شادی محض دو افراد کا باہمی معاہدہ نہیں، بلکہ دو مختلف دنیاؤں کا ایک چھت تلے اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ یہ وہ سفر ہے جہاں محبت صرف جذبات کا نام نہیں رہتی بلکہ برداشت، احترام، قربانی اور سمجھ داری کی عملی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ افسوس یہ ہے کہ ہمارے معاشرے نے شادی کو خوشیوں کی ایسی رنگین تصویر بنا کر پیش کیا ہے جس میں نہ اختلاف کی گنجائش ہے، نہ آزمائش کی۔ سوشل میڈیا پر مسکراتی تصویریں، تقریبات میں خوش باش چہرے اور دوسروں کے گھروں کی ظاہری چمک دیکھ کر بہت سے لوگ یہ گمان کر لیتے ہیں کہ شاید صرف ان کی زندگی ہی مسائل کا شکار ہے، جبکہ حقیقت اس تصور سے یکسر مختلف ہے۔ زندگی کے کسی بھی رشتے کی اصل خوبصورتی اس کی بے عیب ہونے میں نہیں، بلکہ اس کے باوجود ساتھ نبھانے میں ہے۔
یہ ایک عجیب المیہ ہے کہ آج انسان اپنی زندگی سے زیادہ دوسروں کی زندگی کا مشاہدہ کرتا ہے۔ اسے اپنے گھر کی خاموشیاں کم اور دوسرے کے گھر کی ہنسی زیادہ سنائی دیتی ہے۔ وہ یہ نہیں جانتا کہ ہر بند دروازے کے پیچھے ایک الگ کہانی سانس لے رہی ہوتی ہے۔ کوئی اپنے دکھوں کو خاموشی کے پردے میں چھپا لیتا ہے، کوئی مسکراہٹ کو اپنا لباس بنا لیتا ہے اور کوئی اپنی عزتِ نفس کی حفاظت کے لیے اپنے مسائل کو کبھی زبان پر نہیں لاتا۔ اس لیے دوسروں کی ظاہری خوشیوں کو اپنی محرومیوں کا پیمانہ بنا لینا، شاید اپنے ہی دل پر ناانصافی کرنے کے مترادف ہے۔انسان اکثر اپنے غم آنکھوں سے نہیں، مسکراہٹوں سے چھپاتا ہے۔
شادی شدہ زندگی میں اختلافات کا ہونا کوئی حادثہ نہیں بلکہ ایک فطری حقیقت ہے۔ آخر دو ایسے انسان، جن کی پرورش الگ ماحول میں ہوئی ہو، جن کے خیالات، عادات، ترجیحات اور تجربات مختلف ہوں، جب ایک ہی چھت کے نیچے زندگی گزارنے لگیں تو کیا ہر بات پر مکمل اتفاق ممکن ہے؟ اگر بہن بھائی، جو ایک ہی گھر میں پلتے ہیں، اختلاف کر سکتے ہیں، اگر دوستوں میں ناراضی پیدا ہو سکتی ہے تو پھر میاں بیوی کے درمیان کبھی اختلاف نہ ہونا کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟ مسئلہ اختلاف کا نہیں، بلکہ اختلاف کو دشمنی میں بدل دینے کا ہے۔ہم نے شاید شادی کو ایک منزل سمجھ لیا ہے، حالانکہ یہ تو مسلسل سیکھنے اور خود کو بدلنے کا سفر ہے۔ اس سفر میں کبھی ایک قدم آگے بڑھتا ہے تو کبھی دوسرا پیچھے ہٹتا ہے۔ کبھی ایک خاموش رہ کر رشتہ بچاتا ہے، تو کبھی دوسرا معافی مانگ کر محبت کی لاج رکھ لیتا ہے۔ یہی وہ لمحات ہوتے ہیں جہاں رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔ جو لوگ ہر اختلاف کو اپنی انا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں، وہ اکثر رشتے کی بنیادیں خود کمزور کر دیتے ہیں۔
بدقسمتی سے آج کا دور موازنوں کا دور بن چکا ہے۔ کسی کو اپنے شریکِ حیات میں وہ خوبیاں چاہیے ہوتی ہیں جو اسے کسی اور کے شریکِ حیات میں نظر آتی ہیں۔ کسی کو دوسرے کے گھر کی آسائشیں اپنی خوشیوں سے زیادہ قیمتی محسوس ہوتی ہیں۔ کوئی اپنے دوست کی ازدواجی زندگی کو مثالی سمجھ کر اپنے گھر سے شکوہ کرنے لگتا ہے۔ مگر کیا واقعی ہمیں دوسروں کی زندگی کی پوری حقیقت معلوم ہوتی ہے؟ کیا چند تصویروں، چند ملاقاتوں یا چند جملوں سے کسی رشتے کی اصل کیفیت سمجھی جا سکتی ہے؟دوسروں کی خوشیوں کا موازنہ اکثر اپنی نعمتوں کی ناشکری کو جنم دیتا ہے۔سوشل میڈیا نے اس احساس کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ وہاں ہر شخص اپنی زندگی کے بہترین لمحے دنیا کے سامنے رکھتا ہے۔ کوئی اپنے اختلافات کی ویڈیو نہیں بناتا، کوئی اپنے آنسوؤں کی تصویر پوسٹ نہیں کرتا، کوئی اپنی رات بھر کی بے خوابی کو خوبصورت کیپشن نہیں دیتا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دیکھنے والا یہ سمجھ لیتا ہے کہ شاید باقی سب کی زندگیاں کامل ہیں اور صرف اس کا گھر ہی مسائل سے بھرا ہوا ہے۔ یہی غلط فہمی رفتہ رفتہ احساسِ محرومی، بداعتمادی اور ناشکری کو جنم دیتی ہے۔
ازدواجی زندگی میں اصل امتحان مسائل کا آنا نہیں بلکہ ان مسائل کو سنبھالنے کا طریقہ ہے۔ کچھ لوگ ہر چھوٹے اختلاف کو عدالت بنا دیتے ہیں جہاں ہر روز ایک دوسرے پر الزام لگتے ہیں۔ کچھ لوگ ہر تلخ بات کو برسوں کے لیے دل میں محفوظ کر لیتے ہیں۔ اور کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں، ہر غلطی کو سزا دینا لازم نہیں اور ہر اختلاف کو جنگ بنانا دانش مندی نہیں انسان اس وقت زیادہ سخت رویہ اختیار کرتا ہے جب وہ خود اندر سے غیر محفوظ محسوس کر رہا ہو۔ اکثر میاں بیوی کی تلخ گفتگو کے پیچھے نفرت نہیں بلکہ تھکن، معاشی دباؤ، ذہنی پریشانی یا جذباتی عدم اطمینان ہوتا ہے۔ اگر ہم صرف الفاظ سننے کے بجائے ان کے پیچھے چھپی کیفیت کو سمجھنے لگیں تو شاید بہت سے جھگڑے پیدا ہونے سے پہلے ہی ختم ہو جائیں۔
ہمارا معاشرہ بھی اس حوالے سے کئی غلط روایات کا شکار ہے۔ شادی کے بعد میاں بیوی کو ایک دوسرے کا ساتھی بنانے کے بجائے اکثر مختلف رشتوں کی سیاست میں الجھا دیا جاتا ہے۔ کبھی خاندان کی توقعات، کبھی معاشی ذمہ داریاں، کبھی بچوں کی تربیت اور کبھی انا کی کشمکش، یہ سب مل کر اس رشتے کو آزماتے رہتے ہیں۔ ایسے میں اگر دونوں فریق ایک دوسرے کے مقابل نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں تو نصف مسائل خود بخود حل ہونے لگتے ہیں۔گھر وہاں آباد نہیں ہوتے جہاں اختلاف نہیں ہوتا، گھر وہاں آباد ہوتے ہیں جہاں اختلاف کے باوجود احترام باقی رہتا ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض لوگ اپنی ازدواجی زندگی کے مسائل ہر شخص کے سامنے بیان کرتے رہتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ خاموشی سے انہیں خود حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہر مسئلہ چھپانا بھی درست نہیں اور ہر بات دنیا کو بتا دینا بھی دانش مندی نہیں۔ بعض رشتے اتنے نازک ہوتے ہیں کہ انہیں غیر ضروری مشوروں سے زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔ ہر سننے والا مخلص نہیں ہوتا، ہر مشورہ درست نہیں ہوتا اور ہر رائے آپ کے حالات کے مطابق نہیں ہوتی۔
برداشت، شاید ازدواجی اور خاندانی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ اسی حقیقت کو میرے قریبی ،بزرگ دوست بھگوال کے افتخار حسین صاحب کی زندگی سے بخوبی سمجھا جا سکتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جہاں بہت سے لوگ خود کو مصروف رکھنے کے لیے پریشان دکھائی دیتے ہیں، وہاں افتخار حسین صاحب نے زندگی کے اس مرحلے کو ایک نئے شعور، اطمینان اور خوشگوار مصروفیات کے ساتھ قبول کیا ہے۔ وہ نہ صرف اپنی ازدواجی زندگی کو بھرپور انداز میں گزار رہے ہیں بلکہ اپنے تجربات، مشاہدات اور فکری گفتگو کے ذریعے دوسروں کے لیے بھی مثبت سوچ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ہماری اکثر فون کالز میں وہ معاشرتی مسائل، بدلتے ہوئے خاندانی رویوں اور رشتوں کی نزاکت پر نہایت سنجیدہ اور مفید گفتگو کرتے ہیں۔ ان کی گفتگو کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ مسائل کو صرف شکایت کی نظر سے نہیں دیکھتے بلکہ ان کے حل کے پہلو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ زندگی میں اختلافات کا آنا فطری عمل ہے، مگر انہیں انا، ضد اور غصے کی آگ میں جلانا انسان کی اپنی غلطی ہے۔ ان کے نزدیک برداشت خاموشی اختیار کرنے کا نام نہیں بلکہ حالات کو سمجھنے، دوسرے کے احساسات کا احترام کرنے اور محبت کے ساتھ رشتوں کو سنبھالنے کا ہنر ہے۔ واقعی، برداشت کمزوری نہیں بلکہ کردار کی مضبوطی کی علامت ہے۔ معاف کر دینا شکست نہیں بلکہ رشتے کو بچانے کی سب سے بڑی کامیابی ہے، کیونکہ جو لوگ ہر بحث میں فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ اکثر زندگی کے انمول رشتوں کی قیمت پر یہ وقتی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ افتخار حسین صاحب کی زندگی ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ سکون باہر کی دنیا جیتنے سے نہیں بلکہ اپنے اندر تحمل، شکر اور محبت پیدا کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔
معاشی مشکلات بھی ازدواجی تعلقات پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔ مہنگائی، روزگار کی غیر یقینی صورتِ حال، بڑھتی ہوئی ضروریات اور سماجی مقابلہ بازی نے گھریلو زندگی کو پہلے سے زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ بہت سے گھر کم وسائل کے باوجود خوش ہیں، جبکہ بے شمار آسودہ گھر بے سکونی کا شکار ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ خوشی کا تعلق صرف وسائل سے نہیں بلکہ رویوں سے بھی ہے۔یہاں ایک سوال خود سے ضرور پوچھنا چاہیے۔ کیا ہم واقعی اپنے شریکِ حیات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، یا صرف یہ چاہتے ہیں کہ وہ ہمیں سمجھے؟ کیا ہم اپنی غلطیوں کو بھی اسی نظر سے دیکھتے ہیں جس نظر سے دوسرے کی غلطیاں دیکھتے ہیں؟ کیا ہم نے کبھی اپنے لہجے کا احتساب کیا؟ کیا ہم نے کبھی اپنی خاموشیوں کے اثرات پر غور کیا؟ اصلاح ہمیشہ دوسرے سے شروع نہیں ہوتی، اکثر اس کا آغاز اپنے اندر سے ہوتا ہے۔تعلیم ہمیں ڈگریاں تو دیتی ہے، مگر رشتے نبھانے کا فن کم ہی سکھاتی ہے۔ کاش ہمارے نصاب میں برداشت، مکالمہ، جذباتی ذہانت اور خاندانی زندگی کی تربیت بھی شامل ہوتی۔ ہم اپنے بچوں کو کامیاب ڈاکٹر، انجینئر اور افسر بنانا چاہتے ہیں، مگر اچھا شریکِ حیات اور ذمہ دار انسان بننے کی تعلیم کم دیتے ہیں۔ یہی خلا بعد میں بہت سے گھروں میں فاصلے پیدا کر دیتا ہے۔رشتے محبت سے شروع ہوتے ہیں، مگر شعور، صبر اور احترام سے زندہ رہتے ہیں۔
حل کیا ہے؟ شاید اس کا آغاز بہت چھوٹی چھوٹی باتوں سے ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کی بات مکمل سن لینا، غلطی پر معافی مانگ لینا، اچھے کام پر شکریہ ادا کرنا، دوسروں سے موازنہ نہ کرنا، غصے میں فیصلہ نہ کرنا اور روزمرہ کی مصروفیات کے باوجود ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا۔ یہ معمولی سی باتیں بظاہر چھوٹی لگتی ہیں، مگر یہی ایک مضبوط ازدواجی زندگی کی بنیاد بنتی ہیں۔ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ ہم اپنے گھروں میں محبت کا ماحول پیدا کریں، بچوں کے سامنے ایک دوسرے کی عزت کریں، اختلاف کو تہذیب کے ساتھ حل کریں اور یہ سمجھیں کہ زندگی کا ہر مرحلہ ایک جیسا نہیں رہتا۔ کبھی خوشیوں کا موسم ہوتا ہے، کبھی آزمائش کی بارش۔ لیکن جو لوگ ہر موسم میں ایک دوسرے کا ہاتھ نہیں چھوڑتے، وہی دراصل کامیاب شریکِ حیات ہوتے ہیں۔
یہ بات ذہن میں بٹھا لینی چاہیے کہ دنیا میں کوئی شادی شدہ زندگی مکمل نہیں، کوئی انسان بے عیب نہیں، کوئی گھر مسائل سے خالی نہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ لوگ مسائل کو اپنے رشتے سے بڑا بنا لیتے ہیں، اور کچھ لوگ رشتے کو ہر مسئلے سے بڑا سمجھتے ہیں۔ زندگی کا حسن شاید اسی ادھورے پن میں پوشیدہ ہے، کیونکہ اگر ہر چیز کامل ہو جائے تو محبت، قربانی، برداشت اور وفاداری جیسے الفاظ اپنی معنویت کھو بیٹھیں۔جب کسی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھیں تو یہ فرض نہ کر لیجیے کہ اس کی زندگی بے فکر ہے اور جب اپنے گھر میں کوئی اختلاف پیدا ہو تو یہ نہ سمجھیے کہ سب کچھ ختم ہو گیا۔ رشتے ٹوٹتے نہیں، اکثر ہم انہیں اپنی ضد، انا اور موازنوں کے بوجھ تلے دبا دیتے ہیں۔ اگر ہم باتوں کو جیتنے کے بجائے رشتوں کو جیتنے کی کوشش کریں، اگر ہم شکایت کے بجائے شکر، مقابلے کے بجائے تعاون اور انا کے بجائے محبت کو ترجیح دیں تو شاید ہمارے گھر صرف اینٹوں کی عمارتیں نہیں بلکہ سکون، اعتماد اور انسان دوستی کے حقیقی آشیانے بن جائیں۔زندگی کی اصل کامیابی یہ نہیں کہ ہمارے گھر میں کبھی اختلاف نہ ہو، بلکہ یہ ہے کہ اختلاف کے باوجود ہمارے دل ایک دوسرے سے جدا نہ ہوں۔


