہی جماعت کے اہل کاروں نے ہمارے گھر کے بیرونی حصے کو احاطہ کرنے والی ڈم ڈم کی باڑھ کے ساتھ باندھ کے قناعتیں لگادیں اور اُسے زنانہ اجتماع گاہ کانام دے دیا۔ انھیں غالبا اندیشہ تھا کہ یہاں مخالف جماعت کی قناعت نہ لگ جاۓ۔
دسمبر کی وہ صبح خاصی خنک ہونے کے باوجود انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ پاپا، تایا دھکم پیل سے بچنے کے لئے صبح ہی قریبی واقع پولنگ اسٹیشن چلے گۓ البتہ امی، تائ نے وؤٹ کے استمال سے انکار کردیا کہ میں انھیں بھٹو کی پارٹی کی طرف کھینچتی، اور پاپا تایا کا خیال کہ جماعت سفید پوشوں اور پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے۔ ووٹ اس ہی کو دینا چاہئیے۔ اس کشمکش میں، میرا سب سے آسان ہدف اپنی تایازاد بہن تھیں۔ میں نے انھیں ووٹ دینے کے لئے آمادہ کیااور ان کے ساتھ پولنگ اسٹیشن تک گئ۔ اب یہ الگ بات ہے کہ لائن میں کھڑی جان پہچان والی آنٹیوں کو بھٹو کو ووٹ دینے لے لئے آمادہ کرنے کی شکایت پے مجھے ایک کپتان صاحب پولنگ ایریا سے باہر لے گۓ اور ایک قناعتی دفتر میں یہ کہہ کے بٹھا دیا میجر صاحب فیصلہ کریں گے۔ وہ تو نہ آۓ لیکن وہاں موجود ہجوم میں سے ایک آواز ضرور آئ کہ “اپنے احد صاحب کی بچی ہے،بچے تو ایسی غلطیاں کر ہی لیتے ہیں۔ آپ بچی کو گھر جانے دیں کپتان صاحب” یوں ہمیں اسے قناعتی دفتر سے رہائ ملی۔ گھر پہنچنے پے جو عزت افزائ ہوئ اس کا تو ذکر جانے دیں۔
انتخابات ہوۓ اور اگلے کئ دن تک اس کے نتائج آتے رہے۔ بہت کچھ الٹ،پلٹ ہوا، پرانے بُرج گرے،نۓ کھمبے کھڑے ہوۓ،تب ہی یہ جملہ گردش میں آیا کہ بھٹو کی پارٹی کاتو کھمبا بھی جیت گیا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ عرف سوہنا منڈابھی جیت گۓ۔ انتخابات کے نتائج کا حلیم پکنا شروع ہوا اور پورے سال بھر پکا، مغربی حصے میں جیتنے والے پہل دوج کھیلتے رہے۔ مشرقی حصے میں اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی اپنا حق مانگتی رہی لیکن حق دینے والوں نے نہ دینا تھا نہ دیا۔
ہم نے اپنا بی اے مکمل کرلیا۔ جاوید ماؤ آتے رہے، سیاسی قصے سناتے رہے، سہانے خوابوں کے گاؤں بساتے رہے۔ لیکن وہ جو انتخاب جیتے تھے، وہ جن کے ساتھ گھروں کے دروازے کھٹ کھٹاۓ تھے، وہ پھر کبھی نظر نہ آۓ۔ پورا ۱۹۷۱ گزر گیاوہ جو آگ دہکائ گئ تھی اس کے نتیجے میں بچنے والی لاش کو لنگڑا، لولا کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس لاش نے حکومتی کاروبار کی باگیں سنبھال لیں۔
حلف اُٹھے،وزیر بنے، حکومتی چوہارے بنٹے،،اور یوں کہ جیسا کچھ ہوا ہی نہیں، حکومتی ٹٹو چل پڑا،اس چوہاروں اور ریوڑیوں کی پہلی تقسیم کے نتیجے میں پیرزادہ کو تعلیم کی پوری ،اطلاعات کی آدھی وزارت مل گئ پھر جیسے ہی آئین کی تیاری شروع ہوئ تو انھیں وزارت قا نون میں بھی حصہ داری مل گئ۔ یوں اس ملک کو ۱۴ اگست۱۹۷۳ میں آئین مل گیا۔ آئین کی رُو سے دوبارہ وزارتیں بنیں اور پیرزادہ کو تعلیم و قانون کی وزارت مل گئ۔ اپنے عہد وزارت میں جو حشر انھوں نے تعلیم کاکیا اس کے نتیجے میں تعلیم آج تک اپنے پیروں پے نہ کھڑی ہوسکی البتہ پیرزادہ کو محکمہ تعلیم سے ایک بیگم اور ضرور مل گئیں۔
بحثیت مرکزی وزیر ان کا سارا وقت اسلام آباد ہی میں گزرتا البتہ عید بقرعید کی تعطیلات میں منہ کا ذائقہ بدلنے کے لئے وہ کبھی آبائ گھر سکھر تو کبھی کراچی میں بھی جھانک لیتے۔
وقت کا گھوڑا تو ہمیشہ سے دوڑتا ہی رہا ہے سو وہ دوڑتا رہا اور ۱۹۷۷ آگیا۔ بھٹو کو تھیلوں سے بلیاں نکالنے کا بہت شوق تھا۔ جنوری ۷۷ میں انھوں نے الیکشن کی بلی تھیلے سے نکالی اور سب کے درمیان چھوڑدی ہر طرف ایک ہاہاکار مچ گئ۔ وقت تھوڑا تھا اور مقابلہ سخت ،وقت کے گھوڑے کے سنگ دوڑتے ، دوڑتے ہم بھی اپنا ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھ چکے تھے۔
سیاسی دھما چوکڑیوں کے نتیجے میں ملک جس انداز میں دو لخت ہوا۔ اس کے نتیجے میں ہم بھٹو الوژن سے نکل کے بھٹو کے روٹی ، کپڑا اور مکان والے نعرے کا کریا کرم اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے تھے۔ سیاسی جماعتوں کا اپنے نمائندوں کا اعلان گویا اعلان جنگ تھا۔
بہت ساری وجوہات کے سبب کراچی مرکز نگاہ تھا۔ ہمارے ہفت روزہ معیار نے انتخابات کے حوالے سے ایک پروگرام ترتیب دیا۔ جس کے تحت کراچی کے مختلف حلقوں سے منتخب شدہ افراد کی پانچ سالہ کارکردگی کا جائیزہ لینا تھا۔ قسمت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ میرے حصے میں ڈسٹرکٹ ایسٹ اور وہی پیرزادہ آۓ کہ انھیں دوبارہ اسی حلقے کا ٹکٹ ملاتھا۔
ہم دوبارہ جاوید بھائ عرف جاوید ماؤ کے پاس پہنچے اور مدد کی درخواست کی، قسمت اچھی تھی کہ ہمیں ماؤ کی معیت میں ایم پی اے شیر محمد بلوچ مل گۓ۔ انھوں نے ہمیں ڈسٹرکٹ ایسٹ کا کونا، کونا گھمایا، لوگوں سے ملوایا،اسکولوں میں لے گۓ،ایریا کے سرکاری ہسپتال دکھاۓ، میرا یہ دورہ ڈسٹرکٹ ایسٹ eye opening تھا۔ میرے لئے بھی اور سیاسی جماعتوں کے لئے بھی ،ہفت روزہ نے اس فیچر کی سرورق story بنائ۔ روزناموں نے اپنے مطلب کی خبریں نکالیں، کراچی سے اسلام آباد تک اودھم مچا کہ بھٹو کی جماعت نے پانچ سال میں کیا،کیا۔ کراچی کے سوہنے منڈے کاڈسٹرکٹ ایسٹ تو کیاکراچی میں بھی پتہ نہ تھا۔
اسلام آباد میں پاکستان کے تمام اخباری ایڈیٹروں سینئیر رپورٹرز، سیاسی رپوٹرز کوانتخابات سےکو ئ دو تین ہفتے قبل بلایا گیا۔ ہمارے ایڈ ٹر شام صاحب بھی مدعو تھے۔ واپسی پے انھوں نے بتایا کہ دوران گفتگو بھٹو نے اپنے تمام لاڈلوں کے بخئیے ادھیڑے اور اخبار والوں سے درخواست کی کہ انھیں پریس سپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔ یہ سب بتاتے ہوۓانھوں نے یہ بھی بتایاکہ معیار ( ہفت روزہ) کا ڈسٹرکٹ ایسٹ والا شمارہ وزراعظم ہاؤس کے پریس روم کی میز پے کھلا پڑا تھا اور جابجا under lineتھا۔
کراچی میں بھٹو نے پیرزادہ اور گبول کے علاوہ اہل کراچی کو رجھانے کےلئے جمیل الدین عالی ،حکیم محمد سعید،نبی داد خان ، اشرف لیاقت کو بھی ٹکٹ دئیے۔
کراچی والے بھی اپنے نام کے ایک ہی ہیں سو انھوں نے عالی،حکیم،خان،لیاقت سمیت سب کو ہی ٹھکانے لگا دیا البتہ اہل لیاری نے گبول اور ملیر کے دیہی علاقوں نے تمام تر گلے شکوؤں کے باوجود پیرزادہ کو سہارا دے ہی دیا۔
وہ انتخابات کیا تھے، مکافات عمل کے ایک لا متناہی سلسلے کاآغاز تھا جو آج تک جاری ہے۔
یادوں کی راہ گزر کی سب سے بڑی خرابی یہ ہےکہ بندہ ایک بار اس پے کھڑاہو جاۓ ، چلنے لگے، ٹہلنے لگے یہ بے لگام ہوجاتی ہیں۔ لاکھ کوشش کریں کہ لگام کھینچ لیں، پڑاؤ کر لیں،اتنا ہی کنٹرول ہاتھوں سے نکلتا جاتا ہے۔
ایک ہنگامے پے موقوف زندگی نے اس وقت کے تمام شہسواروں کو اتنی پٹخنیاں دیں کہ میری یادیں لہو لہان ہیں۔ اُس دور کے خاتمے کے بعد کسی حکومتی ، سیاسی چوکھٹے میں فٹ نہ ہو نے کے سبب سوہنے منڈے کو پھر سے پیشہ وکالت سے سمجھوتہ کرنا پڑا۔
زندگی کی گاڑی میں ہماری بوگی بھی گرتی پڑتی چل ہی رہی ہے۔ صحافت کا دامن ہم پے تنگ ہوا تو ملازمت کے دوسرے دروازے کھولنے پڑے اور حیات عزیز کی تقریبا ساڑہے تین دہائیاں صحت کے شعبے میں تعلقات عامہ اور مریضوں کی بہبود کے لئے کام کرنے میں گزر گئیں۔ میں صحافت کو بھول گئ اور صحافت مجھے-
جن دنوں میں ایک ہسپتال میں کام کر تی تھی تو ایک دوپہر ڈائلیسس پے لگی ایک خاتون مریضہ سے ملاقات کے لئے ایک اور خاتون آئیں۔ انھیں دیکھتے ہی میری یاداشت کے آنگن میں بتیاں جلنے،بجھنے لگیں۔ وہ سعدیہ پیرزادہ تھیں اور مریضہ ان کی بہن تھی۔ مریضہ کے بستر پے جھکی دھیمے، دھیمے باتیں کرتی، دوبٹہ سنبھالتی،ہرقسم کے میک آپ سے مبرا چہرہ،گزرے وقت کی پوری کتاب لگ رہاتھا۔ پتہ چلا اب ان کا قیام زیادہ لاہور میں ہوتا ہے لیکن جب تک ان کی بہن حیات رہیں اور وہ کراچی آتیں تو اکثر ائیرپورٹ سے سیدھی ہسپتال آتیںں۔ بچے بڑے ہوگۓتھے اور پاکستان سے باہر تھے۔
وقت کیسا شاطر ہے !
کچھ اور برس گزرے تو خبر آئ پیرزادہ پیارے ہوگۓ۔
یادوں کے دھوپ محل میں گھومتے، گھومتے سن سیٹ بلے وارڈ کے دوسرے مکیں کو تو بالکل ہی بھول گئ۔
دبلے، پتلے، کھڑے نقوش،ریشم جیسے بالوں سے بھرا سر،چمکیلی آنکھیں،شخصیت میں ہوا کی سی سرسراہٹ یا سیمابی کیفیت، بہرحال پیار علی الانا ایسے ہی تھے۔ بھٹو حکومت کے پہلے دور میں سندھ کے وزیرتعلیم تھے۔ اور اس وقت کے مقبول ترین وزرا میں ان کا شمار تھا۔ ان کے دروازے کراچی کے تعلیمی اداروں کی منتخب یونینز کے نمائندوں کے لئے ہر وقت کھلے رہتے تھے۔ ہر آنے والے سے مسکرا کے ملتے اور دروازے تک چھوڑنے آتے۔ تعلیمی اداروں میں بہت تواتر سے جاتے۔
بھٹو حکومت خاتمے کے بعد وہ ایک دم گوشہ نشیں ہوگۓ۔ سیاست سے جڑے تمام معاملات سے لاتعلقی اختیار کرلی جو کبھی کسی مشتر کہ دوست کے سامنے تزکرہ بھی ہوا کہ وہ کہاں ہیں تو عموما گھسا پٹا جواب ملتا” وہ زیادہ وقت اپنے والد کی لائیبریری میں گزارتے ہیں”۔ ان کے والد جی الانا کے پاس کتابوں خاص طور پے نادر کتب کا بہت بڑا ذخیرہ باقاعدہ لائیبر یری کی شکل میں محفوظ تھا۔ اکیسیویں صدی کے ابتدائ سالوں کی ایک شام اپنے ایک دوست کے ساتھ سن سٹ بلے وارڈ سے گزرنا ہوا۔ ایک دم ہی ہم نے سوچا کہ کیوں نا الانا صاحب سے ملا جاۓ۔ چند لمحوں بعد شام کے جھٹ پٹے سمے میں ہم الانا صاحب کے لان میں ان کی بیگم کے ساتھ بیٹھے تھے اور وہ بتا رہی تھیں کہ ان کی صحت کے بہت مسائل ہیں۔ یادداشت خراب ہوگئ ہے، پتہ نہیں آپ لوگوں کو پہچانیں گے بھی کہ نہیں۔ یہ سن کے دل کو عجیب سا دھکا لگا۔ چند لمحے بعد وہ نوکر کا ہاتھ پکڑے آتے نظر آۓ۔ کچھ دیر کی خاموشی اور رسمی سوالات کے جواب دینے کے بعد ایک دم مڑے اور بلند آواز میں کہا “تم شفیع ہو، کہاں غائب ہوگۓ تھے یار”۔ گھر والوں کی خوشی دیدنی تھی لیکن صرف دو منٹ کے وقفے سے انھوں نے شفیع کی طرف دیکھتے ہوۓ پوچھا”کون صاحب آۓ ہیں”۔
ایک گھنٹے کی نشست میں ان کی یاداشت لہروں کی طرح آتی جاتی رہی۔ دوران گفتگو الانا فیملی کی لائیبریری کا تزکرہ چھڑا تو پتہ چلا کہ کتب کو محفوظ بنانے کا کام ہورہا ہے۔ برسوں بعد ہونے والی اس ملاقات سے یوں واپسی ہوئ کہ ہمارے درمیان خاموشی بولتی رہی۔ اس ملاقات کے چند برسوں بعد اخبار میں چھپی obituary سے پتہ چلا کہ وہ بھی اب گزرجانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگۓ ہیں۔ وہ ایک بہت ہی شریف النفس انسان تھے۔ 2015 میں بھائ کے پاس کینڈا میں تھی تو ایک شام آغا خان میوزیم دیکھنے کا پروگرام بنا۔ ایک بہت بڑے خطہ زمین پے ماڈرن آرکیٹیکچر کی عمارت آنکھوں کو بہت بھلی لگ رہی تھی۔ میوزیم کا افتتاح کچھ عرصہ قبل ہی ہوا تھا اور مختلف حصوں میں تزئین وآرائش کاکام جاری تھا۔ عمارت کے مختلف حصوں میں گھومتے ہوۓ ایک کمرے پے جی الانا کا نام نظر آیا۔ بڑے بڑے شیشوں والی کھڑکی کے اس طرف کتابوں سے بھری الماریاں چمک رہی تھیں۔
سن سٹ بلے وارڈ کے چھوٹی دیواروں اور سلانٹ چھتوں والے یہ گھر آج بھی موجود ہیں یہ پتا نہیں ان میں زندگی کیا کر رہی ہے۔ ایک کا رنگ وروغن اُڑ چکا اور سیمنٹ جھانک رہا ہے دوسرے میں اُگی جنگلی جھاڑیاں باہر سے نظر آتی ہیں۔


