عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کی بحث/ تحریر: احمد ٹی۔ کورو /مترجم: علی شہباز

عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کی بحث
مغربی اصلاح پسند مؤرخین اسلام کے عذر خواہوں کے لیے کیسے مفید ثابت ہوتے ہیں؟

(احمد ٹی۔ کورو، امریکہ کی سان ڈیاگو اسٹیٹ یونیورسٹی میں سیاسیات کے پروفیسر ہیں۔ وہ کتاب ’اسلام، آمریت اور پسماندگی: ایک عالمی اور تاریخی موازنہ‘ کے مصنف ہیں جو کیمبرج یونیورسٹی پریس سے انگریزی میں 2019ء میں شائع ہوئی اور اس کا رادو ترجمہ مشعل پبلشرز لاہور نے شائع کیا ہے۔ ان کا یہ مضمون انگریزی جریدے ’دی مونٹریال ریویو‘ میں نومبر 2026 کو شائع ہوا جس کا اردو ترجمہ قارئیں کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ مترجم)
گزشتہ برس دہلی بک فیئر کے دورے کے دوران میری ملاقات ایک بھارتی مسلمان دانش ور سے ہوئی۔ ہماری گفتگو مسلم دنیا کی پسماندگی کے مسئلے پر ہو رہی تھی۔ جب میں نے عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کو اپنانے میں تین صدیوں کی تاخیر کی ذمہ داری علماء (علمائے اسلام کا طبقہ) پر عائد ہونے کا ذکر کیا تو انہوں نے سوال کیا: ’’کیا یہ مفروضہ رد نہیں کیا جا چکا ہے؟‘‘
مجھے یہ سن کر حیرت ہوئی، کیونکہ چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر ان موضوعات میں سے ایک ہے جن کا جائزہ میں نے اپنی کتاب ’’اسلام، آمریت پسندی اور پسماندگی‘‘ (Islam, Authoritarianism, and Underdevelopment) میں لیا ہے۔ اس کتاب میں میرا استدلال ہے کہ علماء اور ریاست کے باہمی اتحاد نے مسلم معاشروں کے طویل المدت سیاسی اور سماجی و معاشی جمود میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ کتاب کی اشاعت کے بعد سے علماء اور ان کے حامیوں نے میرےدلائل کو نہ صرف انگریزی میں بلکہ اس کتاب کے پندرہ تراجم کی زبانوں میں بھی چیلنج کیا ہے۔ بعض مواقع پر معاملہ تنقید سے آگے بڑھ گیا: ملائیشیا میں علماء نے میری کتاب پر پابندی لگا دی، جب کہ ازبکستان اور صومالیہ میں اس کے ترجمے کی اشاعت روک دی گئی۔
اس صورتِ حال کا ایک قابلِ غور پہلو یہ ہے کہ علماءکے یہ مدافعین، جو تاریخی اسلامی علماء یا بحیثیت طبقہ علماء پر تنقید برداشت نہیں کرتے، خود شاذ ہی کوئی نئی تاریخی تحقیق پیش کرتے ہیں۔ اس کے بجائے وہ بار بار مغربی اصلاح پسند مؤرخین (Revisionist Historians) کے کاموں کا حوالہ دیتے ہیں۔
تاریخ اور سماجی علوم میں اصلاح پسندی کے محرکات مختلف رہے ہیں۔ مثلاً نئے شواہد کی روشنی میں رائج تشریحات کو چیلنج کرنا، یا نئی تعبیرات پیش کرکے اپنی علمی انفرادیت قائم کرنا۔ یہاں میری توجہ نظرثانی پسندی کی ایک مخصوص صورت پر ہے، جس کی تشکیل مابعد جدیدیت (Postmodernism) اور مابعد نوآبادیاتی فکر (Postcolonialism) کے زیرِ اثر ہوئی ہے۔ یہ دونوں فکری رجحانات تاریخ میں ترقی کے جدیدیت پسند اور یورپ مرکز بیانیوں کو مسترد کرتے ہیں۔
ایڈورڈ سعید کی کتاب ’استشراق‘ ((Orientalism جو 1978ء میں شائع ہوئی اور مابعد نوآبادیاتی فکر میں ایک اہم علمی اضافہ تھی، نے مسلم معاشروں کے مطالعے کو بہت متاثر کیا ہے۔ سعید نے مشیل فوکو کے تجزیۂ بیانیہ (Discourse Analysis) سے استفادہ کرتے ہوئے دکھایا کہ مغربی علمی روایت نے کس طرح عرب اور مسلم معاشروں کو اکثر نوآبادیاتی نقطۂ نظر کی مسخ شدہ عینک سے پیش کیا۔ تاہم، اسلامی عذر خواہوں نے اس کتاب کو اپنے مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا ہے۔ وہ مسلم معاشروں پر ہونے والی تنقیدی علمی تحقیق کو محض ’’استشراقی‘‘ قرار دے کر مسترد کر دیتے ہیں اور اس طرح مذہبی قدامت پسندی کو تاریخی تحقیق و احتساب سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں مابعد نوآبادیاتی مفکرین، مثلاً طلال اسد اور صبا محمود، کی تحریریں مختلف علمی شعبوں، بالخصوص بشریات (Anthropology)، میں خاصی مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔ مسلم معاشروں کے بارے میں مغربی تصورات کو تحلیل اور رد کرنے پر ان کے اصرار نے اسلام اور مسلم معاشروں سے متعلق علمی تحقیق کو کافی متاثر کیا ہے۔ مسلم معاشروں کو مغربی ثقافتی اور فکری تسلط سے محفوظ رکھنے کا یہ جذبہ اس حد تک بڑھ گیا کہ صبا محمود نے تین ممتاز اور مظلوم مسلم مصلحین، ناصر ابو زید، حسن حنفی اور عبد الکریم سروش پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ ان کے خیالات رینڈ RAND کارپوریشن کی ایک رپورٹ میں بیان کردہ امریکی جغرافیائی و سیاسی ایجنڈے کی بازگشت ہیں۔
میری کتاب پر ہونے والی بحث بھی اسی فکری ماحول میں سامنے آئی ہے۔ علماء کے بارے میں میرے تجزیے سے ناخوش ناقدین نے مغربی نظرثانی پسند علمی کاموں کا سہارا لیا ہے، جو مسلم زوال کے تصور پر سوال اٹھاتے ہیں اور غزالی کی علمی میراث کا ازسرِنو جائزہ لیتے ہیں۔ غزالی گیارہویں صدی کے وہ عالم تھے جنہیں پیغمبرِ اسلام کے بعد اسلامی تاریخ کا غالباً سب سے زیادہ مؤثر فکری رہنما سمجھا جاتا ہے۔ ان ناقدین نے میری کتاب کو ایک مستشرقانہ تصنیف کے طور پر پیش کیا ہے، گویا اس کا دعویٰ یہ ہو کہ غزالی کی وجہ سے گیارہویں صدی میں مسلم سائنسی سرگرمیاں ختم ہو گئیں۔
کیا غزالی ڈیوڈ ہیوم جیسے تھے؟
تاہم، میرا استدلال اس سے کہیں زیادہ لطیف ہے۔ میں یہ مؤقف اختیار کرتا ہوں کہ آٹھویں سے گیارہویں صدی عیسوی کے درمیان مسلم معاشروں نے سائنس اور اقتصادی ترقی کے ایک سنہری دور کا تجربہ کیا۔ اس زمانے میں علماء اور ریاست کے درمیان نسبتاً علیحدگی پائی جاتی تھی، جس کے ساتھ علمی اور تاجر طبقات کی نشوونما وابستہ تھی۔ تاہم گیارہویں صدی کے وسط سے وسطی ایشیا، ایران اور عراق میں، اور بارہویں صدی کے وسط سے شام اور مصر میں، معاشی، عسکری اور مذہبی تبدیلیوں نے علماء اور ریاست کے درمیان ایک اتحاد کو فروغ دیا۔
اگلی کئی صدیوں کے دوران اس اتحاد نے بتدریج فلسفیوں کو حاشیے پر دھکیل دیا اور تاجر طبقے کو کمزور کر دیا۔ غزالی نے اس عمل میں ایک کردار ادا کیا، جو نظریاتی اعتبار سے اہم ضرور تھا، لیکن اس پورے عمل کی وضاحت کے لیے کافی نہیں۔ کوئی ایک فرد پوری تہذیب کے فکری سفر کا رخ تبدیل نہیں کر سکتا۔تاہم، غزالی پر یہ محدود تنقید بھی ان کے عقیدت مندوں کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ بہت سے قدامت پسند مسلمانوں کے نزدیک غزالی ایک طویل عرصے سے ایسی شخصیت ہیں جن پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔ حالیہ دہائیوں میں مغربی علمی تحقیق نے غزالی کو نہایت مثبت انداز میں پیش کیا ہے۔ بعض محققین تو جبری علیت (Necessary Causality) پر ان کی تنقید کو ڈیوڈ ہیوم کے تشکیک پسند فلسفے کا پیش رو بھی قرار دیتے ہیں۔ بعد ازاں ، عذر خواہوں نے بھی ان نئی تعبیرات کو اپنا لیا۔
لیکن یہاں اصل تاریخی سوال یہ نہیں کہ غزالی ایک نہایت باریک بین مفکر تھے یا نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہیوم نے کبھی اپنے سے اختلاف رکھنے والے مذہبی نظریات کو ارتداد قرار دے کر اس کی سزا موت تجویز کی؟ کیا اس نے ’’قلب‘‘ کے ذریعے حاصل ہونے والے صوفیانہ علم کو پانچ حواس کی قابلِ اعتماد شہادت پر ترجیح دیتے ہوئے حواسِ خمسہ کی صداقت کو مسترد کیا؟ یا کیا اس کے پیروکار اسےایک ولی اور اپنے مذہب کا ’’صدی کا مجدد‘‘سمجھتے تھے؟ غزالی کے معاملے میں ان تینوں سوالات کا جواب ہاں میں ہے۔
درحقیقت زوال کا تصور مسلمانوں پر مغربی مستشرقین نے مسلط نہیں کیا تھا۔ معروف عرب مؤرخ ابن خلدون نے چودھویں صدی عیسوی کے اواخر میں اپنی کتاب ’مقدمہ‘ میں مسلم دنیا میں علمی پیداوار کے زوال کا تجزیہ کیا تھا۔ اسی طرح عثمانی عہد کے عظیم ہمہ جہت عالم کاتب چلبی (Katip Çelebi) نے سترھویں صدی میں عثمانی مدارس کی تعلیم کے زوال پر تنقید کی تھی۔
کیا چھاپہ خانے کو اپنانے میں تین صدیوں کی تاخیر پر جشن منانا چاہیے؟
مسلم زوال کے وسیع تر مباحث سے ہٹ کر ایک نسبتاً مخصوص اور حالیہ تنازع بھی ہے، جس کا تعلق علماء اور ریاست کے اتحاد اور چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر سے ہے۔ اس اتحاد کی ذمہ داری تسلیم کرنے کے بجائے اس کے مدافعین نے مغربی اصلاحی محققین کے کاموں کا سہارا لے کر میرے استدلال کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔
چھاپہ خانے کے بارے میں اصلاح پسندانہ تعبیر پیش کرنے والا ابتدائی اور اہم مقالہ کیتھرین اے۔ شوارٹز (Kathryn A. Schwartz) کا 2017ء میں شائع ہونے والا مضمون تھا کہ ’’کیا عثمانی سلاطین نے چھاپہ خانے پر پابندی لگائی تھی؟‘‘ ۔ یہ مضمون بڑی حد تک عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر کی ذمہ داری سے سلاطین اور علماء دونوں کو بری کر دیتا ہے۔ حال ہی میں ایک مرتبہ پھر ایک مرتب شدہ کتاب شائع ہوئی ہے جس میں شوارٹز کی تعبیر کو دہراتے ہوئے مزید تقویت دی گئی ہے، البتہ اس بار (چھاپہ خانے میں) عربی رسم الخط کی طباعت میں پیش آنے والی تکنیکی مشکلات پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
مختصراً، شوارٹز اور ان کے رفقائے کار عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر کے پورے سوال ہی کو یورپ مرکز اور تاریخی حقائق سے کٹا ہوا قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عثمانیوں نے پہلے چھاپہ خانہ اس لیے قائم نہیں کیا کیونکہ قلمی نسخوں کی تیاری ان کی ضروریات پوری کر رہی تھی، لہٰذا طباعت کی طرف پہلے منتقل ہونے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ وہ قلمی نسخوں کی جمالیاتی برتری اور عملی پہلوؤں، مثلاً کاتبوں کے روزگار کے تحفظ، کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے مطابق چھاپہ خانے کی مخالفت میں علماء کے کردار کا بنیادی ثبوت ناقابلِ اعتماد یورپی مبصرین کی تحریروں سے حاصل ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ چونکہ 1727ء میں علماء اور سلطان، دونوں نے چھاپہ خانے کی اجازت دے دی تھی، اس لیے یہ تصور درست نہیں ہو سکتا کہ یہی حکام اس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔
وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ 1727ء کے فرمان (سلطان کا شاہی حکم)، جس میں شیخ الاسلام کا فتویٰ بھی شامل تھا، نے ابراہیم متفرّقہ کو صرف غیر مذہبی موضوعات پر کتابیں چھاپنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ پابندی علماء کی مخالفت کا نتیجہ نہیں بلکہ خود متفرّقہ کی درخواست کا حصہ تھی۔ ان کے مطابق چونکہ حکام نے متفرّقہ کو طباعت کی عمومی اجازت دینے کے بجائے ذاتی اجازت نامہ جاری کیا تھا، اس لیے یہ پابندی صرف ان کے انفرادی اجازت نامے تک محدود تھی اور اسے مذہبی کتابوں کی طباعت پر عمومی پابندی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
یہ اصلاح پسندانہ تعبیر درست طور پر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ طباعت پر کسی باقاعدہ تحریری پابندی کا ثبوت موجود نہیں، لیکن اس کے بعد وہ اس سے کہیں زیادہ وسیع اور قیاسی دعوے پیش کرتی ہے۔ یہ تحریری پابندی کی تلاش کو ایک مصنوعی اور کمزور دلیل (Straw-man Argument) کھڑی کرنے کا موقع بنا دیتی ہے۔ یوں عثمانی سلطنت میں طباعت کی تاخیر کے پیچیدہ تاریخی مباحث کو ایک سادہ دعوے میں سمیٹ دیا جاتا ہے، جسے بعد ازاں فاتحانہ انداز میں ’’غلط ثابت‘‘ کیا جا سکے گا۔
جب اس علمی تعبیر کو بلاگرز میرے مؤقف کی ایک مسخ شدہ تصویر پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں تو یہ سادہ کاری مزید بڑھ جاتی ہے۔ ایک بلاگر نے تو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک مزاحیہ تصویر بھی استعمال کی، جس میں مجھ پر یہ ’’افواہ‘‘ پھیلانے کا الزام لگایا گیا کہ عثمانی سلاطین اور علماء نے چھاپہ خانے پر پابندی عائد کی تھی، حالانکہ ایسی کوئی پابندی ’’کبھی موجود ہی نہیں‘‘ تھی۔
میرا استدلال اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے اور (چھاپہ خانے پر) کسی باقاعدہ قانونی پابندی کے بجائے ادارہ جاتی رکاوٹوں پر مبنی ہے۔ میں چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر کی بنیادی وجہ مسلم دنیا کے پہلے سے جمود کا شکار علمی، سائنسی اور سماجی و معاشی حالات کو قرار دیتا ہوں۔ سولہویں صدی تک عثمانی سلطنت میں علماء اور ریاست کا اتحاد گہری ادارہ جاتی جڑیں پکڑ چکا تھا۔ اس نے تاجر طبقے کو کمزور کر دیا تھا اور فلسفے اور طبیعی علوم کو حاشیے پر دھکیل دیا تھا۔ اس صورتِ حال میں چند نمایاں استثنا بھی تھے، مثلاً استنبول کی رصدگاہ، جو 1577ء سے 1580ء تک قائم رہی۔
اس سے پہلے، جب مسلم معاشروں میں متحرک تاجر اور علمی طبقات موجود تھے، تو انہوں نے آٹھویں صدی کے وسط سے چین کی کاغذ سازی کی ٹیکنالوجی کو نہایت جوش و خروش سے اپنایا تھا۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر کاغذ استعمال کرتے ہوئے ایسے کتب خانے قائم کیے جن میں لاکھوں کی تعداد میں کتابیں موجود تھیں۔ اس کے برعکس، یورپ میں اس زمانے میں ایسے متحرک تاجر اور علمی طبقات موجود نہیں تھے، اور وہاں پہلی کاغذ ساز فیکٹری تیرہویں صدی عیسوی تک قائم نہیں ہوئی تھی۔ لیکن جب طباعت کا دور آیا تو صورتِ حال الٹ چکی تھی۔ اب یورپ میں زیادہ متحرک سماجی طبقات موجود تھے، جب کہ مسلم دنیا ان سے محروم ہو چکی تھی۔
نتیجتاً عثمانیوں کی علمی اور معاشی زندگی میں ایسا کوئی سماجی طبقہ باقی نہیں رہا تھا جو چھاپہ خانے کے قیام کا مطالبہ کرتا۔ اس معنٰی میں علماء اور ریاست کے اتحاد نے طباعت کے پھیلاؤ کو نہ صرف متنازع قانونی پابندیوں کے ذریعے روکا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ایسے ادارہ جاتی اور مذہبی و ثقافتی حالات پیدا کیے جنہوں نے علمی تجسس اور جدت کو دبا دیا۔ پابندیوں کا تحریری شکل میں موجود ہونا ہمیشہ ضروری نہیں ہوتا، غیر رسمی ضابطے اور روایات بھی اتنے ہی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گٹنبرگ کی پہلی مطبوعہ بائبل (1455ء) اور ابراہیم متفرّقہ (متوفٰی 1747ء) کی عثمانی ترکی میں پہلی مطبوعہ کتاب (1729ء) کے درمیان تقریباً 274 برس کا فاصلہ ہے۔ لہٰذا اس سے پہلے کسی باقاعدہ قانونی پابندی کا وجود ثانوی اہمیت رکھتا ہے؛ اصل اہمیت اس وسیع تر ادارہ جاتی وضاحت کی ہے جو اس غیر معمولی تاخیر کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
علماء اور ریاست کے اتحاد نے چھاپہ خانے کی راہ میں کیسے رکاوٹ ڈالی؟
اب میں وضاحت کرتا ہوں کہ شوارٹز اور ان کے رفقائے کار کے پیش کردہ بیانیے کے بعض مخصوص پہلوؤں سے مجھے اختلاف کیوں ہے۔
اول، یہ سوال اٹھانا کہ مسلم معاشروں نے چھاپہ خانے کو اپنانے میں اتنی تاخیر کیوں کی، تقابلی تاریخی تجزیے کے لیے ایک بالکل جائز سوال ہے۔ اسے یورپ مرکز قرار دے کر مسترد نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ چھاپہ خانے نے دنیا بھر میں خواندگی، تعلیم اور ابلاغ کے ذرائع کو تبدیل کر دیا تھا۔ حالیہ دور میں سوشل میڈیا کے عروج تک مطبوعہ کتابوں، اخبارات اور رسائل کی تاریخی اہمیت اس حقیقت کو واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔
دوسری جنگِ عظیم کے بعد جب سوویت یونین نے اسپوتنک نامی مصنوعی سیارہ خلا میں بھیج کر اور یوری گاگارین کو خلائی سفر پر روانہ کرکے خلائی ٹیکنالوجی میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا تو امریکیوں نے یہ جواب نہیں دیا کہ ’’ہمیں سوویت معیار پر مت پرکھیے؛ جب ہمیں ضرورت ہوگی تو ہم اپنی خلائی ٹیکنالوجی خود بنا لیں گے۔‘‘ اس کے بجائے انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ امریکی سائنس کی تعلیم میں کیا خامی رہ گئی ہے، اور چاند پر انسان کو اتارنے کو ایک قومی ہدف بنا لیا۔ یہ پوچھنا کہ ایک معاشرہ کسی انقلابی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں دوسرے معاشرے سے پیچھے کیوں رہ گیا، ثقافتی تعصب نہیں بلکہ سنجیدہ تحقیق کا نقطۂ آغاز ہے۔
دوم، شوارٹز اور ان کے رفقائے کار کا استدلال ہے کہ عثمانیوں کو تین صدیوں تک چھاپہ خانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔ تاہم طباعت کی انقلابی قوت اور عثمانی معاشرے کے علمی و سماجی و معاشی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اس دعوے پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے۔ بینیڈکٹ اینڈرسن، الزبتھ آئزنسٹائن اور مارشل میک لوہن جیسے محققین نے دستاویزی شواہد کے ذریعے واضح کیا ہے کہ چھاپہ خانے نے زبانی ثقافت سے مطبوعہ ثقافت کی طرف منتقلی میں انقلابی کردار ادا کیا۔ یورپ میں پندرہویں صدی کے دوسرے نصف میں مطبوعہ کتابوں کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ تھی، جو سترھویں صدی تک بڑھ کر تقریباً پچاس کروڑ ہو گئی۔ کتابوں کی تیاری کی لاگت میں نمایاں کمی کرکے طباعت نے علم کی بڑھتی ہوئی طلب اور رسد کا ایک مثبت چکر پیدا کرنے میں مدد دی۔
اس کے برعکس، عثمانی سلطنت اور وسیع تر مسلم دنیا نے ایک منفی چکر کا سامنا کیا۔ ناخواندگی، کمزور تعلیمی ادارے اور سائنسی جدت طرازی میں گراوٹ ہوئی۔ اصلاح پسند مؤرخین اکثر تقابلی تجزیے سے سامنے آنے والے اس فرق کو نظرانداز کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، تاریخ کی ایک حالیہ کتاب میں کہا گیا ہے کہ سترھویں صدی میں ’’عثمانی سلطنت میں کتابیں خاصی وافر مقدار میں دستیاب تھیں۔‘‘ لیکن سوال یہ ہے کہ ’’وافر مقدار‘‘ سے مراد آخر کیا ہے؟ اس حقیقت کو سمجھنے کے لیے ہمیں تقابلی اور مقداری اعداد و شمار کی ضرورت ہے۔
اٹھارویں صدی کے دوران عثمانی چھاپہ خانوں نے پچاس ہزار سے بھی کم کتابیں شائع کیں۔ اس کے برعکس، اسی عرصے میں یورپی چھاپہ خانوں سے تقریباً ایک ارب کتابیں شائع ہوئیں۔ یہ تفاوت شرحِ خواندگی میں بھی نمایاں تھا۔ 1800ء تک عثمانی مسلمانوں میں شرحِ خواندگی کا تخمینہ عموماً تقریباً ایک فیصد لگایا جاتا ہے، جب کہ مغربی یورپ میں یہ اوسط تقریباً 31 فیصد تھی۔
پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عثمانی سلطنت میں چھاپہ خانے کے متعارف ہونے کے باوجود کتابوں کی اشاعت اور شرحِ خواندگی میں کوئی انقلابی تبدیلی کیوں نہ آ سکی؟ اس کا جواب علماء اور ریاست کے اتحاد کی جانب سے عائد کردہ مسلسل رکاوٹوں اور سلطنت کے وسیع تر سماجی و معاشی جمود، دونوں میں پوشیدہ ہے۔ یورپ میں چھاپہ خانے کے بنیادی مقاصد میں سے ایک عام لوگوں کی زبانوں میں بائبل اور دیگر مذہبی کتب کی بڑے پیمانے پر اشاعت تھا۔ اس کے برعکس عثمانی سلطنت میں مذہبی کتابوں کی طباعت کی اجازت مزید ایک صدی تک نہیں دی گئی۔ ایسے معاشرے میں جہاں تعلیم اور قانون پر مذہبی متون کا غلبہ تھا، یہ ایک بہت بڑی رکاوٹ تھی۔ مزید یہ کہ اگرچہ متفرّقہ (متوفٰی 1747ء) کو غیر مذہبی کتابوں کی طباعت کے لیے چھاپہ خانہ قائم کرنے کی اجازت مل گئی تھی، لیکن وہ اپنی پوری توجہ طباعت کے کام پر مرکوز کرنے کے بجائے سلطنت کے سفارت کار کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کی وفات کے بعد چھاپہ خانہ کئی برس تک غیر فعال رہا۔
ایک صدی بعد تعلیمی اصلاحات کے نتیجے میں عثمانی طباعت اور شرحِ خواندگی میں بہتری آنا شروع ہوئی، لیکن یورپ کے ساتھ فرق بدستور بہت زیادہ تھا۔ 1897ء میں شائع ہونے والی پہلی عثمانی شماریاتی سالنامے کے مطابق سلطنت میں 324 عوامی کتب خانے تھے، جن میں صرف تقریباً ایک لاکھ ترانوے ہزار کتابیں موجود تھیں۔ اس کے برعکس، 1880ء میں فرانس کے 505 عوامی کتب خانوں میں 72 لاکھ سے زیادہ کتابیں موجود تھیں۔
کتابوں کی تعداد کے علاوہ ان کے موضوعات بھی عثمانی سلطنت کے علمی حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، عثمانیوں نے امریکہ کے بارے میں بہت کم تجسس کا مظاہرہ کیا، حالانکہ وہ ان کے لیے ایک بالکل نئی دنیا تھی۔ 1580ء میں ایک نامعلوم عثمانی مصنف نے نئی دنیا کے بارے میں پہلی عثمانی کتاب ’تاریخِ ہند الغربی‘ (Tarih-i Hind al-Garbi) تحریر کی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے بعد اگلے ڈیڑھ سو برس تک نئی دنیا کے بارے میں کوئی دوسری متبادل عثمانی تصنیف سامنے نہیں آئی۔ چنانچہ متفرّقہ نے 1730ء میں اسی کتاب کو اشاعت کے لیے منتخب کیا، اور 1875ء میں اسے دوبارہ شائع کیا گیا۔ اس کتاب کی اہمیت اس کے علمی معیار سے زیادہ اس حقیقت میں تھی کہ کئی صدیوں تک امریکہ کے بارے میں اس جیسی کوئی دوسری عثمانی تصنیف سامنے نہیں آئی۔
یہ تاخیر صرف کتابوں تک محدود نہیں تھی۔ کرسٹوفر کولمبس اور واسکو ڈے گاما کے بحری سفر کے تقریباً چار سو برس بعد عثمانیوں کا امریکہ کی طرف پہلا بحری سفر بھی محض اتفاقاً ہوا۔ 1866ء میں استنبول سے روانہ ہونے والے بحری بیڑے کے دو جہاز افریقہ کا چکر لگاتے ہوئے اپنے اصل ہدف بصرہ کی جانب سفر جاری رکھنے سے پہلے برازیل پہنچ گئے۔ یہ تمام مثالیں واضح کرتی ہیں کہ عثمانی علماء اور ریاست کے اتحاد نے کس طرح پسماندگی کے حالات پیدا کیے۔
مسلم دنیا کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے رجحانات دیکھنے میں آئے۔ درحقیقت عثمانیوں نے دیگر مسلم معاشروں کے مقابلے میں نسبتاً پہلے چھاپہ خانہ قائم کیا۔ اس کی ایک وجہ یورپ کے ساتھ ان کی مسلسل عسکری اور سفارتی مصروفیات بھی تھیں۔ دوسرے مسلم معاشروں میں مسلمانوں کے زیرِ انتظام چھاپہ خانے اس سے بھی بعد میں قائم ہوئے۔ ایران کے تبریز میں 1817ء، ہندوستان کے لکھنؤ میں 1819ء، مصر کے قاہرہ میں 1821ء، روس کے مسلم علاقوں کے شہر قازان میں سنگی طباعت (Lithography) کے ذریعے 1844ء میں، اور انڈونیشیا کے سورابایا میں اسی طریقے سے 1853ء میں چھاپے خانے قائم ہوئے۔ وسطی ایشیا، جو کبھی دنیا کے عظیم ترین علمی مراکز میں شمار ہوتا تھا، وہاں 1864ء میں شروع ہونے والے روسی حملے تک کوئی چھاپہ خانہ موجود نہیں تھا۔
عثمانی اور دیگر مسلم معاشروں کی پسماندگی صرف مغربی یورپ کے ساتھ ان کا تقابل کرنے سے ہی واضح نہیں ہوتی بلکہ اگر ان کا موازنہ مسلم دنیا کے اپنے آٹھویں سے گیارہویں صدی کے سنہری دور سے کیا جائے تو بھی یہی حقیقت سامنے آتی ہے۔ یقیناً عثمانی سلطنت کی چھ صدیوں کی تاریخ میں فلسفیانہ اور علمی تصانیف و تحقیقات موجود تھیں۔ لیکن جب ان کامیابیوں کا موازنہ اس سے پہلے کی چھ صدیوں میں مسلم معاشروں کی علمی کامیابیوں سے کیا جائے تو عثمانی دور نسبتاً علمی جمود کا زمانہ دکھائی دیتا ہے۔
لہٰذا چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر دراصل ایک وسیع تر تاریخی رجحان کا حصہ تھی۔ یہی سوال دیگر بڑی ایجادات کے بارے میں بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ مسلم معاشرے دوربین (Telescope) کو اپنانے، مرکزیتِ شمس کے نظریے (Heliocentric Model) کو قبول کرنے، گھڑیال والے مینار تعمیر کرنے، انسانی لاشوں کی تشریح الاعضا (Dissection) کرنے یا انسانی شکلوں کی فنکارانہ عکاسی کو تسلیم کرنے میں پیچھے کیوں رہ گئے؟ آج کوئی مسلم معاشرہ ان ترقیات کو غیر ضروری قرار نہیں دیتا۔ ان کے دیر سے اختیار کیے جانے کی وجہ علماء اور ریاست کے اتحاد کی جانب سے عائد کردہ ادارہ جاتی رکاوٹیں تھیں۔ اس کی وضاحت محض یہ کہہ کر نہیں کی جا سکتی کہ مسلم معاشروں کو ان ایجادات کی ضرورت ہی نہیں تھی۔
عثمانی اصلاحات کے ایک حصے کے طور پر چھاپہ خانہ
شوارٹز اور ان کے رفقائے کار سے میرا تیسرا اور آخری اختلاف عثمانی سلطنت میں مسلمانوں کے زیرِ انتظام پہلے چھاپہ خانے کے سیاسی پس منظر سے متعلق ہے۔ سلطان کا فرمان اور شیخ الاسلام کا فتویٰ محض متفرّقہ کو ایک انفرادی کاروباری شخص کی حیثیت سے دیے گئے اجازت نامے نہیں تھے۔ بلکہ 1727ء کی اجازت اور خود طباعت کا منصوبہ عثمانی ریاست کے اندر جاری ایک وسیع تر اصلاحی تحریک کا حصہ تھے۔
عسکری شکستوں کے ایک سلسلے نے، جس کا آغاز 1683ء میں ویانا کے ناکام محاصرے سے ہوا اور جس کا اختتام 1699ء کے معاہدۂ کارلووٹز پر ہوا، بہت سے عثمانی اہلِ سیاست کو یہ باور کرا دیا تھا کہ ان کے ریاستی ادارے اب وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہے۔ یہ پہلا معاہدہ تھا جس کے تحت عثمانی سلطنت نے یورپی طاقتوں کے ہاتھوں وسیع علاقے کھوئے تھے۔
1718ء میں یورپی طاقتوں کے ساتھ امن معاہدے کے بعد سلطان اور اس کے بیوروکریٹس نے اصلاحات کا ایک سلسلہ شروع کیا، جس کا مقصد یورپ سے سیکھنا تھا۔ ان اصلاحات میں یورپ کے متعدد دارالحکومتوں میں سفیروں کی تعیناتی اور ایک مجلسِ ترجمہ کا قیام بھی شامل تھا۔ متفرّقہ ہنگری سے تعلق رکھنے والے ایک نومسلم اور عثمانی سفارت کار تھے، جب کہ ان کے معاون سعید آفندی پہلے عثمانی سفیر کے بیٹے تھے جنہیں پیرس بھیجا گیا تھا۔ سعید افندی بعد میں وزیرِ اعظم بھی بنے۔
یہ اصلاحی تحریک 1730ء میں ایک ایسی بغاوت کے نتیجے میں ختم ہوئی جس کے پس منظر میں متعدد معاشی اور سیاسی شکایات موجود تھیں۔ باغیوں نے مذہبی بیانیے کا سہارا لیا، سلطان کو معزول کیا، شیخ الاسلام کو جلاوطن کیا اور وزیرِ اعظم کو قتل کر دیا، جو متفرّقہ کے چھاپہ خانے کے ایک اہم سرپرست تھے۔ اس وسیع تر تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو عثمانی سلطنت میں پہلے چھاپہ خانے کا قیام ایک مختصر مگر پیش رو اصلاحی تحریک کی بدولت ممکن ہوا تھا۔
اس اصلاحی دور میں بھی متفرّقہ کا محتاط طرزِ عمل اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے صرف غیر مذہبی کتابوں کی اشاعت کی اجازت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ انہوں نے اپنی درخواست کا آغاز مذہبی کتابوں کے تحفظ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کیا، لیکن حکمتِ عملی کے تحت صرف غیر مذہبی کتابوں کی طباعت کی اجازت طلب کی۔ اپنی درخواست میں متفرّقہ نے چھاپہ خانے کے فوائد بیان کرتے ہوئے اس کے حق میں دس دلائل پیش کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عثمانی سلطنت میں کتابیں وافر نہیں بلکہ کمیاب تھیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قلمی نسخوں کی ہاتھ سے نقل کرنے کے مقابلے میں طباعت کے ذریعے کتابیں کم خرچ میں تیار کی جا سکتی ہیں، ان کی روشنائی زیادہ دیرپا ہوتی ہے، نقل کی غلطیاں کم ہوتی ہیں اور ان میں اشاریے اور فہرستِ مضامین جیسی مفید سہولتیں بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے یہ نشاندہی بھی کی کہ یورپی پہلے ہی عربی، ترکی اور فارسی زبانوں میں سستی مطبوعہ کتابیں عثمانی سلطنت کو برآمد کر رہے تھے، لیکن ان کتابوں کے نسخوں میں املا اور دیگر نوعیت کی غلطیاں عام تھیں۔ ایک مناسب طریقے سے چلائے جانے والے عثمانی چھاپہ خانے کے قیام سے ان غلطیوں سے بچا جا سکتا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نہ تو متفرّقہ کی درخواست، نہ سلطان کا فرمان اور نہ ہی فتویٰ، کسی میں بھی قلمی نسخے نقل کرنے والے کاتبوں کی مبینہ مزاحمت یا عربی طباعت کی تکنیکی مشکلات کا ذکر موجود ہے۔ ان تینوں دستاویزات میں طباعت کے عملی فوائد اور کتابوں کی محتاط پروف ریڈنگ کی اہمیت بیان کرنے کے علاوہ بنیادی سوال یہی زیرِ بحث ہے کہ آیا غیر مذہبی کتابوں کی طباعت اسلامی شریعت سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں۔ اس بحث اور خود اس حقیقت سے کہ طباعت کے لیے مذہبی اجازت نامہ درکار تھا، یہی ظاہر ہوتا ہے کہ چھاپہ خانے کے گرد اصل تنازع مذہبی نوعیت کا تھا۔
رادو ڈپراتو (Radu Dipratu) نے ایک حالیہ کتابی باب میں دکھایا ہے کہ متفرّقہ نے ان سیاسی طور پر غیر یقینی برسوں میں چھاپہ خانے کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی کتابوں کے مقدمات میں ممتاز علماء کی تائیدی آرا حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ ڈپراتو کا استدلال ہے کہ عربی رسم الخط کی طباعت میں تکنیکی مشکلات کو تاخیر کی بنیادی وجہ قرار دینے والی توجیہات اس حقیقت کو نظرانداز کرتی ہیں کہ عثمانی سلطنت کے عربی بولنے والے مسیحی پہلے ہی عربی کتابیں شائع کر رہے تھے، لیکن انہیں اسی نوعیت کے جمالیاتی اعتراضات کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق بنیادی مسئلہ بدستور مذہبی مخالفت ہی تھا۔
اگرچہ عثمانی علماء نے متفرّقہ کی غیر مذہبی کتابوں کی طباعت کی توثیق کر دی تھی، لیکن انہوں نے مذہبی مواد کی اشاعت کے لیے مزید رکاوٹیں برقرار رکھیں۔ اسلامی مذہبی کتابوں کو 1803ء تک چھاپنے کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ عربی زبان میں قرآنِ مجید کی طباعت کے لیے 1873ء تک انتظار کرنا پڑا۔ اپنی سیاسی قوت میں کمی کے باوجود علماء مکمل ترکی زبان میں ترجمۂ قرآن کی طباعت کو سلطنتِ عثمانیہ کے خاتمے تک روکنے میں کامیاب رہے۔
شمس الدین سامی، جو پہلی ترکی لغت کے مصنف تھے، نے قرآنِ مجید کا ترکی میں ترجمہ مکمل کیا اور اجازت حاصل کرنے کے لیے اسے شیخ الاسلام کے دفتر میں جمع کرایا۔ علماء نے نہ صرف اس کی اشاعت کی اجازت دینے سے انکار کیا بلکہ اس قلمی نسخے کو بھی تلف کر دیا۔ قرآنِ مجید کا پہلا ترکی ترجمہ 1924ء میں یعنی جمہوریہ ترکی کے قیام کے ایک سال بعد شائع ہوا ۔
یہاں میں اس بات کی نشاندہی کرنا چاہوں گا کہ عثمانی علماء کا رویہ ابتدائی مسلم علماء کے طرزِ عمل سے متضاد تھا، جو قرآنِ مجید کے تراجم کے معاملے میں غیر معمولی طور پر کشادہ ذہن رکھتے تھے۔ اہلِ سنت کے سب سے بڑے فقہی مکتب کے بانی امام ابو حنیفہ (وفات 767ء) کے بارے میں روایت ہے کہ انہوں نے روزمرہ نمازوں میں قرآنی تراجم کی تلاوت کی اجازت دی تھی۔ قرآنِ مجید کا قدیم ترین محفوظ فارسی ترجمہ دسویں صدی عیسوی کا ہے، جو طبری کی عربی تفسیر کے فارسی ترجمے میں بین السطور (Interlinear) صورت میں موجود ہے۔ مشرقی ترکی اور اناطولیائی ترکی زبانوں میں بھی چودھویں اور پندرھویں صدی میں تراجم سامنے آئے، جب کہ تاریخی مآخذ دسویں صدی کے ایک اس سے بھی قدیم ترکی ترجمۂ قرآن کا ذکر کرتے ہیں۔
تصویری نوٹ: آسکر شمرلنگ کا ایک سیاسی کارٹون، ملا نصرالدین، شمارہ 17، تبلیسی، 28 اپریل 1908ء۔ ویکیپیڈیا
اس کارٹون میں کریمیا کے تاتار مسلمان مصلح اسماعیل گاسپرنسکی (Ismail Gasprinski) تصویر کے دائیں جانب کھڑے ہیں۔ ان کے ہاتھ میں ان کا شائع کردہ اخبار ترجمان (Tercüman) اور وہ درسی کتاب ہے جو ان کی تحریکِ جدید (Jadid Movement) میں استعمال ہوتی تھی۔ دوسری جانب دو مذہبی پیشوا ان کی طرف لپکتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں ایسی تختیاں ہیں جن پر لکھا ہے کہ ان کا جدید طریقۂ تعلیم شریعت کے خلاف ہے اور وہ مرتد ہیں۔ یہ کارٹون آذربائیجانی زبان کے طنزیہ رسالے ’ملا نصرالدین‘ میں شائع ہوا تھا۔

آگے بڑھنے کا راستہ معذرت خواہی نہیں، تنقیدی فکر ہے
خلاصہ یہ کہ عثمانیوں نے ایک تاریخی غلطی کی تھی۔ چھاپہ خانے کے حق میں متفرّقہ کے پیش کردہ دس دلائل صرف 1727ء کے حالات تک محدود نہیں تھے۔ یہی دلائل پندرھویں صدی کے اواخر میں بھی مسلمانوں کے زیرِ انتظام ایک چھاپہ خانے کے قیام کا تقاضا کر سکتے تھے، جب استنبول میں یہودیوں کے زیرِ انتظام پہلا چھاپہ خانہ قائم ہوا تھا۔ اکیسویں صدی میں اس تاریخی غلطی کو یہ دلیل دے کر درست ثابت کرنے کی کوشش کرنا کہ عثمانیوں نے چھاپہ خانہ صرف اسی وقت اپنایا جب انہیں واقعی اس کی ضرورت محسوس ہوئی، ہمیں تاریخ سے تنقیدی اور تقابلی انداز میں سبق سیکھنے سے روکتا ہے۔
یہ مضمون مابعد نوآبادیاتی مؤرخین کے سامنے عثمانی سلطنت کی ایک خاص نوعیت کی ستم ظریفی بھی آشکار کرتا ہے، جو یورپی نوآبادیات سے جڑے دقیانوسی تصورات سے بچنے کے لیے سلطنت کا دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عثمانی سلاطین اور علماء، جنہوں نے تین صدیوں تک طباعت کی ٹیکنالوجی اپنانے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی، خود نوآبادیاتی تسلط کا شکار نہیں تھے۔ بلکہ انہیں مشرقی یورپ میں ویانا کے دروازوں تک فتوحات حاصل کرنے والی نوآبادیاتی قوت بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا مابعد نوآبادیاتی محققین کو عثمانی معاملے پر بھی ازسرِنو غور کرنا چاہیے اور اس عمومی رجحان پر بھی نظرثانی کرنی چاہیے جس کے تحت وہ استشراقی زاویۂ نظر سے بچنے کے لیے تمام غیر مغربی معاشروں کو تنقید سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس مضمون کا وسیع تر سبق عثمانیوں کی جانب سے چھاپہ خانے کو اپنانے میں تاخیر اور مسلم پسماندگی کے سوال سے کہیں آگے جاتا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مابعد جدیدیت کی نسبیت پسندی (Postmodern Relativism) اور مابعد نوآبادیاتی اصلاح پسندی غیر ارادی طور پر مذہبی عذرخواہوں کے لیے فکری وسائل فراہم کر سکتی ہیں۔ عوامیت (Populism) کے اس دور میں محققین کو اپنے خیالات کے سیاسی نتائج پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ عوامی رہنما تیزی سے ’’متبادل حقائق‘‘ (Alternative Truths) کے نام پر نیم مابعد جدیدیت پسند دعووں کا سہارا لے رہے ہیں، جب کہ ان کے مذہبی اتحادی آمریت کے دفاع کے لیے لبرل ازم پر ہونے والی جائز تنقید کو استعمال کرتے ہیں۔
سیکولرازم، اختیارات کی تقسیم اور مغرب کی جانب سے متعارف کرائے گئے دیگر اداروں پر مابعد نوآبادیاتی تنقید جمہوری معاشروں کے اندر مباحث کو زیادہ بامعنی اور وسیع بنا سکتی ہے۔ تاہم جب یہی دلائل آمرانہ معاشروں میں منتقل ہوتے ہیں تو یہ سیکولرازم اور جمہوریت مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھیار بن سکتے ہیں۔
میں مابعد نوآبادیاتی محققین کی اس تشویش سے اتفاق کرتا ہوں کہ اسلام کو ایک جامد اور یکساں حقیقت کے طور پر پیش نہ کیا جائے اور نہ ہی مسلم معاشروں کو فطری طور پر آمریت اور پسماندگی کی طرف مائل سمجھا جائے۔ درحقیقت میری آنے والی کتاب اس بات کا جائزہ لیتی ہے کہ امریکہ، اسرائیل، روس اور بھارت میں دائیں بازو کے عوامی رہنما بھی مذہبی قوتوں کے ساتھ اتحاد قائم کرکے لبرل جمہوریت کو کس طرح کمزور کر رہے ہیں۔ لہٰذا مسئلہ اسلام نہیں بلکہ مذہب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے۔
معاشرے اس وقت ترقی کرتے ہیں جب آزاد اور خودمختار علمی و معاشی طبقات نئے خیالات پیدا کرتے ہیں، خواہ انہیں موجودہ نظام برقرار رکھنے کے خواہاں مذہبی و سیاسی اتحادوں کی مزاحمت ہی کیوں نہ برداشت کرنا پڑے۔ کاغذ سازی، طباعت اور انٹرنیٹ جیسی ٹیکنالوجیز ایسے ہی ماحول میں ترقی کرتی ہیں۔ چنانچہ عثمانی تجربہ ہر اس معاشرے کے لیے ایک سبق رکھتا ہے جہاں سیاسی اور مذہبی مقتدرہ، علمی تحقیق اور تکنیکی ترقی کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں