صوبوں کی تقسیم بظاہر اسٹیبلشمنٹ میں موجود ان عناصر کا منصوبہ ہے جو پاکستان کی طاقت ور اور مقبول ترین جماعتوں یعنی پاکستان مسلم لیگ نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کو کم زور کرنے کے لیے برسوں سے بے قرار ہیں- نئے صوبوں کا مطالبہ اگر انتظامی ضرورت کے تحت ہوتا تو اس پر کسی کو اعتراض نہ ہوتا- پھر بھی اس مطالبے کو پذیرائی صرف اس صورت میں مل سکتی تھی کہ جب یہ مطالبہ کسی قومی سیاسی جماعت کی طرف سے آیا ہوتا- لیکن یہاں یہ شگوفہ ہمیشہ ان لوگوں کے منھ سے پھوٹا جنھیں عوام اسٹیبلشمنٹ کے بھونپو سمجھتے ہیں- حالیہ برسوں میں اس حوالے سے عوام کو ہم نوا بنانے کی کوششوں کا آغاز بعض کاروباری اداروں کی تقریبات میں، بعض کاروباری شخصیات کی تقاریر کے ذریعے کروایا گیا- پھر ان تقاریر کو نیوز چینلز کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا بھی انتظام کیا گیا- پھر محسن نقوی نامی ایک صاحب نے “سسٹم کولیپس” کا راگ الاپا- محسن نقوی کے بارے میں عوام الناس تک صرف یہی معلومات پہنچی ہیں کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے چہیتے، اور پاکستان کی دو تین بااختیار ترین شخصیات میں شامل ہیں، شاید وزیرِ اعظم اور پارلیمان سے بھی زیادہ بااختیار –
منتخب پارلیمان سے نئے صوبوں کی خواہش پوری کروانا ممکن نظر نہیں آیا تو ریفرنڈم کا خیال سامنے لایا گیا ہے- اگر ریفرنڈم ہو تو عوامی حمایت کا پلڑا کس طرف جھکے گا، کوئی یقینی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا- لیکن نئے صوبوں کے پروگرام سے، سب سے زیادہ خوف زدہ پیپلز پارٹی ہے- حیرت ہے کہ پیپلز پارٹی تو خود کو عوامی جماعت کہتی ہے، ملک کا صدر، دو صوبوں میں گورنرز، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، اور گلگت بلتستان سمیت تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی پیپلز پارٹی کے ہیں، پھر بھی پیپلز پارٹی خوف زدہ ہے- اس سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ عوامیت کے دعوے، اور ملک کے طاقت ور ترین عہدوں پر قبضہ، دراصل حقیقی عوامی حمایت کے بغیر، بعض طویل المدتی”ٹیکنیکل” کارروائیوں کا نتیجہ ہیں- بالکل اسی طرح کی ٹیکنیکل کارروائی، جیسی بے نظیر کے بعد 18 سالہ بچے بلاول کو پیپلز پارٹی کا چیئرمین بنانے کے لیے کی گئی تھی-
گزشتہ دنوں بلاول نے چند ایسی باتیں کہیں، جن سے ان کے اپنے جمہوری دعووں اور سیاسی مستقبل پر کئی سوالات کھڑے ہو چکے ہیں-
بلاول نے کہا کہ یہ نظام ناکام ہے- ملک کے 70 فی صد اقتدار پر قابض پارٹی کا چیئرمین خود کو اپوزیشن ظاہر کرے اور نظام کو ناکام کہے تو پھر وہ خود سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتا، یا پھر اپنی پارٹی کو تمام ریاستی عہدوں سے علیحدہ کیوں نہیں کر لیتا؟
انھوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر رول کو ناجائز کہہ دیا- جب کہ گورنر راج کا نفاذ تو خود پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ محسن نقوی کی خواہش پر، اور بلاول کے والد آصف زرداری کے دست خط سے ہؤا، اور سارے اختیارات بھی پیپلز پارٹی کے ہی فیصل کریم کنڈی کو مل گئے- اب اگر بلاول گورنر رول کو غلط سمجھتے ہیں تو (بحیثیت چیئرمین پیپلز پارٹی) وہ ان تینو شخصیات سے استعفیٰ کیوں نہیں لیتے؟
اگر بلاول 9 مئی 2023 کے سانحے کے مبینہ ذمہ داروں کو سیاسی قیدی کہتے ہیں تو ان کی اپنی شخصیت پر بہت حساس اور سنگین سوالات اٹھتے ہیں- کیا وہ اپنے ہی ملک کی دفاعی تنصیبات پر 9 مئی جیسے منظم حملے کو “سیاست” سمجھتے ہیں؟ تو پھر کیا وہ “الذوالفقار” کو بھی دراصل سیاست ہی سمجھتے ہیں؟ کیا وہ خود بھی مستقبل میں اسی قسم کی “سیاست” کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اگر وہ 9 مئی کے ثابت شدہ سزا یافتہ مجرموں کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو اپنی ہی پارٹی کے صدر مملکت سے ان کی سزائیں ختم کروا کے انھیں رہا کیوں نہیں کروا لیتے؟
پنجاب 1947 میں تقسیم ہو چکا- بلاول پاکستان کے حصے میں آنے والے بقیہ پنجاب کو مزید توڑنا چاہتے ہیں، لیکن سندھ کے نئے صوبے بننے کی صورت میں خون کی ندیاں بہانے جیسی انتہائی خوف ناک دھمکیاں دے رہے ہیں-
وہ 1995 میں بننے والی پی ٹی آئی کو 9 مئی والے سانحے کے باوجود پاکستانی سیاست کے لیے ضروری کہتے ہیں، لیکن گزشتہ نصف صدی سے کراچی، سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے تعلیم یافتہ شہریوں کی ترجمان ایم کیو ایم، اور 90 سالہ پرانی جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے- انھوں نے کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئر کیسے بنوایا؟ کیا انھوں نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکا نہیں مارا؟ فارم 47 بھلا اور کسے کہتے ہیں؟ وہ کیوں نہیں مانتے کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے بغیر سندھ نہیں چل سکتا؟
بلاول زرداری ایک سلجھے ہوئے سیاست دان نظر آتے ہیں، لیکن ہم اکثر بھول جاتے ہیں کہ وہ کس طریقے سے پیپلز پارٹی کے تاحیات چیئرمین بنائے گئے اور کن لوگوں نے انھیں سیاسی تربیت دی ہے-
سوچ، مقام اور مرتبے کے لحاظ سے سندھ میں جی ایم سید، بخش پلیجو اور الطاف حسین بلاول سے بہت بڑے اور اصلی سیاست دان تھے جنھوں نے کسی وراثتی انتقال اور وصیتی پرچی کی بجائے خود اپنی جینوئن فکر اور جدوجہد کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا، لیکن متنازعہ تقاریر نے انھیں قومی سطح کا سیاست دان نہ بننے دیا-
کسی دور میں ایم کیو ایم الطاف حسین کو وزیراعظم بنانا چاہتی تھی، اسی طرح اب پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو وزیرِ اعظم بنانا چاہتی ہے، لیکن بلاول کی حالیہ تقریر سندھ کی سیاسی تاریخ کی متنازعہ ترین تقاریر میں شامل ہو چکی ہے- اگر پی ایم ایل این اندر خانے پیپلز پارٹی کا خاموش ساتھ نہ نبھائے، تو جانے کب تک پیپلز پارٹی اس تقریر کی صفائیاں دیتی رہے گی-


