جان بچی سو لاکھوں پاۓ/محمد کوکب جمیل ہاشمی

میں نے جھکی میاں کو دیکھتے ہی کنی کترانے کی کوشش کی۔ مگرانہوں نے میراہاتھ تھام لیا۔ میری شامت اعمال تھی کہ ان کی گرفت سے نہیں بچ سکا۔ انہوں نے مزاج پرسی کے بعد سوال داغا۔ بیٹے یہ بتاؤ تم پہلے کیا کرتے رہے ہو؟ میں کام کرتا رہا ہوں۔ میں نے جواب دیا۔ کسی کام کے لگتے تو نہیں تم؟ خیر! کہاں کام کیا؟ دفتر میں اور کہاں۔ ثشکر ہے، وہ بولے۔ کس بات کا شکر ہے؟ میں نے پوچھا۔ مطلب! گھر میں کام کرنے کی نوبت نہیں آئی.؟ میں سمجھا نہیں، میں نے استفسار کیا۔ یہی کہ گھر کے کام کرنا- جیسے سودا سلف لانا، صفائی کرنا، کپڑے دھونا، روٹی پکانا اور بچوں کو نہلانا دھلانا وغیرہ۔ کیوں میں گھرمیں آیا نہیں تھی کیا ۔ میں تمہیں کوئی خاتون خانہ یا گھر کی ماسی نظر آتا ہوں؟ اوہ! شائد آپ مائنڈ کر بیٹھے ہو۔ نہیں نہیں۔ میرا جواب نفی میں تھا ۔ تو پھر گھر کے کیا کام کرتے تھے۔ اوہو بھئی گھر کے کام نہیں بلکہ گھر سے کام کرتا تھا یعنی ورک فرام ہوم۔
او آئی سی۔
اچھا اب کیا کر رہے ہو؟ لٹو کی طرح گھومتا اور پھر کی کی طرح پھرتا رہتا ہوں۔
تو تم پھرندے ہو؟
نہیں نہیں ہر گزنہیں، صرف پھرتا ہی نہیں اڑتا بھی ہوں۔ تو کیا تم پائلٹ ہو؟ نہیں بھئی اکثر ہوائی جہاز میں سفر کرتا ہوں۔
وہ کیوں؟
اس لئے کہ میں ایک فرم میں ایکسپورٹ مینیجرہوں سسپلائی کا کام گھوم پھر کر کرتا ہوں، اور مال لانے کے لئے بھی باہر کا سفر ہوائی جہاز سے کرتا ہوں۔
تبھی تمہاری آنکھوں میں ہوا بھر گئی ہے۔ جھکی میاں نے جھک ماری۔
ہیں کیا کہا؟
کچھ نہیں۔
اچھا یہ بتاؤآئندہ کیا کرنےکا پروگرام ہے؟
کچھ نہیں۔
کیوں؟
بہت تھک گیا ہوں۔ اب آرام کرنا چاہتا ہوں۔ تو گھر کیسے چلاؤ گے؟
اس کی فکر نہیں! اللہ کا دیا سب کچھ ہے اور بیگم بھی جاب کر رہی ہیں۔
تو گویا بیگم کی کمائی کھاؤ گے؟ لا حول ولا۔ بیگم کیا کرتی ہیں؟
آپ سے مطلب؟ وہ جو بھی کرتی ہیں، ٹھیک کرتی ہیں۔ پھر بتاؤ بھی ہم سے یہ پردہ کیسا؟ وہ پردہ نہیں کرتیں۔ وہ میک اپ کرتی ہیں۔
کیا؟
اس میں حیرت کی کیا بات ہے؟ خواتین کے لئے میک اپ کرنا منع ہے کیا؟
جھکی بھئی تم اتنے سوال کیوں کرتے ہو۔؟ تم کوئی وکیل ہو کیا، جو اتنی دیر سے مجھے کٹہرے میں کھڑا کر رکھا ہے۔ بس آخری سوال کا جواب دے دو۔ کون سے سوال کا جواب ؟ لوگ تو بیگم کے میک اپ کرنے پر خوش ہوتے ہیں، مگر تم؟
مگر تم کیا؟ تم انہیں میک اپ میں پسند نہیں کرتے۔ اوہ ہو۔ تم تو بال کی کھال اتار رہے ہو؟ تو تم بتا کیوں نہیں دیتے کہ بیگم کا میک اپ تمہیں اچھا نہیں لگتا۔ تم بات کا بتنگڑ بنا رہے ہو۔ میری بیگم بیوٹی پارلر میں کام کرتی ہیں اور دوسری خواتین کا میک اپ کرکے روزی کماتی ہیں۔ اور کچھ پوچھنا ہے تو بتائیں۔ نہیں بس۔ میں نے ان سے ہاتھ چھڑایا اور اس محاورے کو صاف صاف سمجھ لیا کہ جان بچی سو لاکھوں پاۓ۔

اپنا تبصرہ لکھیں