چھ جولائی ۱۹۷۱ کو پیدا ہونے والے ہر دل عزیز شخصیت ڈاکٹر سہیل احمد ہمیں داغِ مفارقت دے گئے۔ ان کی رحلت کی خبر سن کر نہ صرف پشاور یونیورسٹی بلکہ پورے اردو ادبی حلقے میں گہرا صدمہ پھیل گیا۔ وہ ایک استاد نہیں تھے ایک ایسی روشن شمع تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی علم، ادب اور شاگردوں کی تربیت کے لیے وقف کر دی۔ ان کی جدائی نے ان ہزاروں دلوں کو زخمی کر دیا جو ان کے فیض سے سیراب ہوئے اور آج بھی ان کی تعلیمات کو اپنے اندر زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر سہیل احمد نے اپنی ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک کا سفر پشاور یونیورسٹی میں طے کیا۔ ایم اے سے لے کر پی ایچ ڈی تک کی ڈگریاں انہوں نے اسی جامعہ سے حاصل کیں۔ تعلیم مکمل ہوتے ہی انہوں نے اسی یونیورسٹی میں درس و تدریس کا آغاز کر دیا۔ ان کے تقریباً ہزاروں شاگرد آج مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں علمی و ادبی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ یہ شاگرد صرف ان کے نام کے نہیں بلکہ ان کی سوچ، ان کے اندازِ تدریس اور ان کی اخلاقی تربیت کے امین ہیں۔ جب بھی کوئی طالب علم کسی ادبی محفل میں یا کسی علمی فورم پر بات کرتا ہے تو اکثر ان کے استاد ڈاکٹر سہیل احمد کا ذکر فخر سے کرتا ہے۔
بعض اساتذہ ایسے ہوتے ہیں جو صرف نصابی کتابیں پڑھاتے ہیں، لیکن کچھ ایسے ہوتے ہیں جو شاگر دوں کے دلوں میں علم کی پیاس پیدا کرتے ہیں اور انہیں زندگی کا حقیقی مقصد سمجھاتے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل احمد کا شمار انہی عظیم اساتذہ میں ہوتا تھا۔ وہ اپنے کام اور درس و تدریس کے ساتھ اتنے مخلص تھے کہ دورانِ علالت بھی وہ طلبہ سے کلاس کے بارے میں پوچھتے رہتے۔ بیماری کے باوجود ان کے ذہن میں اپنے شاگردوں کا خیال رہتا تھا۔ یہی خلوص ان کی شخصیت کا اصل جوہر تھا۔ وہ جانتے تھے کہ استاد کا اصل کام شاگردوں کے مستقبل کی تعمیر کرنا ہے۔ اس لیے وہ ہمیشہ طلبہ کے لیے اپنے دل اور دفتر کے دروازے کھلے رکھتے۔ کوئی بھی طالب علم جب بھی ان کے پاس جاتاوہ اسے وقت دیتے، سننے اور سمجھنے کی کوشش کرتے۔ وہ کبھی کسی کو ناامید نہیں کرتے۔ ان کی حوصلہ افزائی اتنی مؤثر ہوتی تھی کہ کمزور سے کمزور طالب علم بھی ان سے بات کر کے مضبوط ہو کر نکلتا۔
وہ ہمیشہ طلبہ کو یہ نصیحت کرتے کہ زندگی کو بامقصد بنائیں۔ ان کے نزدیک صرف ڈگری حاصل کر لینا کافی نہیں تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کے شاگرد معاشرے کے لیے مفید افراد بنیں۔ وہ اکثر کہتے کہ علم تبھی حقیقی بنتا ہے جب اسے دوسروں کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جائے۔ وہ کبھی یونیورسٹی کی سیاست میں ملوث نہیں ہوئے اور نہ ہی طلبہ کے ساتھ کوئی سیاسی رویہ اختیار کیا۔ وہ ہمیشہ مثبت اور تعمیری انداز میں پیش آتے۔ ان کی شخصیت میں کوئی تلخی یا منفی سوچ نہیں تھی۔ وہ تنازعات سے دور رہتے اور ہمیشہ صلح اور ہم آہنگی کا پیغام دیتے۔ یہی وجہ تھی کہ طلبہ اور اساتذہ دونوں انہیں احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔
آج اردو ادب کی پوری فضا سوگوار ہے۔ کیمپس کا ہر پتہ، ہر راستہ اور ہر کلاس روم یہ گواہی دے رہا ہے کہ ہم ایک عظیم شخصیت کے دیدار سے محروم ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل احمد کا کوئی نعم البدل نہیں۔ وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ طلبہ کے لیے وہ پیر بھی تھے، رہنما بھی اور رہبر بھی۔ ان کے پاس بیٹھ کر بات کرنے سے ذہن کھلتے تھے۔ان کی زندگی کا ہر لمحہ علم کی خدمت میں گزرا۔ وہ کبھی خود کو کسی بڑے منصب یا شہرت کا طلبگار نہیں سمجھتے۔ ان کے نزدیک اصل کامیابی یہ تھی کہ ان کے شاگرد کامیاب ہوں۔ یہی وجہ تھی کہ وہ ہمیشہ شاگردوں کے مسائل سنتے اور ان کے حل کی کوشش کرتے۔ کبھی کوئی طالب علم مالی مشکلات میں ہوتا تو وہ خاموشی سے مدد کرتے۔ کبھی کوئی ادبی مقالہ لکھنے میں الجھا ہوتا تو وہ گھنٹوں بیٹھ کر اس کی رہنمائی کرتے۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہی ان کی بڑی شخصیت کی عکاسی کرتی تھیں۔ ان کی رحلت کے بعد جو خلا پیدا ہوا ہے وہ شاید کبھی پر نہ ہو سکے گا۔ پوری ادبی دنیا آج ان کی جدائی پر رنجیدہ ہے۔ ان کے شاگرد، ان کے ساتھی اساتذہ اور اردو ادب سے وابستہ تمام لوگ سوگوار ہیں۔
ڈاکٹر سہیل احمد ہمیشہ زندہ رہیں گے اپنے شاگردوں کی کامیابیوں میں، اردو ادب کی ترقی میں اور ان تمام لوگوں کے دلوں میں جو ان سے کچھ سیکھ سکے۔
پشاور یونیورسٹی کا ادبی ماحول ان کی وجہ سے ہمیشہ ز ندہ رہے گا۔ ان کے لیکچرز، ان کی باتیں اور ان کا اندازِ گفتگو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ جو لوگ ان کے شاگرد رہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے پاس بیٹھنا کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔۔


