“مکالمہ” پر قسط وار شائع ہونے والا میرا یادنامہ جب “سوسن کے پھول” کے نام سے شائع ہوا تو میرے مہربان تخلیق کار دوست ڈاکٹر خالد سہیل صاحب نے ایک ایسی بات کی طرف توجہ دلائی جس پر میں نے اس سے پہلے پوری طرح غور نہیں کیا تھا کہ اس کتاب کے ذریعے قاری میرے والد، یزدانی جالندھری صاحب، سے تو اچھی طرح متعارف ہو جاتا ہے، مگر والدہ صاحبہ کی شخصیت کسی قدر پس منظر میں رہ جاتی ہے۔ اس لیے ان پر الگ سے لکھا جانا چاہئے۔ان کی بات سن کر میں نے غور کیا تو محسوس ہوا کہ امی جان بھی واقعی اپنی ذات میں ایک اہم شخصیت، ایک دل چسپ کردار اور ایک مکمل داستان تھیں۔
والد صاحب کے بارے میں لکھنا میرے لیے نسبتاً آسان تھا۔ ان سے میرا تعلق بے تکلفی، قربت اور فکری ہم آہنگی کا تعلق تھا۔ وہ گویا ایک کھلی ہوئی کتاب تھے؛ خوش مزاج، مثبت اور تخلیقی سوچ رکھنے والے، روادار اور زندگی سے محبت کرنے والے قناعت پسند انسان۔ ان کی شخصیت میں ایسی کشادگی تھی جو دوسروں کو اپنے قریب آنے کی دعوت دیتی تھی۔
امی جان البتہ کچھ مختلف تھیں۔
وہ محبت کرنے والی ماں بھی تھیں اور اصولوں کی سخت پاس دار بھی۔ ان میں شفقت بھی تھی اور احتساب بھی۔ روایت سے وابستگی بھی تھی اور ضرورت پڑنے پر اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنے کا حوصلہ بھی۔ اگر والد صاحب ایک خوش ذائقہ پھل تھے تو امی جان درخت کی وہ مضبوط جڑیں تھیں جن سے پھل اور پھول نمو پاتے ہیں۔
شاید اسی لیے ان کے بارے میں لکھنا کچھ زیادہ مشکل محسوس ہوتا رہا۔ زندگی میں ان سے میرا تعلق صرف محبت کا نہیں تھا، سیکھنے، اختلاف کرنے، سمجھنے اور عمر کے مختلف مرحلوں میں زندگی کو نئے سرے سے دریافت کرنے کا تعلق بھی تھا۔
امی جان کا نام سیدہ رشیدہ جہاں گیلانی تھا۔ ان کے بہن بھائی انھیں “آپا رشیدہ” کہہ کر پکارتے تھے، مگر محلے میں ان کی پہچان کسی اور نام سے تھی۔
وہاں وہ “بوٹیاں والی خالہ” کہلاتی تھیں۔
اس نام کی وجہ بڑی سادہ سی تھی۔
محلے میں ہمارا گھر شاید واحد گھر تھا جس میں پودے اور درخت موجود تھے۔ صحن میں ایک درخت امرود کا تھا، ایک پپیتے کا، اور گلابی رنگ کے کاغذی پھولوں کی ایک گھنی بیل جو نیچے کی کیاری سے چلتی ہوئی دوسری منزل تک جا پہنچی تھی۔ چنانچہ لوگ ہمارے گھر کو “بوٹیاں والا مکان” اور اس کی مرکزی مکین کو “بوٹیاں والی خالہ” کے نام سے جانتے تھے۔
بعد کے برسوں میں مجھے احساس ہوا کہ یہ نام محض ایک اتفاق نہیں تھا۔
امی جان کو واقعی پودے لگانا پسند تھا، مگر صرف مٹی میں نہیں۔ وہ انسانی شخصیت کی آبیاری بھی جانتی تھیں۔ انہوں نے اپنے بچوں، شاگردوں، پڑوسیوں اور عزیزوں کے دلوں میں محنت، محبت، خودداری اور احساسِ ذمہ داری کے پودے لگائے تھے۔ آج بھی ان کی لگائی ہوئی ان کونپلوں کی شاخیں مختلف سمتوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔
امی جان بارہ دسمبر 1931ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد سید شریف شاہ گیلانی گھڑی سازی کے پیشے سے وابستہ تھے مگر بعدازاں ان کی دلچسپی روحانی تعلیم و تربیت کی طرف ہو گئی۔ عقیدت مند انھیں “پیر جی” کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔
امی جان سات بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھیں۔ بچپن کا کچھ حصہ ابھی سکون سے گزرا ہی تھا کہ تقسیمِ برصغیر کا ہنگامہ برپا ہو گیا اور لاکھوں دوسرے خاندانوں کی طرح ان کے خاندان کو بھی ہجرت کا کٹھن مرحلہ طے کرنا پڑا۔
ہجرت کے انہی دنوں کا ایک واقعہ خاندان میں برسوں سنایا جاتا رہا۔
لَدھیانہ سے نکل کر خاندان امرتسر پہنچا اور وہاں سے لاہور جانے والی ٹرین پر سوار ہوا۔ ٹرین روانہ ہو چکی تھی کہ نانی جان کو احساس ہوا کہ ان کی منجھلی بیٹی رشیدہ تو سٹیشن ہی پر رہ گئی ہے۔
اس لمحے خاندان پر کیا گزری ہوگی، اس کا اندازہ کرنا آج بھی آسان نہیں۔
مگر تقدیر نے ایک عجیب مہربانی کی۔
جب ٹرین لاہور پہنچی تو نانا جان کا ایک جاننے والا ننھی رشیدہ کو اپنے ساتھ لیے نمودار ہوا۔ اس نے بتایا کہ بچی کو تنہا اور پریشان دیکھ کر وہ اسے اپنے ڈبے میں لے آیا تھا۔
یوں ایک بچھڑی ہوئی بچی اپنے والدین سے دوبارہ جا ملی۔ آگے چل کر اسی بچی نے ہماری والدہ بننا تھا۔
ہجرت کے بعد خاندان پہلے ساہیوال اور پھر لائل پور، یعنی موجودہ فیصل آباد میں آ بسا۔ امی جان نے کم عمری ہی میں نقل مکانی، غیر یقینی حالات اور زندگی کی سخت حقیقتوں کا سامنا کیا۔ شاید یہی تجربات بعد کی زندگی میں ان کی مضبوطی، خود انحصاری اور عملی مزاج کی بنیاد بنے۔
انہیں رسمی تعلیم زیادہ حاصل کرنے کا موقع نہ ملا، جو اس زمانے کے بہت سے مسلم گھرانوں میں عام بات تھی۔ البتہ قرآنِ مجید پڑھنا اور پڑھانا، اردو لکھنا پڑھنا اور مطالعے کا ذوق، یہ سب ان کے مزاج کا حصہ تھے۔
بعد ازاں جب ان کی شادی والد صاحب سے ہوئی تو یہ ذوق مزید نکھر گیا۔
ان کی شادی کا قصہ بھی کسی حد تک فلمی موڑ لیے ہوئے ہے۔
والد صاحب کا خاندان تقسیم سے پہلے ہی جالندھر سے ساہیوال منتقل ہو چکا تھا۔ ادھر ہمارے ننھیال ہجرت کے بعد وہاں پہنچے۔ ایک مشترکہ جاننے والے خاندان کے ذریعے دونوں گھرانوں کا تعارف ہوا اور رشتہ طے پا گیا۔
مگر شادی سے کچھ پہلے ایک رشتہ دار نے نانا جان کے ذہن میں کئی طرح کے خدشات ڈالنے شروع کیے۔ کبھی عقائد کا مسئلہ اٹھایا گیا، کبھی خاندان کے ماحول کا، اور کبھی یہ کہا گیا کہ یہ “استانیوں” کا گھرانہ ہے، آپ کی بیٹی وہاں خوش نہ رہ سکے گی۔
جب یہ کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو انہی صاحب نے اپنے صاحبزادے کا رشتہ پیش کر دیا۔

یہیں آ کر نانا جان کو اصل بات سمجھ آگئی۔
خوش قسمتی سے غلط فہمیاں دور ہو گئیں اور رشتہ قائم رہا۔ یوں سیدہ رشیدہ جہاں گیلانی کی شادی ابو بشیر سید عبدالرشید یزدانی سے ہوگئی اور وہ ایک ایسے گھر آئیں جس کے دروازے پر ایک تختی لگی تھی:
“اردو محل”
یہ تختی جیسے اس گھر کے مزاج کا اعلان تھی۔
کتابیں، رسائل، ادب، شاعری اور زبان سے محبت وہاں کی فضا میں رچی بسی تھی۔ امی جان نے اس ماحول کو نہ صرف قبول کیا بلکہ وقت کے ساتھ اس کا حصہ بھی بن گئیں۔
والد صاحب شاعری، صحافت اور ادبی سرگرمیوں سے وابستہ تھے۔ گھر میں رسائل آتے تھے، کتابیں جمع ہوتی تھیں، شعرا و ادبا کا ذکر چلتا تھا اور کبھی کبھار مشاعروں کی بازگشت بھی گھر تک پہنچتی تھی۔
امی جان نے اگرچہ باقاعدہ اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کی تھی، مگر ان کی فطری ذہانت اور مطالعے کے شوق نے انہیں اس ماحول سے پوری طرح ہم آہنگ کر دیا۔ وہ اردو اچھی پڑھ لیتی تھیں اور مختلف رسائل شوق سے دیکھتی تھیں۔ “حور”، “زیب النساء” اور “چلمن” جیسے رسائل ان کے مطالعے میں شامل رہتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ شعری ذوق بھی پروان چڑھا۔ اساتذۂ شعر کے متعدد اشعار انہیں یاد تھے اور موقع محل کی مناسبت سے وہ اکثر سنایا کرتی تھیں۔
شادی کے ابتدائی برسوں میں جب والد صاحب فلمی صنعت سے وابستہ تھے تو نئی فلموں کے اعزازی ٹکٹ گھر آیا کرتے تھے اور امی جان ان کے ساتھ فلم دیکھنے بھی جاتیں۔ بعد میں ریڈیو ان کا مستقل ساتھی بن گیا۔ قرآنِ مجید کی تلاوت، حمد و نعت، حالاتِ حاضرہ اور اچھے گیت، سب کچھ انہی دلچسپی سے سنتیں۔ پھر ٹیلی وژن آیا تو اس کے معیاری پروگرام بھی ان کی دل چسپی کا مرکز بن گئے۔
یہ سب باتیں اس عمومی تصور سے ذرا مختلف تھیں جو ہم بچپن میں ان کی اصول پسند اور نسبتاً سخت گیر شخصیت کے بارے میں رکھتے تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ ان کی طبیعت میں خوش مزاجی اور زندگی سے لطف اندوز ہونے کا عنصر بھی موجود تھا، البتہ ہر چیز میں اعتدال اور وقار کی حدود کا خیال رکھتی تھیں۔
میرے والدین مزاج کے اعتبار سے ایک دوسرے سے خاصے مختلف تھے۔
والد صاحب نرم خو، فراخ دل اور بچوں کو زیادہ سے زیادہ آزادی دینے کے قائل تھے۔ ان کا خیال تھا کہ ہر انسان کو اپنی راہ خود تلاش کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ وہ بچوں کی پسند و ناپسند کو اہمیت دیتے اور مکالمے کے ذریعے بات سمجھانے پر یقین رکھتے تھے۔
اس کے برعکس امی جان نظم و ضبط، روایات اور واضح حدود و قیود کی علم بردار تھیں۔
ان کے نزدیک اچھی تربیت کا مطلب صرف محبت نہیں بلکہ رہنمائی، نگرانی اور بعض اوقات سختی بھی تھا۔
صبح سویرے ہمیں مسجد چاہ جھنڈی قرآن پڑھنے بھیجنا ہو، سکول کا کام مکمل کروانا ہو یا نماز کی پابندی کی یاددہانی، یہ تمام ذمہ داریاں وہ بڑی سنجیدگی سے نبھاتی تھیں۔
آج کے زمانے کے نوجوان شاید ان رویّوں کو سختی سمجھیں، مگر اس عہد کے بیشتر گھرانوں میں یہی اقدار رائج تھیں۔ فرق صرف یہ تھا کہ ہمارے گھر میں ان اقدار کی مضبوط ترین نمائندہ امی جان تھیں جبکہ والد صاحب ان میں کچھ نرمی اور گنجائش پیدا کرنے کے حامی تھے۔
کم عمر بچے اور اس پر گھر کے معاملات، سب کو سنبھالنا کوئی کار آساں نہ تھا۔
ایک بھائی بچپن ہی میں اللہ کو پیارا ہوگیا، باقی سات بچوں کی پرورش، تعلیم، لباس، خوراک اور تربیت کی بنیادی ذمہ داری بڑی حد تک امی جان کے کندھوں پر تھی۔
آج سوچتا ہوں تو حیرانی ہوتی ہے کہ وہ اتنے سارے کام اس قدر خوش اسلوبی سے کیسے سنبھال لیتی تھیں۔
صبح سے رات تک گویا ان کا دن ختم ہی نہیں ہوتا تھا۔
بچوں کو سکول بھیجنا، بازار سے سودا سلف منگوانا یا خود خرید کر لانا، کھانے پکانا، گھر کو سنبھالنا، رشتہ داروں اور مہمانوں کا خیال رکھنا، اور پھر ہر بچے کی ضرورت پر الگ توجہ دینا۔
اگر انہیں صرف “گھریلو خاتون” کہا جائے تو یہ ان کے کام کی نوعیت کو بہت محدود کر دینے والی بات ہوگی۔
حقیقت میں وہ پورے گھر کی منتظم تھیں۔
والد صاحب کی ملازمت کی نوعیت بھی ایسی تھی کہ گھر کے عملی معاملات زیادہ تر امی جان ہی کے سپرد رہتے۔
ایک عرصہ ایسا بھی رہا جب والد صاحب اخبار میں نائٹ شفٹ میں کام کرتے تھے۔ رات بھر دفتر میں مصروف رہنے کے بعد صبح واپس آتے اور دن کو آرام کرتے۔ دوسری طرف ہم بچے اپنے اپنے سکول روانہ ہو جاتے۔ ان ساری مصروفیات کے درمیان گھر کو چلانے والی اصل قوت امی جان ہی تھیں۔
گھر کے معاشی حالات ہمیشہ یکساں نہیں رہے۔
بعض اوقات مالی تنگی کے دن بھی آتے تھے۔ ایسے مواقع پر بجٹ بنانا، کمیٹیاں ڈالنا، ادھار کا حساب رکھنا اور محدود وسائل میں گھر چلانا امی جان ہی کا کام تھا ۔
لیکن میں نے دیکھا کہ امی جان کبھی گھبراتیں نہیں تھیں۔
وہ مسائل کے سامنے بیٹھ کر ماتم کرنے کے بجائے ان کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرتی تھیں۔
کچھ بچیوں کو پڑھا دیا، کہیں سے کمیٹی ڈال لی، کہیں چند روپے بچا لیے، کہیں ضرورت کو خواہش پر ترجیح دے دی۔
ان کی یہی عملی ذہانت ہمارے گھر کو بہت سے مشکل زمانوں میں سہارا بنی رہی۔
جہاں ایک طرف وہ اصول پسند تھیں، وہیں دوسری طرف محنت کی عظمت پر بھی ان کا غیر معمولی یقین تھا۔
ہمیں اکثر نصیحت کیا کرتیں:
“محنت سے کبھی جی نہ چرانا۔”
“کوئی کام چھوٹا نہیں ہوتا۔”
“اپنے ہاتھ سے رزق کمانا سیکھو۔”
“کسی کے آگے ہاتھ مت پھیلانا۔”
یہ ایسی باتیں نہ تھیں جو وہ صرف دوسروں کو سکھاتی ہوں۔ اپنی پوری زندگی میں انہوں نے خود بھی انہی اصولوں پر عمل کیا۔
اسی لیے ان کی نصیحتوں میں تاثیر تھی۔
جہاں تک میرے ذاتی تعلق کا سوال ہے، میرا جھکاؤ فکری اور جذباتی اعتبار سے والد صاحب کی طرف کچھ زیادہ رہا۔
شاید اس کی وجہ ہمارے مزاج کی مماثلت تھی۔
میں مشورہ لینے، کتابوں کی بات کرنے یا اپنے ذہنی سوالات پر گفتگو کے لیے اکثر پہلے والد صاحب کے پاس جاتا تھا۔
امی جان سے محبت کم نہ تھی، مگر ہمارے درمیان ایک قدرتی سا احترام بھرا فاصلہ ہمیشہ قائم رہا۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ گھر میں نظم و ضبط کی نگہبان وہی تھیں۔
فیصلے اکثر انہی کے ذریعے نافذ ہوتے تھے، چنانچہ بچپن میں ان سے ایک ہلکا سا خوف بھی وابستہ رہا۔
بعد میں زندگی نے مجھے یہ سمجھایا کہ محبت کی صرف ایک شکل نہیں ہوتی۔ محبت کبھی نرمی سے اظہار پاتی ہے اور کبھی ذمہ داری کے احساس سے۔ فرق صرف اظہار کا ہوتا ہے، محبت دونوں کے پیچھے موجود رہتی تھی۔
وقت گزرنے کے ساتھ میں اس نتیجے پر پہنچا کہ انسان اپنے والدین میں سے ہر ایک سے الگ الگ چیزیں سیکھتا ہے۔ والد صاحب نے مجھے سوال کرنا، سوچنا، اختلافِ رائے کا احترام کرنا اور اپنی راہ خود تلاش کرنا سکھایا، جبکہ امی جان نے محنت، ذمہ داری، روایات کی پاس داری، وقت کی قدر اور دوسروں کے لیے جینا سکھایا۔
امی جان اچھی شاعری ضرور پسند کرتی تھیں مگر انھیں شاعرانہ طرز زندگی سے، جو کچھ “من موجی” ہوتی ہے، اصولی اختلاف تھا۔ وہ اسے غیر ذمہ دارانہ طرز حیات قرار دیتی تھیں۔ انہوں نے والد صاحب کے بعض شاعر ادیب دوستوں کی تلخ خانگی زندگی کا مشاہدہ کر رکھا تھا۔اسی لیے جب میں نے شاعری کی طرف سنجیدگی سے قدم بڑھانا شروع کیے تو امی جان کو اس پر زیادہ خوشی نہ ہوئی۔
ان کا خیال تھا کہ شاعری ایک اچھی دل چسپی تو ہو سکتی ہے لیکن زندگی کا محور نہیں بننی چاہیے۔
درحقیقت ان کا ایک واضح خواب تھا: وہ چاہتی تھیں کہ میں ڈاکٹر بنوں۔ان کے نزدیک ڈاکٹر کا پیشہ خدمت، عزت اور معاشی استحکام تینوں چیزوں کا حامل تھا۔ جب کبھی میری شاعری کا ذکر ہوتا تو ان کے لہجے میں تشویش جھلکنے لگتی۔ والد صاحب انھیں تسلی دیتے کہ شاعری نے میری تعلیم کو نقصان نہیں پہنچایا۔ وہ میری اچھی تعلیمی کارکردگی اور سکالرشپس کا حوالہ دیتے۔
مگر امی جان فوراً کہتیں:
“پھر بھی ڈاکٹر تو نہیں بنا نا!”
اس ایک جملے میں ان کے خواب بھی شامل ہوتے تھے اور ایک ماں کی وہ فطری خواہش بھی جو اپنے بچے کے لیے محفوظ اور روشن مستقبل چاہتی ہے۔
وقت کے ساتھ میں نے نہ شاعری چھوڑی اور نہ ڈاکٹر بنا۔ زندگی نے مجھے ایک مختلف راستے پر ڈال دیا۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ بعد کے برسوں میں میں نے کبھی انہیں اپنے فیصلوں پر ناراض نہیں دیکھا۔ شاید انہوں نے یہ تسلیم کر لیا تھا کہ اولاد ہمیشہ والدین کے خوابوں کی نہیں، کبھی کبھی اپنی سوچ اور تقدیر کی بھی پیروی کرتی ہے۔
میرے اور امی جان کے درمیان سب سے لمبی “بحث” شاید داڑھی پر رہی۔
جوانی میں ایک مرتبہ میں نے داڑھی رکھ لی تو وہ خاصی ناراض ہوئیں اور آخرکار میری شیو کروا کر ہی دم لیا۔ برسوں بعد جب دوبارہ داڑھی رکھی تو میری اہلیہ، بچے اور بیشتر دوست احباب اس تبدیلی کو بخوشی قبول کر گئے، مگر امی جان نے حسبِ معمول اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
دل چسپ بات یہ تھی کہ ان کے اعتراض کی بنیاد مذہبی نہیں تھی۔
وہ صرف اتنا کہتی تھیں کہ داڑھی سے میں عمر سے زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہوں اور یہ کہ یہ میرے چہرے پر نہیں جچتی۔
میں مسکرا کر ان کی بات سن لیتا۔
وہ اپنی رائے کھل کر بیان کر دیتیں۔
اور زندگی آگے بڑھتی رہتی۔
برسوں بعد پھر ایک روز ایسا آیا جب میں اپنے بیوی بچوں کے کینیڈا سے پاکستان ان سے ملنے گیا۔ طاہرہ کو پیار کیا۔ زرناب، عمید، اریب اور رابعہ کو سینے سے لگایا۔مجھے پاس بٹھایا، ماتھے پر بوسہ دیا اور ہمیشہ کی طرح محبت بھری شرارت کے ساتھ میری داڑھی کو ہاتھ لگا کر بولیں:
“اچھا، اب مان لیا۔ یہ بھی اچھی لگتی ہے تمہارے چہرے پر۔ اب خوش؟”
آج سوچتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ اس مختصر جملے میں ماں کی محبت کا پورا فلسفہ پوشیدہ تھا۔
اپنی رائے رکھنے کے باوجود انہوں نے میری خوشی کو ترجیح دی تھی۔
یہ ان کی شخصیت کا وہ پہلو تھا جسے سمجھنے میں مجھے کئی برس لگ گئے۔ وہ ضدی نہیں تھیں۔ وہ اپنے مؤقف پر قائم رہتی تھیں، لیکن وقت آنے پر دل کو وسیع کرنا بھی جانتی تھیں۔
دوسروں کے لیے دل میں یہی کشادگی ان کے روزمرہ رویوں میں بھی نظر آتی تھی۔
امی جان کی شخصیت کا ایک اور نمایاں پہلو ان کی سخاوت تھی۔
وہ ان لوگوں میں سے تھیں جن کے دروازے پر آنے والا شخص خالی ہاتھ نہیں لوٹتا۔
ہمارے گھر کے معاشی حالات کچھ ایسے فراوانی والے نہ تھے۔ ایسے اوقات بھی آئے جب اخراجات اور آمدن کا توازن برقرار رکھنا ایک مستقل جدوجہد تھا۔ لیکن ان حالات میں بھی اگر کوئی ضرورت مند دروازے پر آ جاتا تو امی جان اس کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور نکال لیتیں۔
پیسے موجود ہیں تو پیسے۔
ورنہ آٹا۔
آٹا نہیں تو روٹی۔
اور اگر کچھ بھی نہ ہو تو کم از کم عزت اور شفقت سے پیش آنا۔
وہ اکثر کہتی تھیں کہ اصل دولت انسان کے پاس موجود وسائل نہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ اس کا برتاؤ یا حسن سلوک ہے۔
مجھے بچپن کا ایک منظر آج بھی یاد ہے۔
ہفتے میں ایک دن ایک ملنگ ہماری گلی میں آیا کرتا تھا۔ سفید چغہ پہنے، ہاتھ میں سارنگی لیے، وہ شہدائے کربلا کی یاد میں کچھ اشعار پڑھتا ہوا گزر جاتا۔ امی جان اس کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور بھجواتیں۔
ایک دن ہم بچوں نے اعتراض کیا۔
“امی، یہ تو تندرست آدمی ہے۔ خود کما کر کیوں نہیں کھاتا؟”
انہوں نے ہماری طرف دیکھا اور نہایت سادگی سے بولیں:
“ہو سکتا ہے تمہاری بات ٹھیک ہو۔ لیکن ہمیں اس کے حال کا نہیں، اس نام کا خیال ہے جس کا واسطہ دے کر یہ مانگتا ہے۔”
اس وقت شاید ہم ان کی بات پوری طرح نہ سمجھ سکے، لیکن آج محسوس ہوتا ہے کہ ان کے اندر ایک ایسی روحانی کیفیت موجود تھی جو رسمی اختلافات سے کہیں موثر تھی۔
مذہبی اعتبار سے وہ ایک سنی مسلمان تھیں اور دین کی پابند بھی۔
نماز، روزہ اور تلاوتِ قرآن ان کی زندگی کا معمول تھے۔ بعد کے برسوں میں انہوں نے محلے کی بچیوں اور خواتین کو قرآنِ مجید پڑھانا بھی شروع کر دیا۔
لیکن ان کی دینداری میں تنگ نظری شامل نہیں تھی۔
ہمارے محلے میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد تھے۔ اہلِ تشیع بھی تھے، بریلوی بھی، دیوبندی بھی اور دوسرے لوگ بھی۔ امی جان سب سے محبت اور احترام سے پیش آتی تھیں۔
انہوں نے کبھی ہمیں کسی ہمسائے کے گھر آنے جانے سے نہیں روکا۔
میرے قریبی دوست خالد علیم اہلِ حدیث تھے۔ امی جان انہیں بھی اپنے بیٹوں کی طرح عزیز رکھتی تھیں۔ وہ جانتی تھیں کہ خالد صاحب اپنی والدہ کی محبت سے محروم ہو چکے ہیں، اس لیے ان کے لیے ان کی شفقت میں شاید کچھ اضافی گرمی بھی شامل ہو جاتی تھی۔
لوگ فرقوں کو دیکھتے تھے، امی جان انسان کو دیکھتی تھیں۔
ہم بہن بھائیوں کی نظر میں وہ کبھی صرف ماں نہیں رہیں۔
کبھی معلمہ تھیں۔کبھی منتظم۔کبھی دسترخوان کی نگران۔اور کبھی ایک ایسی محافظ اور نگہدار جسے ہمیشہ یہ خوف رہتا تھا کہ کہیں اس کے بچے زندگی کی کسی غلط راہ پر نہ نکل جائیں۔
بچپن میں ان کی اس فکر کا اظہار ہمیں پابندیوں کی صورت میں دکھائی دیتا تھا۔
دوستوں کے انتخاب پر نظر۔
شام ڈھلنے سے پہلے گھر واپسی کی تاکید۔
پڑھائی پر زور۔
بعض اوقات سختی بھی۔
تب یہ سب کچھ ہمیں غیر ضروری محسوس ہوتا تھا۔
لیکن بعد میں جب زندگی میں ایسے لوگوں کو قریب سے دیکھا جو بری صحبت یا غلط فیصلوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے تو ہمیں پہلی بار ان اندیشوں کی معنویت سمجھ میں آئی جن کو سامنے رکھتے ہوئے امی جان نے ہماری نگرانی کی تھی۔
عمر کے ساتھ ساتھ میرے اور ان کے تعلق کی نوعیت بھی بدلتی گئی۔
بچپن کا خوف احترام میں بدلا، احترام محبت میں اور محبت رفتہ رفتہ گہرے فہم میں تبدیل ہوتی چلی گئی۔
مجھے محسوس ہونے لگا کہ ہم اکثر اپنے والدین کو اس وقت سمجھنا شروع کرتے ہیں جب وہ اپنی ذمہ داریوں کا بڑا حصہ نبھا چکے ہوتے ہیں۔
اور کبھی کبھی تو انہیں پوری طرح سمجھنے میں ان کے دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد بھی برس ہا برس لگ جاتے ہیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ خالد، شاہد، ساجد، راشد، ماجد، انسیہ اور میں، ہم سب بہن بھائی بڑے ہوتے گئے۔ تعلیم مکمل کی، برسرِ روزگار ہوئے، اپنی اپنی خانگی زندگیوں کا آغاز کیا، اور وقت کی راہیں ہمیں مختلف شہروں اور ملکوں تک لے گئیں۔ مگر اس سارے سفر میں ایک بات مشترک رہی: ہم جس سمت بھی گئے، امی جان کی دی ہوئی کوئی نہ کوئی متاع اپنے ساتھ لے کر گئے۔
کسی نے ان سے محنت سیکھی۔
کسی نے خودداری۔
کسی نے دوسروں کا خیال رکھنے کا سلیقہ۔
اور کسی نے مشکل حالات میں حوصلہ نہ ہارنے کا وصف۔
اس وقت شاید ہمیں اس کا احساس نہ تھا، مگر آج مڑ کر دیکھتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہماری شخصیتوں میں جو کچھ اچھا، مفید اور پائیدار ہے، اس میں امی جان کا حصہ بہت نمایاں ہے۔
جب ہم بچے تھے تو امی جان کا زیادہ وقت ہماری دیکھ بھال میں گزرتا تھا۔ پھر جب ہم جوان ہوئے تو ہماری تعلیم، روزگار اور شادی بیاہ کے معاملات ان کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ اور جب گھر آہستہ آہستہ خالی ہونا شروع ہوا تو انہوں نے اپنے وقت کو ایک نئے مصرف میں ڈھال لیا۔
وہ محلے کی خواتین اور بچیوں کو قرآنِ مجید پڑھانے لگیں۔
یہ کام وہ کسی رسمی استاد کی حیثیت سے نہیں بلکہ محبت اور خدمت کے جذبے سے کرتی تھیں۔ ان کے پاس آنے والی لڑکیاں صرف قرآن نہیں پڑھتیں بلکہ آداب، صبر، احترام اور گھریلو زندگی کے بہت سے سبق بھی سیکھتی تھیں۔
یہ ان کی زندگی کا ایک خوب صورت دور تھا۔
وہ جس شفقت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے بچوں کی تربیت کرتی رہی تھیں، وہی جذبہ اب محلے کی دوسری بچیوں تک منتقل ہو رہا تھا۔
گھر میں کھانے پکانے کا معاملہ بھی ان کی شخصیت کا ایک دل چسپ پہلو تھا۔ وہ اچھا کھانا بنانا جانتی تھیں اور اس کام میں خاص ذوق رکھتی تھیں۔ گوشت، سبزی، دال، چاول، سب کچھ مہارت سے پکاتیں، مگر ان کی چند ڈشیں گھر کے ماحول کا مستقل حصہ بن گئی تھیں۔ ان میں ایک دودھ میں پکی ہوئی ماش کی دال تھی اور دوسری عید پر تیار ہونے والا شیر خرما۔
ان کھانوں کی خوشبو آج بھی یادوں میں ویسے ہی محفوظ ہے جیسے کسی پرانے گھر کے در و دیوار کی مہک۔
بعد میں میری اہلیہ طاہرہ نے یہ اور کئی دوسرے پکوان امی جان سے سیکھے۔ یوں ان کے ہاتھوں کے ذائقے صرف یادوں ہی میں محفوظ نہیں رہے بلکہ اگلی نسلوں تک منتقل بھی ہوگئے۔ یہ بھی ایک طرح کی وراثت تھی۔ محبت کی وراثت۔
زندگی کے آخری برسوں میں میرے اور امی جان کے تعلق میں بھی ایک نئی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔
بچپن اور جوانی کے زمانے میں جو اختلافات کبھی کبھی فاصلے پیدا کرتے تھے، عمر کے ساتھ وہ سب غیر اہم ہوتے چلے گئے۔ اب میں ان کے رویوں کے پس منظر کو زیادہ اچھی طرح سمجھنے لگا تھا۔ مجھے احساس ہونے لگا تھا کہ جن پابندیوں کو میں کبھی جبر سمجھتا تھا، ان کے پیچھے محبت اور تحفظ کا جذبہ کارفرما تھا۔ جن نصیحتوں پر کبھی جھنجھلاہٹ ہوتی تھی، ان میں برسوں کے تجربے کی روشنی شامل تھی۔
اور شاید امی جان بھی اب مجھے ایک ایسے بالغ انسان کے طور پر دیکھنے لگی تھیں جو اپنی راہ خود چننے کا حق رکھتا ہے۔
محبت کی خوب صورتی شاید یہی ہے کہ وہ وقت کے ساتھ اپنی شکل بدلتی رہتی ہے، مگر اپنی اصل کھوتی نہیں۔
احباب کو شاید یاد ہو کہ میرے دوسرے شعری مجموعے “گہری شام کی بیلیں” کا منظوم انتساب امی جان ہی کے نام ہے۔ درحقیقت یہ نظم صرف میری نہیں، ہم سب بہن بھائیوں کے مشترکہ احساسات کی ترجمان ہے:
پیاری امی جان کے نام
یاد ہے
ہاں، مجھے یاد ہے
اُن دنوں کھیلنے کو کھلونے کچھ اتنے زیادہ نہ ہوتے تھے
بس تیری اک نرم مسکان سے کھیلتے کھیلتے
میرا بچپن سنہری ہوا
جانے کیوں
مجھ کو محسوس ہوتا ہے
میں آج بھی تیری انگلی پکڑ کر ہی چلتا ہوں
لمحہ بہ لمحہ بدلتی ہوئی زندگی کو
ترے خواب آنچل میں چھپ چھپ کے تکتا ہوں
حیرت سے آنکھیں جھپکتا ہوں
میں
آج بھی
—–
بچپن میں ہم سمجھتے تھے کہ وہ امرود، پپیتے اور کاغذی پھولوں کی بیلوں ہی کو پانی دیتی ہیں مگر عمر کے اس موڑ پر آ کر احساس ہوتا ہے کہ ان کا اصل ہنر کردار اور شخصیت کی آبیاری تھا۔
سوچتا ہوں، اگر واقعی کوئی ایسی کھڑکی ہے جہاں سے جانے والے اپنے پیاروں کو دیکھ سکتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ ‘بوٹیاں والی خالہ’ اپنی پرانی کیاری کو دیکھ کر مسکراتی ہوں گی۔ اُن ننھے ننھے پودوں کو دیکھ کر جو اب اپنے اپنے ماحول میں سایہ دار درخت بن چکے ہیں، اور جن کی شاخوں پر آج بھی ان کی محبت کے موسم اترتے ہیں۔
—–


