مدارس کو سرکاری تحویل میں لینا وقت کی اشد ضرورت ہے/ ڈاکٹر محمد شافع صابر

ہسپتال میں ہمارے پاس ایک باریش آدمی آیا، اسکے ساتھ اس کا بیٹا تھا، جو لنگڑا کر چل رہا تھا،وہ اپنے اس بیٹے کو ہی چیک کروانے آیا تھا۔ہسٹری پوچھنے پر جو بات انہوں نے بتائی، یقین منائیے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے ۔
بات یہ تھی، بچہ ایک مدرسے میں زیر تعلیم ہے، چھے پارے حفظ کر چکا ہے، ظہر کی نماز کے بعد، وہ قران پاک لیکر غلطی سے پچھلی صف میں بیٹھ گیا، جبکہ اسے آگے بیٹھنا تھا، اس بات پر مولوی صاحب غصے میں آ گئے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، اور زور سے دھکا دیکر دیوار سے مارا، جس سے اسکے کولہے کی ہڈی (femur) فریکچر ہو گئی ، (انکے کروائے گئے ایکسرے میں یہ تھا)، اس ایکسرے کی کوالٹی اتنی اچھی نہیں تھی، میں نے اسکا دوبارہ ایکسرے کروانا مناسب سمجھا۔
لیکن میں نے اس کے والد سے ایک شرط رکھی کہ، میں اسکو صرف اس بات پر داخل کروں گا اور علاج شروع کروں گا کہ تم اس نام نہاد جاہل مولوی کے خلاف پرچہ (fir ) درج کراؤ گئے۔
وہ آگے سے بولا، ڈاکٹر صاحب، پولیس سے ڈاکٹ کٹوا لی ہے، لیکن اب گلی محلے والے ، رشہ دار صلح کروانے کے لیے مجبور کر رہے، اب میں کیا کروں۔
میں نے اسکی ہمت بندھائی کہ اگر آپ ایسے بدمعاش مولویوں کے خلاف ایکشن نہیں لیں گے تو کون لے گا؟ کیا جو صلح کرنے کا کہہ رہے ہیں، کیا ان کے بیٹے کی ٹانگ ٹوٹی ہے؟؟ میری بات کا اسکے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔
پاکستان کو اس حال تک پہنچانے میں سب سے زیادہ کردار مولویوں اور مدرسوں نے ادا کیا ہے۔ ماں باپ سب سے لائق بچے کو ڈاکٹر، انجنیئر اور سائنسدان بنانا چاہتے ہیں اور سب سے نالائق بچے کو مدرسہ میں داخل کروا دیتے ہیں کہ حفظ کر لے گا اور عالم بن جائے گا، وہ جیسا عالم بنے گا، ہمیں معلوم ہے۔
ایک اور توجیہہ دی جاتی ہے کہ حفظ کرے گا تو ہماری بخشش کا سبب بنے گا، بھائی اپنی بخشش کا خود انتظام کرو، آپکو بخشواتے بخشواتے بے شک مولوی مار مار کر اسکی ساری ہڈیاں توڑ دے۔
یہ اکیسویں صدی ہے جبکہ ہمارے مدارس کے مولوی ابھی بھی پندرہویں صدی میں رہ رہے ہیں ، سبق نا آنے پر بچوں کو جس طرح جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ،اس کا سن کر ہی روح کانپ جاتی ہے۔ بچوں کو باندھ کر تشدد کیا جاتا ہے اور کوئی قانون ان مولویوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ آپ مانیں یا نا مانیں بچوں کو جسمانی تشدد کیساتھ کیساتھ جنسی تشدد کا نشانہ بھی سب سے زیادہ انہی مدارس میں کیا جاتا ہے ۔Sodomy کے سب سے زیادہ کیسز مدارس سے رپورٹ ہوتے ہیں، لیکن مولوی مذہب کا لبادہ اوڑھ کر بچ جاتے ہیں ۔
وطن عریز کے 99% مدارس صدقات اور خیرات سے چلائے جا رہے ہیں، تو جو بچہ اس ماحول میں پڑھا بڑھا ہے، وہ کیسے خود مختاری کی بات کر سکتا ہے؟؟ وہ ہمیشہ صدقات اور عطیات کے ذریعے ہی زندگی گزارنے کو ترجیح دے گا، کیونکہ اسکی اتنی برین واشنگ کر دی گئی ہے کہ آخرت ہی سب کچھ ہے، دنیا جائے بھاڑ میں، جبکہ اسے یہ سمجھانے والا مولوی، خود الٹرا لگژری لائف جی رہا ہے۔
میری والدین سے گزارش ہے کہ خدارا اپنے بچوں کو ایسے وحشی مولویوں اور مدارس کے حوالے نا کریں، انہیں پہلے اپنی دنیا ٹھیک کرنا سکھائیں، آخرت خود بخود ٹھیک ہو جائے گی۔ اگر آخرت ٹھیک کرنا ہے، لیکن دنیا نہیں ٹھیک کر سکے تو سب زیادہ نقصان اس بچے کا ہو گا۔
اب وقت آ گیا ہے کہ ان مدارس کا باقاعدہ چیک اینڈ بیلنس ہو، انکو دئیے گئے صدقات کا آڈٹ کروایا جائے، مدارس کے اساتذہ کو حکومت لگائے، ہر مدرسہ کے ہر ایک طالب علم کا ریکارڈ مقامی پولیس کے پاس ہو۔ ان مدارس کو جلد از جلد حکومتی تحویل میں لیا جانا وقت کی اہم ترین ضروت ہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں