حضرات، پتھر کے زمانے سے باہر تشریف لائیے/نادیہ زید

ازدواجی جنسی زیادتی کی کوئی خبر نظر سے گزرے تو خبر سے زیادہ اس کے نیچے پاکستانیوں کے تبصرے حیران کرتے ہیں۔ ہر دوسرے صاحب کو فرشتوں والی حدیث ازبر ہے، شوہر کے حقوق پر تقریر تیار ہے اور تو اور بہت سی خواتین بھی اس مذہبی لشکر میں پیش پیش ہوتی ہیں۔ کراچی میں بیوی کے جنسی تعلق سے انکار پر قتل کے واقعے کے بعد گزشتہ دنوں ایک اور عمر رسیدہ شخص کے ہاتھوں بیوی کے مبینہ قتل کی خبر نظر سے گزری۔ تشویش صرف ایسے واقعات کے سامنے آنے کی نہیں، بلکہ اس اجتماعی رویے کی ہے جو ان کی سنگینی گھٹا کر انہیں معمول بناتا جا رہا ہے۔ بہت سے حضرات مقتولہ پر افسوس کرنے کے بجائے قاتل کے حکیم کا پتا پوچھ رہے تھے۔ یعنی جنسی شعور کا معیار اس قدر پست ہے کہ بڑھاپے میں محض جنسی خواہش کا برقرار رہنا ہی مردانہ عظمت کی دلیل ٹھہرا! اللہ معاف کرے، انسان سوچتا ہے کہ ان حضرات کے اپنے ازدواجی حالات کس قدر ناگفتہ بہ ہوں گے کہ صرف خواہش انہیں اتنی غیرمعمولی صلاحیت معلوم ہوتی ہے۔ بھائی، خواہش رکھنا اور اپنی شریکِ حیات کو جنسی طور پر آسودہ کر سکنا دو الگ باتیں ہیں۔ ممکن ہے بہت سے عمر رسیدہ مردوں سے ان کی بیویاں اسی لیے کنارہ کش ہوتی ہوں کہ حضرات کا حال مرزا پور کے قالین بھیا جیسا ہو چکا ہو۔ بیوی کی تسکین کا اہتمام نہیں کر پاتے، مگر اس کے جسم پر اپنا حق جتانے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ جس تجربے سے آپ مطمئن اٹھتے ہیں اور بیوی اذیت لے کر، بھلا وہ دوبارہ اس کی خواہش کیوں کرے؟

اب جن حضرات کی جنسی تعلیم فحش فلموں کی مرہونِ منت ہو اور معاشرے نے بھی یہی سکھایا ہو کہ جنسی تعلق مرد کا حق اور عورت کا فرض ہے، وہ اپنی تسکین کے بعد بیوی کی کیفیت جاننے کی زحمت کیوں کریں گے؟ صاحب اپنی خواہش پوری کر کے مطمئن ہو جاتے ہیں، خواہ بیوی ابھی اس لطف کے آس پاس بھی نہ پہنچی ہو۔ برنبام اور ریس کی تین تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جو لوگ محسوس کرتے ہیں کہ ان کا شریکِ حیات ان کی بات سمجھتا ہے، ان کے جذبات کی قدر کرتا ہے اور ان کا خیال رکھتا ہے، وہ اس کے ساتھ جنسی قربت کی خواہش بھی زیادہ محسوس کرتے ہیں۔ یعنی بستر پر عورت کی دلچسپی کا تعلق اس بات سے بھی ہے کہ بستر سے باہر اس کے ساتھ کیسا سلوک ہوتا ہے۔ دن بھر بیوی کے جذبات سے لاتعلق رہ کر رات کو اس سے بھرپور جنسی شوق کی توقع رکھنا بھی الگ لیول کی خوش فہمی ہے۔ بینکرافٹ اور ان کے ساتھیوں کا Dual Control Model اس پہلو کو مزید واضح کرتا ہے کہ عورت اپنے شوہر کو پسند کرتی ہو، مگر اس کی جذباتی بے توجہی یا گزشتہ تکلیف دہ تجربات اسے قربت سے دور بھی کر سکتے ہیں۔ پھر خواہش دونوں طرف موجود ہو تب بھی ضروری نہیں کہ دونوں ایک ہی رفتار سے جنسی عروج تک پہنچیں۔ عورت کو آمادگی اور تسکین کے لیے زیادہ وقت درکار ہو سکتا ہے، جبکہ وہ ایک ہی قربت میں کئی مرتبہ عروجِ لذت بھی حاصل کر سکتی ہے۔ جسمانی آمادگی کے دوران جنسی اعضا میں خون کی روانی بڑھتی ہے، اندام نہانی میں قدرتی رطوبت پیدا ہوتی ہے اور اس کا بالائی حصہ لمبائی اور چوڑائی میں پھیلتا ہے۔ اس آخری تبدیلی کو Vaginal Tenting کہتے ہیں، جسے ۱۹۹۹ میں برٹش میڈیکل جرنل کی ایک ایم آر آئی تحقیق میں بھی دیکھا گیا۔ اب اگر عورت کے جسم کو مناسب آمادگی کا وقت دیے بغیر دخول کی جلدی کی جائے تو قدرتی رطوبت کی کمی اور رگڑ کے باعث اسے درد، جلن یا خراش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یوں جس قربت سے دونوں کو لطف اندوز ہونا چاہیے، وہ عورت کے لیے تکلیف دہ تجربہ بن جاتی ہے۔ ۲،۳۶۰ عورتوں کے ایک مطالعے میں دخول سے پہلے کی قربت کا اوسط دورانیہ تقریباً پندرہ منٹ تھا، جبکہ ۵،۶۶۵ جاپانی عورتوں کے سروے میں خواتین نے اس کے لیے مزید وقت کی خواہش ظاہر کی۔

ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جس قربت سے عورت کو تکلیف پہنچتی ہو، اس سے انکار کرنا اس کا حق ہے، مگر ہمارے ہاں بعض حضرات اسے اپنی حق تلفی سمجھ بیٹھتے ہیں۔ بات یہیں سے جبر، ازدواجی جنسی زیادتی اور بعض اوقات جسمانی تشدد تک پہنچتی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ بہت سے لوگ ازدواجی جنسی زیادتی کو زیادتی تسلیم کرنے کے بجائے میاں بیوی کا ذاتی معاملہ قرار دے کر ٹال دیتے ہیں۔ حالاں کہ ظلم چار دیواری کے اندر ہو یا باہر، ظلم ہی رہتا ہے۔ رشتہ بدل جانے سے کسی کو دوسرے پر جبر کا حق نہیں مل جاتا۔ گزشتہ دنوں ایک ماں کی اپنے کم سن بچے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی۔ بچہ ماں کے مقابلے میں جسمانی طور پر کمزور اور اس کے تحفظ کا محتاج ہے، اس لیے ماں پر اس کی حفاظت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جب وہی ماں اس پر تشدد کرے تو اسے نجی معاملہ کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جاتا۔ متعلقہ اداروں نے مداخلت کی اور اطلاعات کے مطابق بچے کی تحویل نانی کے سپرد کر دی گئی۔ پھر ازدواجی تعلق میں یہی اصول کیوں فراموش کر دیا جاتا ہے؟ اسی طرح مرد عموماً عورت سے جسمانی طور پر زیادہ طاقتور ہوتا ہے، مگر یہ طاقت اسے بیوی پر جبر کا حق نہیں دیتی، بلکہ اس کے تحفظ کی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔ طاقت کا تقاضا حفاظت ہے، محکومی نہیں۔ اور نکاح اس ذمہ داری کو کم نہیں کرتا، مزید بڑھاتا ہے۔

اور اسی ذمہ داری کا تقاضا قرآن کے حکم «وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ» میں بھی موجود ہے، جس میں بیوی کے ساتھ حسنِ معاشرت کی تاکید کی گئی ہے۔ اب جن حضرات کو فرشتوں والی روایت تو ازبر ہے، وہ یہ بھی بتائیں کہ جس عورت کی تکلیف آپ کے لیے اہم نہیں، جس کے انکار پر آپ ناراض ہو جاتے ہیں اور جس کی خواہش کا لحاظ کیے بغیر اپنی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ حسنِ معاشرت کہاں ہوا؟ ازدواجی قربت میاں بیوی دونوں کا حق ہے، مگر اس حق کی ادائیگی کے لیے دوسرے کی رضامندی بھی ضروری ہے۔ بیوی کو انکار کرنے یا دورانِ قربت اپنا ارادہ بدلنے کا پورا اختیار ہے، خواہ اسے تکلیف ہو یا محض اس کا دل نہ چاہتا ہو۔ اس کی رضامندی کے بغیر جنسی تعلق ازدواجی جنسی زیادتی ہے۔ بیوی کو اپنی قربت کی طرف مائل کرنا ہے تو اسے مذہبی وعیدوں سے خوف زدہ کرنے کے بجائے اپنے حسنِ سلوک، محبت اور توجہ سے اس کے دل میں خواہش پیدا کیجیے۔ افسوس کہ بعض مردوں کا معیارِ قربت آج بھی محض اتنا ہے کہ بیوی ان کی خواہش پوری کر دے۔ عورت خود چاہ کر، محبت اور خواہش سے ان کے قریب آئے، that’s a whole different level of intimacy. That’s elite! اب ہمارے مرد حضرات بھی پتھر کے زمانے سے باہر قدم رنجہ فرمائیں۔ ازدواجی قربت کے بھی کچھ اعلیٰ معیار ہوتے ہیں۔

It’s time to level up your game, gentlemen!

اپنا تبصرہ لکھیں