ہمارے پاس ایٹمی طاقت ہے، زرخیز زمین ہے، دریا ہیں، معدنی وسائل ہیں، سمندر ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی آبادی بھی، لیکن اس سب کے باوجود ہم اپنی معیشت چلانے کے لیے مسلسل دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہیں۔ یہ تضاد محض معاشی کمزوری نہیں بلکہ قومی ترجیحات، حکمرانی اور اجتماعی سوچ کی ناکامی کا ثبوت ہے۔پاکستان میں قرضوں کا معاملہ اب محض اعداد و شمار کا کھیل نہیں رہا، یہ ہماری سیاسی اور معاشی زندگی کا مستقل بحران بن چکا ہے۔ ہر نئی حکومت اقتدار سنبھالتے ہی سابق حکمرانوں کے قرضوں کی فہرست سامنے رکھ دیتی ہے۔ کوئی خزانہ خالی ہونے کا رونا روتا ہے، کوئی سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کو ذمہ دار قرار دیتا ہے اور کوئی عالمی حالات کو اپنی ناکامیوں کا جواز بناتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اقتدار سے پہلے جو جماعت قرضوں کو قومی تباہی قرار دیتی ہے، اقتدار میں آنے کے بعد اسے ناگزیر ضرورت سمجھنے لگتی ہے۔ گویا ہمارے سیاست دانوں کے نزدیک قرض برا نہیں ہوتا، برا صرف مخالف حکومت کا لیا ہوا قرض ہوتا ہے۔
مختلف حکومتوں کے ادوار کا جائزہ لیا جائے تو قرضوں میں اضافے کی رفتار اور حجم کے حوالے سے نمایاں فرق ضرور نظر آتا ہے۔ تحریک انصاف کے دور میں مجموعی ملکی قرضوں میں تقریباً 79 فیصد اضافہ ہوا۔ مسلم لیگ ن کے 2013ء سے 2018ء کے دور میں قرض تقریباً دوگنا ہو گیا، جبکہ شہباز شریف کے دونوں ادوار میں قرضوں کے حجم میں مزید تیز رفتار اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ایف سے حاصل کیے گئے قرضوں کی ترتیب بھی مجموعی قرضوں کے اعداد و شمار سے مختلف تصویر پیش کرتی ہے۔ اس لیے کسی ایک جماعت کو تمام خرابیوں کا ذمہ دار قرار دینا حقائق سے فرار کے سوا کچھ نہیں۔ قرض کسی ملک کے لیے اسی وقت فائدہ مند ہوتا ہے جب اس سے ایسی معاشی سرگرمی پیدا ہو جو مستقبل میں قرض کی واپسی کی صلاحیت بھی پیدا کرے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی قرض لیتے ہیں، لیکن ان کے ہاں قرض کا استعمال پیداوار، صنعت، تحقیق، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں صورت حال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ قرض کا بڑا حصہ حکومتی اخراجات، مالی خسارے اور سابقہ قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہو جاتا ہے۔ ہم نئی آمدنی پیدا کرنے کے بجائے پرانی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے نئے مالی وسائل تلاش کرتے رہتے ہیں۔ یہ کاروبار نہیں، ایک ایسا مالی چکر ہے جس میں منزل کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
ایک عام شہری اگر اپنی آمدنی کا بڑا حصہ صرف قرض کی قسطوں میں ادا کرنے لگے تو اس کے گھر کا بجٹ تباہ ہو جاتا ہے۔ ریاست کے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ یہاں غلط فیصلوں کی قیمت کوئی ایک خاندان نہیں بلکہ کروڑوں شہری ادا کرتے ہیں۔ مہنگی بجلی، بڑھتے ہوئے ٹیکس، پٹرول کی قیمتیں اور اشیائے ضروریہ کی گرانی دراصل اسی غیر متوازن معاشی ڈھانچے کے مختلف چہرے ہیں۔ہماری معیشت کا دوسرا بڑا مسئلہ درآمدات پر غیر ضروری انحصار اور برآمدات کی محدود صلاحیت ہے۔ ہم تیل، گیس، خوردنی تیل، مشینری اور روزمرہ استعمال کی بے شمار اشیا کے لیے بیرونی منڈیوں پر انحصار کرتے ہیں، مگر اپنی مصنوعات کے ذریعے اتنا زرمبادلہ پیدا نہیں کر پاتے کہ یہ اخراجات پورے ہو سکیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ڈالر کی ضرورت پوری کرنے کے لیے مزید قرض اور بیرونی مالی معاونت درکار ہوتی ہے۔ یہ صورت حال اس وقت تک تبدیل نہیں ہو سکتی جب تک ہم اپنی صنعت کو محض بجلی کے بلوں، ٹیکسوں اور پالیسیوں کے تجربات میں الجھائے رکھیں گے۔
ہماری معاشی بدحالی کا سب سے بڑا سبب صرف وسائل کی کمی نہیں، بلکہ مراعات یافتہ طبقے کی وہ اجارہ داری ہے جس نے ریاستی نظام کو اپنے مفادات کے تابع کر رکھا ہے۔ ایک چھوٹا دکاندار ٹیکس کے خوف سے پریشان رہتا ہے، جبکہ بڑی معاشی قوتیں مختلف رعایتوں اور قانونی پیچیدگیوں کے سائے میں اپنا راستہ نکال لیتی ہیں۔ جب ریاست کمزور سے وصولی اور طاقتور کو رعایت دینے کی پالیسی اپنائے تو ٹیکس ادا کرنے کا قومی جذبہ بھی ختم ہونے لگتا ہے۔اسی طرح سرکاری اداروں کے نام پر ہر سال قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں جیسے اداروں کی مسلسل مالی بدانتظامی اس حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہمارے ہاں اداروں کو عوامی خدمت کے بجائے سیاسی تقرریوں، ذاتی مفادات اور انتظامی نااہلی کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔ آخر عوام کب تک ان اداروں کی ناکامیوں کا بل ادا کرتے رہیں گے؟
معاشی خودمختاری کے لیے سب سے پہلے حکمرانوں کو اپنے طرزِ زندگی اور حکومتی اخراجات میں تبدیلی لانا ہوگی۔ عوام کو قربانی کا درس دینے سے پہلے اقتدار کے ایوانوں میں کفایت شعاری نظر آنی چاہیے۔ سرکاری مراعات، غیر ضروری گاڑیاں، شاہانہ پروٹوکول، بیرونی دورے اور سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی تقرریاں کم کیے بغیر مالی نظم و ضبط کا دعویٰ بے معنی ہے۔ قرض لینے والی حکومت کے لیے اس کے نتائج کی جواب دہی بھی لازمی ہونی چاہیے۔ اصلاحات کا بوجھ صرف عوام پر ڈال کر معیشت درست نہیں کی جا سکتی۔ اگر حکومت ٹیکس بڑھاتی ہے تو اسے سرکاری اخراجات اور مراعات بھی کم کرنا ہوں گی۔ اگر بجلی مہنگی کرتی ہے تو بجلی چوری، لائن لاسز اور انتظامی نااہلی کا خاتمہ بھی کرنا ہوگا۔ اگر کاروبار پر ٹیکس عائد کرتی ہے تو اسے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور پالیسیوں میں تسلسل کی ضمانت بھی دینی ہوگی۔ معاشی انصاف کا تقاضا ہے کہ قربانی کا پیمانہ ہر طبقے کے لیے یکساں ہو۔ محض کمزور شہری کی جیب سے رقم نکال کر قومی خزانے کی حالت بہتر کرنے کی کوشش کسی دیرپا حل کی بنیاد نہیں بن سکتی۔
ہمیں یہ خوش فہمی ترک کرنا ہوگی کہ قدرتی وسائل کی موجودگی خودبخود خوشحالی لے آتی ہے۔ دنیا میں ایسے کئی ممالک ہیں جن کے پاس وسائل کی فراوانی ہے مگر بدانتظامی نے انہیں معاشی طور پر کمزور کر رکھا ہے۔ ترقی کا تعلق زمین کے نیچے موجود خزانے سے کم اور زمین پر موجود نظام کی دیانت داری سے زیادہ ہوتا ہے۔ پاکستان کو کسی معجزے کی نہیں۔۔۔ ذمہ دار قیادت، مضبوط اداروں، منصفانہ ٹیکس نظام اور مستقل پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی وسائل کے استعمال کا حساب مانگنا ہوگا۔ کیونکہ جس قوم کے شہری حکمرانوں سے حساب مانگنا چھوڑ دیتے ہیں، وہاں قومی خزانہ ذاتی جاگیر بننے میں دیر نہیں لگاتا۔ یاد رکھیے۔۔۔قرض لینا معاشی مجبوری ہو سکتی ہے، لیکن قرض کو مستقل طرزِ حکمرانی بنا لینا قومی نااہلی ہے۔ آزادی صرف یہ نہیں کہ ہمارے فیصلے کسی دوسرے ملک کے حکم سے نہ ہوں، حقیقی آزادی یہ بھی ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں ہمارے آج کے قرضوں کی غلام نہ ہوں۔


