وقت ہی شاید خدا ہے/ندا اسحاق

جو لوگ خدا کو مانتے ہیں انہیں اس بات کا خوف رہتا ہے کہ اگر وہ کچھ غلط کریں گے تو ان کے ساتھ آنے والے وقت میں برا ہوگا جسے آپ ”کرما“ یا ”مکافات“ کہہ سکتے ہیں…. لیکن اگر آپ غور کریں گے تو اندازہ ہوگا کہ لوگ خدا سے نہیں بلکہ وقت سے ڈرتے ہیں، اور وقت بھی خدا کی ہی تخلیق ہے تو بالواسطہ طور پر وقت خدا ہی ہوا۔ لیکن آج اچانک میں کیوں وقت اور خدا کو یوں زیرِبحث لارہی ہوں، کیونکہ پچھلے کئی سالوں میں وقت کی کروٹوں کو بدلتا ہوا دیکھنے کے علاوہ میں نے مختلف علوم سے اسے سمجھنے کی ایک معمولی سی کوشش بھی کی ہے، ویسے ہم انسانوں کی معمولی اور محدود عقل وقت جیسی پراسرار چیز کو کتنا ہی سمجھ سکتی ہے لیکن اس آرٹیکل میں اپنے تجربے سے چند پوائنٹ شیئر کروں گی جو میں نے اب تک سیکھے اور جانے وقت کے متعلق۔

سائیکوانالیسس، سائیکالوجی، فزکس اور جوتش نے مجھے وقت کو کسی حد تک سمجھنے میں مدد کی۔ میری پریکٹس میں سب سے کامن فیکٹر جو مجھے انسان کی نفسیات کے متعلق سمجھنے کو ملا وہ تھا ”وقت اور حالات سے جنگ“….. انسانوں کے لیے دنیا اس لیے بھی کٹھن جگہ ہے کیونکہ وہ یہاں زیادہ کنٹرول نہیں رکھتے، انکی خواہشات اور چاہتوں کا ٹکراؤ وقت اور حالات کے ساتھ رہتا ہے۔ جب وقت انسان کی امیدوں اور خواہشات کے برعکس کام کررہا ہو تو انسان حالات اور وقت کے تقاضوں کو سمجھنے کی بجائے یا تو ان سے لڑتے (fight mode) ہیں یا پھر انکا سامنا (flight mode) نہیں کرنا چاہتے اور یہ جنگ انکی نفسیاتی تکلیف کو دوگنا کردیتی ہے۔ اور چونکہ وقت خدا ہے اور خدا سے آپ لڑ نہیں سکتے اور نہ ہی اس سے فرار ممکن ہے، تبھی وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی خواہشات/گولز کو جانے دینا یا پھر ترک کردینا یا پھر ملتوی کردینا عقلمندی کی نشانی سمجھا جاسکتا ہے(خواہشات/گولز کو جانے دینا بھی ایک نفسیاتی عمل ہے)۔ جب وقت کے تقاضے آپ کے عمل کے ساتھ ملاپ میں ہوں تو ہر چیز اچھی ہوتی ہے اور یوں آپ کو لگتا ہے کہ سب آپ کی محنت کا کمال ہے…. محنت کو اگر حالات یا وقت کا ساتھ نہ ملے تو وہ اس طرح اپنا رنگ نہیں دکھا سکتی جیسا اسے دکھانا چاہیے۔ اس لیے خدا یعنی کہ وقت سے ڈریے اور عاجز رہیے۔

سگمنڈ فرائیڈ نے سائیکوانالیسس انسان کی نفسیاتی اذیت کو کم کرنے کے لیے تخلیق کی تھی، اور ہم سائیکوانالیسس کو ”ٹائم مشین“ کہتے ہیں جس میں سوار ہوکر آپ اپنے ماضی میں جاتے ہیں، حال کو سمجھتے ہیں اور مستقبل کے لیے بھی خود کو تیار کرتے ہیں…. یونہی ہندو مہارشیوں کی بنائی ہوئی جوتش بھی ”وقت کی سائنس“ ہے، یہ علم قدیم زمانے کے لوگوں نے ”وقت“ کی کروٹوں اور تقاضوں کو سمجھنے کے لیے تخلیق کیا تھا، ہندو یوگی اور مہارشی یہ بات جانتے تھے کہ وقت ہی خدا ہے تبھی آج بھی ہندو ہر کام سے پہلے ”مہورت“ یعنی کہ وقت کی کروٹوں کو سمجھتے ہیں، حالانکہ جوتش کوئی پرفیکٹ یا بھروسہ مند طریقہ نہیں وقت کے تقاضوں کو سمجھنے کا البتہ میں قدیم انسانوں کے دانش کو سراہتی ہوں کہ وہ وقت کی اہمیت کو بہت گہرائی سے سمجھتے تھے۔ آج کا انسان اپنی کامیابی کا سارا سہرا اپنے سر لیتا ہے، دوسروں کے ساتھ کامیاب ہونے کے طریقے شیئر کرتا ہے جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ہر انسان کے حالات اور تجربات منفرد ہیں اور ہر انسان کا وقت بھی الگ ہوتا ہے۔

حال ہی میں ایک قریبی جاننے والوں کی فیملی میں اٹھارہ سال بعد ایک مسئلہ کو اجاگر ہوتے دیکھا، وقت نے اس فیملی کو مجبور کیا کہ اٹھارہ سال پہلے جو کام ادھورا رہ گیا تھا وہ اسے مکمل کرے۔ کچھ ایسے حادثات گھٹے اور حالات بنے کہ ان سب کو اٹھارہ سال پرانے ایک مسئلے کا پھر سے سامنا کرنا پڑا….. اب یہاں پر آپ کو ایک بہت عجیب لیکن کام کی بات بتاتی چلوں گی کہ….. وقت آنے پر حالات کے سامنے تو سب کو جھکنا ہی پڑتا ہے، لیکن ”کامیابی اسے کہتے ہیں جو وقت سے پہلے مل جائے“….. مطلب یہی کہ وقت آنے پر آپ کو ڈاکٹر کہتے ہیں کہ آپ کو ڈائبیٹیز ہے اور آپ کو میٹھا کھانا یا پھر اپنے لائف اسٹائل میں تبدیلیاں لانی ہونگی، لیکن نفسیات میں ہم کہتے ہیں کہ آپ کو ”اختیار“ (autonomy) اور ”ایجنسی“ (agency) کا احساس تب ہوتا ہے کہ جب آپ اپنی مرضی سے اپنے طرزِ زندگی کو بدلتے ہیں نہ کہ جب حالات آپ کو مجبور کرتے ہیں…. اور آپ جانتے ہیں کہ زیادہ تر لوگ کیوں اپنی مرضی سے اپنی لت (addictions) یا کچھ عادتوں کو نہیں چھوڑ پاتے ؟؟

کیونکہ انہیں چھوڑنا آپ کو ”درد“ (pain) میں لے کر جاتا ہے اور درد کوئی سہنا نہیں چاہتا… جب آپ کسی ٹاکسک افیئر کو چھوڑ کر جاتے ہیں حالانکہ آپ کا دل ابھی تک نہیں بھرا، ابھی حالات نے مجبور نہیں کیا، لیکن آپ اس بات کا تہیہ کرلیتے ہیں کہ مجھے مزید وقت اور توانائی کا زیاں نہیں کرنا، میں وقت سے پہلے اس افیئر سے باہر نکل رہا ہوں تو وہاں آپ کا ذہن ”خودمختاری“ (autonomy) اور ”ایجنسی“ (agency) کو محسوس کرے گا اور یہیں سے خود-اعتمادی جنم لیتی ہے اور آپ کے دماغ کو یہ پیغام ملتا ہے کہ آپ اپنے فیصلے لینے کا اختیار رکھتے ہیں اور آپ کی زندگی آپ کے اختیار میں ہے….. وقت سے پہلے نقصان دینے والی عادتوں کو چھوڑ کر جانا انسان کو بہت تکلیف اور اذیت دیتا ہے۔ حالانکہ وقت آپ کو اس ٹاکسک ریلیشن شپ سے باہر نکالے گا، آپ کا لمرنس (Limerence ) ٹوٹے گا وقت آنے پر البتہ آپ کو حاصل کچھ نہیں ہوگا اور آپ خود کو حالات کا شکار محسوس کریں گے…. سائیکوانالیسس کی زبان میں کہوں تو آپ محض اپنے لاشعور (unconscious and autopilot )کے رستے پر گامزن رہیں گے، جہاں آپ وقت کے اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں گے۔

اوپر پیراگراف میں جس فیملی کا میں نے ذکر کیا اگر وہ فیملی وقت سے پہلے ان مسائل کو سمجھنے کی کوشش کرتی تو شاید زیادہ بہتر طور پر انہیں حل کرپاتی، آج وقت نے مجبور کیا مسائل کا سامنا کرنے کے لیے اور وہ کربھی رہے ہیں لیکن اب ان مسائل کو حل کرنے کا اتنا فائدہ نہیں مل سکے گا جتنا وقت سے پہلے اس پر سوچ بچار کرنے سے ملتا۔ اور اس بات کا احساس اس فیملی کو بخوبی ہے۔

آپ بھی کہیں گے کہ ابھی تو آپ نے کہا کہ وقت ہی خدا ہے اور وقت کے آگے جھکنا ہے اور ابھی آپ کہہ رہی ہیں کہ وقت سے پہلے مسائل کو سمجھنا اور حل کرنے کی کوشش ضروری ہے… تضاد ہے میری اس بات میں!!!
انسان کی نفسیات کی بنیاد ہی تضاد پر قائم ہے، یہی ہماری تکلیف کی وجہ البتہ یہی ہماری طاقت اور انسانی نفسیات کی خوبصورتی بھی ہے….

دراصل وقت کے آگے لاشعوری (unconsciously) طور پر جھکنے میں اور شعوری طور پر وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے جھکنے میں بہت فرق ہے۔ اگر لاشعور (unconscious ) آپ کی قسمت یا تقدیر ہے تو شعور (conscious) ہونا آپ کی آزاد قوتِ ارادی (free will) کہلائی جاسکتی ہے، سائیکیاٹرسٹ اور سائیکوانالسٹ کارل یونگ بھی یہی کہہ کر گئے کہ جب تک لاشعور کو شعور میں نہیں لایا جاتا تب تک آپ اسے قسمت کا نام دیتے رہیں گے۔ شعور آپ کو حالات یا وقت کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت نہیں دیتا البتہ وہ آپ کو وقت اور حالات کے تقاضوں کو سمجھنے اور پھر ان کے آگے جھکنے کی صلاحیت ضرور بخشتا ہے۔ جسکا فائدہ آپ کو نفسیاتی اعتبار سے پہنچتا ہے (یہ نہیں بھولیے گا کہ سب سے زیادہ پریشان کردینے والا درد نفسیاتی ہی ہے)۔

اور چونکہ اگر آپ شعوری طور پر انالیسس کرکے حالات اور وقت کے تقاضوں کے آگے جھکیں گے نہیں تو یقین مانیے وقت لاشعوری طور پر آپ کو ضرور جھکائے گا، سامنا کروائے گا لیکن اس جھکنے میں وہ تاثیر نہیں ہوگی جو شعوری طور پر سرینڈر کرنے میں ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں