آئینہ/حبیب شیخ

شام کی شفق رنگ بکھیر رہی ہے۔ کیا اس کو معلوم ہے کہ ابھی تاریکی سب رنگوں کو اپنے اندر سمیٹ لے گی؟

وہ خوش گل آج پھر اس آئینے کے رو برو بیٹھ گئی ہے۔ اپنے خد و خال کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہی ہے۔ آڑی ترچھی لکیروں کی خوب صورتی کو گھور رہی ہے کہ شاید ان میں کوئی کجی نہ آ گئی ہو، دن کی بھاگ دوڑ یا رات کی غنودگی میں کوئی داغ یا دھبہ کہیں سے ابھر آیا ہو، یا دھول اور دھوپ نے جلد کے کسی حصے کی ملائمت کم کر دی ہو۔

لیکن تیرا کچھ نقصان نہیں ہوا۔ تیرا انگ انگ ایسا ہی ہے جیسے ابھی ابھی اس کو سنوارا گیا ہے۔

پھر بھی تجھ کو چین نہیں آ رہا۔ مسکارا، غازہ—تو نے کئی پٹاریاں کھولی ہوئی ہیں۔ تیرے نازک ہاتھ قدرت کے اس شاہکار میں ترمیم کر رہے ہیں۔

اب تو آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر ہر زاویے سے خود کو دیکھ رہی ہے۔ یہ خود نمائی تیرے چہرے پر دبی دبی مسکراہٹ بکھیر رہی ہے۔

اس آئینے میں تیرا عکس تیرے رقیب کا مرہونِ منت ہے —ہاں، تیرا رقیب— وقت۔

آج تو اپنی سہیلی کی شادی کے پانچویں فنکشن میں جا رہی ہے، ہر دفعہ نئی زیبائش کے ساتھ۔

اور آج ہی تیرے اسی شہر میں ہزاروں غریب لڑکے لڑکیاں شادی کے خوابوں کو دفن کر رہے ہیں!

ایک اور آئینہ بھی تو ہے تیرے پاس جس میں تو نے کبھی جھانکا ہی نہیں۔

تو اُس آئینے سےنظریں چرا کر کچھ سکے غریبوں کی جھولی میں ڈال دیتی ہے تاکہ تیرا ضمیر کہیں تجھ سے بغاوت نہ کر دے۔

شاید تجھے پتا ہی نہیں اُس آئینے کے بارے میں۔ وہ آئینہ تو ایک پتھر بن چکا ہے!

یہ آئینہ صرف تجھے تیرا ظاہر دکھاتا ہے، تجھ کو خود نمائی اور خود فریبی میں مبتلا کرتا ہے، باقی دنیا سے پرے کرتا ہے۔

اور وہ آئینہ تجھے دنیا دکھاتا ہے، اوروں کی خوشیاں اور ان کے غم تیرے سامنے لا کھڑا کرتا ہے، ان سے ایک رشتہ بناتا ہے۔ کون سا رشتہ؟

سب سے بڑا رشتہ— انسانیت کا!

یہ آئینہ اگر ٹوٹ جائے تو ہر ایک کی نظر میں صرف کرچیاں ہیں۔

وہ آئینہ اگر شکستہ ہو تو سوز اُس کی کرچیوں کو سمیٹ کر گداز پھول میں ڈھال دے گا؛ ایسا پھول جس کی خوشبو دنیا میں مہک پھیلائے گی، جس کے رنگ بے رنگ لوگوں میں سما جائیں گے، جس کی قبا برہنہ دلوں کو ڈھانپ دے گی، جس کی نزاکت پتھر دلوں کو پگھلا دے گی، جس کی دھڑکن زمانے کی نبض ہو گی۔

تو اس آئینے سے باہر نکل اور اُس آئینے میں دیکھ— تجھے ایک نئی دنیا دکھائی دے گی۔

انسانیت کی دنیا!

اپنا تبصرہ لکھیں