علی رضا: اخلاص اور ثنا کے آئینے میں…….. تحریر: حامد یزدانی

علی رضا: اخلاص اور ثنا کے آئینے میں
تحریر: حامد یزدانی

—–

کوئی اگر مجھ سے پوچھے کہ برسات کی طراوت پہلی بار کب محسوس کی تھی؟ گلاب کی خوشبو سے تعارف کب ہوا تھا؟ شام کے شفق رنگ کینوس پر خیال کے پرندوں کا اولین خاکہ کب ابھرتا دیکھا تھا؟ … تو میں جواب نہ دے سکوں گا، کیوں کہ مجھے یاد ہی نہیں۔ اسی طرح مجھے یہ بھی یاد نہیں کہ علی رضا سے میری پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی تھی۔ بس اتنا یاد ہے کہ اسی کی دہائی کا وسط ہوگا۔ میں ان دنوں پنجاب یونیورسٹی میں ایم اے سوشیالوجی کا طالب علم تھا اور جزوقتی طور پر ریڈیو پاکستان لاہور کے ساتھ ساتھ روزنامہ ’’جنگ‘‘ لاہور سے بھی منسلک تھا۔
’’جنگ‘‘ کے ادبی صفحے میں ایک ہفتہ وار کالم شائع ہوا کرتا تھا، ’’نئی آوازیں‘‘، جو ظاہر ہے نئے شعرا کے کلام پر مشتمل ہوتا تھا۔ اس کالم کے لیے شعری انتخاب کی ذمہ داری جب مجھے سونپی گئی تو پنجاب کے مختلف شہروں اور قصبات کے کئی عمدہ شعرا و شاعرات سے غائبانہ تعارف ہوگیا۔ شاید اسی سلسلے میں ساہیوال کے نوجوان شاعر علی رضا سے تعارف ہوا تھا، جن کی شہرت کا دائرہ بطور نعت گو اور نعت خواں تب ساہیوال سے نکل کر لاہور تک پہنچ رہا تھا۔ وہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگراموں میں باقاعدگی سے شریک ہوتے تھے۔
علی رضا مجھے شروع ہی سے ایک مخلص دوست اور ہنرمند تخلیق کار محسوس ہوئے۔ ان سے میرے ربطِ خاطر کو تقویت اور تسلسل دینے میں جہاں اس احساس کا ہاتھ تھا کہ وہ میرے ددھیالی شہر کے باسی ہیں، وہاں اس حقیقت نے بھی اہم کردار ادا کیا کہ وہ والدِ گرامی حضرت یزدانی جالندھری کا بھی بے حد احترام کرتے ہیں۔
علی رضا بلاشبہ ایک فراخ دل انسان ہیں۔ وہ خیر کی روشنی بانٹنے پر مامور ایک درویش کی طرح دوستوں کی ہمت افزائی اور پذیرائی کے لیے ہمیشہ کمربستہ رہتے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ وہ اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل اپنے احباب کو متعارف کروانے اور ان کی حوصلہ افزائی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ انہی کی وساطت سے مجھے جناب گوہر ہوشیارپوری، شوکت ہاشمی، سید افضال گیلانی صاحب، جعفر شیرازی صاحب، سید عون الحسن غازی گیلانی، واصف سجاد سمیت ساہیوال کی دیگر اہم ہستیوں سے ملاقاتوں کے مواقع ملے۔
ساہیوال میں میرے پہلے شعری مجموعے ’’ابھی اک خواب رہتا ہے‘‘ کی تقریبِ تعارف کا اہتمام بھی ان کی اسی مخلصانہ اور برادرانہ محبت کا عکاس ہے۔ اس یادگار تقریب کی صدارت جناب علی اکبر عباس نے کی تھی، جب کہ مہمانِ خصوصی سید شوکت ہاشمی تھے، اور مضامین پڑھنے والوں میں (حاجی) بشیر احمد بشیر، پروفیسر جمیل احمد عدیل اور اعجاز رضوی جیسے لکھاری شامل تھے۔
جیسا کہ عرض کیا، اب سے کوئی چالیس برس قبل نوجوان علی رضا سے جب تعارف ہوا تھا تو اس وقت وہ ایک ابھرتے ہوئے شاعر اور نعت خواں تھے، مگر وقت کے ساتھ ساتھ ان کی محنت اور لگن میں اضافہ ہوتا چلا گیا، اور اب وہ ان شعبوں میں ملک بھر بلکہ ملک سے باہر بھی اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ بعدازاں وہ پی ٹی وی سے بھی منسلک ہوگئے اور پھر ان کے اردو اور پنجابی کے متعدد شعری مجموعے اور شعری انتخاب شائع ہو کر اہلِ نظر سے داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں۔
ان کی نظم و نثر کی مطبوعہ کتب کی فہرست طویل بھی ہے اور لائقِ قدر بھی۔ ماشاء اللہ!
یوں تو انہیں قومی اور صوبائی سطح پر بہت سے وقیع حکومتی اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے، مگر جو اصل ’’سرکاری‘‘ اعزاز انہیں عطائے ربانی سے نصیب ہوا ہے، وہ سرکارِ دو عالم ﷺ کی ثنا خوانی ہے۔ یہ وہ اعزاز ہے جس کی لو تمغۂ شفاعت کے نور سے جا ملتی ہے۔ الحمدللہ۔
ان کی ایک مقبول نعت کے چند اشعار دیکھیے، جن کے دل نشیں مضامین آپ کو میرے احساس کی تائید کرتے محسوس ہوں گے:
درود پڑھتے ہوئے نعت گنگناتے ہوئے
میں پل صراط سے گزروں گا مسکراتے ہوئے
کسی طرح بھی نگاہوں کو بھولتے ہی نہیں
وہ رنگ و نور میں دیوار و در نہاتے ہوئے
بروزِ حشر اٹھوں گا، بڑا یقیں ہے مجھے
میں اپنے حرفِ عقیدت کی داد پاتے ہوئے
گناہ گار تھا، غم سے نڈھال ہو رہا تھا
خود اپنی ذات کو میں آئینہ دکھاتے ہوئے
میں جیسے پاسِ ادب سے حواس کھو بیٹھا
نبیؐ کے شہر کی جانب قدم اٹھاتے ہوئے
نبیؐ کی سیرت و کردار کے اجالے میں
ہمیشہ ملتا ہوں دشمن سے مسکراتے ہوئے
ندامتوں سے شرابور ہوں، تبھی تو رضا
میں ڈر رہا ہوں درِ مصطفیٰؐ پہ جاتے ہوئے
(سبحان اللہ!)
یہ نعت میں اپنی محفلِ تخیل میں علی رضا سے ان کے من موہنے لحن میں سنتا ہوں، اور مجھے محسوس ہوتا ہے جیسے روضۂ رسول ﷺ کی حاضری پر مامور ملائکہ بھی اپنی نورانی صداؤں کے ساتھ علی کے ہم نوا بن گئے ہوں۔
ان کی شاعری اور دوستی کی انگلی تھامے یادوں کی پگڈنڈی پر کچھ قدم اور آگے چلوں تو وہ دور سامنے آ جاتا ہے جب میں لاہور میں تھا۔ تب اس خوبصورت شاعر سے مسلسل اور متواتر ملاقاتیں رہیں، ہمارے گھر پر، پاک ٹی ہاؤس میں، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی سنٹر میں۔ مگر پھر میرے جرمنی چلے جانے اور بعدازاں مستقل سکونت اختیار کر کے کینیڈا آ جانے کے بعد بالمشافہ ملاقاتوں کا سلسلہ تقریباً منقطع ہو کر رہ گیا۔ تاہم سوشل میڈیا کے فروغ نے ہمارے باہمی رابطے کو ایک نئی اور تازہ صورت دے دی ہے۔ اب ہم باقاعدہ ایک دوسرے کے رابطے میں رہتے ہیں اور اپنی تخلیقات بھی ایک دوسرے سے سانجھی کرتے ہیں۔
علی رضا گزشتہ دنوں صحت کے ایک مسئلے سے دوچار ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے اب تیزی سے روبصحت ہیں، مگر ایسے میں بھی، جب ان کے معالجین انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوں گے، وہ ہمہ تن مصروف ہیں؛ لکھنے میں، تخلیقات کے موضوعاتی انتخاب میں اور دوستوں سے اظہارِ محبت کرنے میں۔
میری یہ مختصر تحریر ایک ذاتی تاثر پر مشتمل ہے۔ ان کے تخلیقی محاسن کا ذکر ایک جداگانہ اور مفصل مضمون کا متقاضی ہے۔
علی رضا اللہ، رسولِ اکرم ﷺ اور آلِ رسولؑ کے شیدا اور ثنا گو ہیں اور اپنی دینی و دنیوی کامیابیوں کو انہی کے کرم کا مظہر سمجھتے ہیں۔ دعا ہے کہ علی رضا اپنے نام کی عظیم نسبتوں کے صدقے مزید بلندیوں کو چھوئیں، ہمیشہ سرخرو بھی رہیں اور پرسکون بھی۔ 

آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ

——

اپنا تبصرہ لکھیں