علم نفسیات تجربات و مشاہدات کی بدولت معرض وجود میں آیا ہے۔اسی علم کی بدولت انسان ایک دوسرے کو سمجھنے کے قابل ہوا ہے۔ہمارا ادراک ، فہم و فراست، شعور و آگاہی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔سوچ بچار انسانی فطرت کا خاصا ہے۔اسی سیڑھی پر اس کی شخصیت تعمیر ہوتی ہے۔انسان کی جانچ پڑتال عمل و کردار کی بدولت فروغ پاتی ہے۔اچھے برے کی پہچان ہوتی ہے۔عصری تقاضوں میں جس تیزی سے سائنس و ٹیکنالوجی کی دریافتوں میں اضافہ ہوا ہے۔اسی تندی کے ساتھ انسان کی نفسیات بھی تبدیل ہوئی ہے۔عصر حاضر میں انسان اپنے ارد گرد کے ماحول سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔اس کی نفسیات یکسر طور پر تغیر و تبدل کے ڈھانچے میں ڈھل گئی ہے۔دنیا میں نت نئی تبدیلیوں نے انسان کے قلب و ذہن پر جو مضر اثرات چھوڑے ہیں۔ان کے باعث انسان ایک ایسی دنیا میں کھو گیا ہے، جہاں سوچ کی گرہوں نے حالات و واقعات کے کٹہرے میں باندھ کر کھڑا کر دیا ہے۔
جہاں بے چینی ، افرا تفری ، تفکرات ، جلد بازی ، اقرباء پروری ، قتل و غارت ، بغاوت ، جنسی تشدد ، اغوا برائے تاوان اور حرام کاری جیسے واقعات نے معاشرتی بے حسی میں جس تندی کے ساتھ اضافہ کیا ہے، اس کے مضر اثرات کے باعث انسان ایک ایسی دنیا میں کھو گیا ہے جہاں غم ، پچھتاوا ، کرب ، ناکامی ، اداسی ، پریشانی اور ایک دوسرے سے شکوے شکایتیں کرنے کی رغبت بڑھ گئی ہے۔
یقینا کسی بھی قوم کی پہچان اس کے رہن سہن ، تہذیب و تمدن ، ادب و ثقافت اور اقدار و روایات کی بدولت فروغ پاتی ہیں۔البتہ بدلتے موسموں ، بدلتی رتوں ، بدلتی تہذیب اور خود غرضی نے انسانوں کو ایک ایسے جہان میں پھینک دیا ہے جہاں گناہ اور بدی کا خمیر پیدا ہو رہا ہے۔ دوریاں بڑھ رہی ہیں، فاصلے پیدا ہو رہے ہیں ، حادثات میں خاطرخواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ہماری اقدار و روایات کو دیمک چاٹ رہا ہے۔ نیکی اور بھلائی کے کاموں میں کمی ہو رہی ہے۔مہنگائی کے طوفان کے باعث ضرورتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں جہاں خوش حالی کا تصور بے معنی ہو گیا ہے۔ آئیں اس فاصلے کو کم کرنے کے لیے ان نکات کی نشاندہی کریں جن کے باعث ہم کہیں کھو گئے ہیں؟ شاید ہم میں سے ہر کسی کے کھونے کا انداز ، ترکیب اور وجوہات فرق فرق نوعیت کی ہیں۔ہر کوئی کسی نہ کسی وجوہات کے باعث غم کی وادی میں کھویا ہوا ہے۔کوئی اولاد کے ہاتھوں مجبور و بے بس ہے ، کوئی معاشی طور پر بد حال ہے ، کوئی پالیسیوں کے ہاتھوں مجبور ہے ، کوئی ظلم و ستم کے باعث پریشان ہے ، کوئی اپنے پڑوسی کے رویے سے تنگ ہے۔الغرض کہا جا سکتا ہے کہ ہم میں سے ہر کوئی کہیں نہ کہیں کھو گیا ہے۔ان امراض کو سہ حرفی میں بیان کیا جائے تو کوئی مبالغہ نہ ہوگا۔پہلی جسمانی ، دوسری روحانی اور تیسری نفسیاتی کیفیت ہے۔
آج کا انسان کسی نہ کسی حوالہ سے پریشان ہے۔اسے کسی نہ کسی دکھ کا دیمک لگا ہوا ہے۔ان وجوہات سے چھٹکارا پانے کے لیے مستقبل پر نظریں جمانا ہوں گی تاکہ ہم اپنا کھویا ہوا کل واپس لا سکیں۔اس سے قبل بہت دیر ہو جائے ہم کسی ایسی دنیا میں نہ کھو جائیں جہاں ہماری پہچان گمشدہ سکے کی مانند ہو جائے۔


