انسان کا معاشرتی کردار کئی حوالوں سے سنجیدہ حلقوں میں زیر بحٹ رہا ہے۔ دنیا کی تاریخ، انسانی رہن سہن، منفی و مثبت اطوار، آپس کے روابط، باہمی لین دین، انسانی حقوق، جنگوں، آسمانی آفات ، سانحات و حوادث میں ہمدردی و ایثار کے واقعات اور دیگر متعلقہ پہلووں سے بھری پڑی ہے۔ انسانی خدمات، تعلیم، ایجادات اور انسانوں کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے میدان میں عروج و زوال کی تفصیلات بھی ہم تک پہنچتی رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اخلاقی، مذہبی، قومیت، علاقائی اور لسانی نسبتوں نےانسانی کردار اور فکر پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ زمانے کے انقلابات کے اچھے برے مضمرات نے بھی انسانیت کو کئی اعتبار سےاپنی مضبوط گرفت میں لئے رکھا ہے۔ ان تمام حقائق سے قطع نظر، جو کثیر مواد کے مطالعے، تحقیق اور طویل استغراقی وقت کے متقاضی ہیں، انسان کے موچودہ ماحول میں باالخصوص ہمارے انسانی رویوں، سلوک اور معاملات کے معاشرے پر دور رس اثرات کو زیر بحث لانا چاہئے۔
انسانی رویوں سے متعلق ایک سوال اٹھتا ہے کہ ایک جیسے واقعے یا معاملے پر انسان کا ردعمل ایک دوسرے سے مختلف کیوں ہوتا ہے، اس میں یکسانیت کیوں نہیں ہوتی؟ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ ہر شخص کا کسی بھی معاملے کو دیکھنے کانقطہ نظر مختلف ہوتا ہے۔ اس کی سوچ کا زاویہ اس کی کسی طبقے سے وابستگی یا ذاتی نفع و نقصان کے احساس اور مشاہدے سےمنسلک ہوتا ہے۔مثال کے طور پر کسی کے گھر میں چوری ہوجاتی ہے اور چور پکڑا جاتا ہے۔ تو جس شخص کا مال چوری ہوتا ہے وہ چاہتا ہے کہ اس کا چوری شدہ مال جلد برآمد کیا جاۓ اور چور کو فوری سزا دی جاۓ۔ کوئی یہ سوچتا ہے کہ تحقیق کی جاۓ کہ کہیں چور غربت اور فاقوں کے ہاتھوں مجبور تو نہیں تھا۔ اگر ایسا پے تو حکومت یا خیراتی اداروں کی طرف سے اس کو مالی اعانت فراہم کی جاۓ۔ پولیس کی سوچ ہوتی ہے کہ چور کو جسمانی ایذا پہنچا کر اگلوایا جاۓ کہ اس سے پہلے کی چوریوں کی وارداتوں میں بھی وہ ملوث رہا ہے یا نہیں۔ اس طرح کا اعتراف کروا کر اپنی کارکردگی دکھائی جاۓ ۔ چوری کرنے والے کا وکیل سوچتا ہے کہ کس قانونی مو شگافی کے ذریعے اس کو کیسے بچایا جاۓ۔ یوں ایک معاملے کو الگ الگ انداز میں دیکھا جاتا ہے۔
اسی طرح کسی درپیش سیاسی معاملے یا واقعے پر کوئی رائے یا تبصرہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کوئی سیاسی جماعت اسے اپنے نظرئے یا بیانئے کے آئینے میں دیکھتی ہے اور کوئی دوسری جماعت اس پر اپنی پالیسی کے مطابق راۓ زنی کرتی ہے اور اسی تناظر میں لائحہ عمل تیار کرتی ہے۔ معاملہ کسی عدالت میں جاۓ تو وہاں قانونی پہلوؤں کےمطابق وکلاء اور منصفوں کے درمیان مختلف نقطہ نظر اپنایا جاتا ہے۔ لیکن انسانی برتاؤ اور سلوک کے معاملے پر ہم سمجھتے ہیں کہ اچھے اور برے طرز عمل پر غیر یکساں جذبات کا ہونا قدرتی عمل ہے۔
ہمارے ملک میں کبھی اخلاق کا برتاؤ، میٹھی زبان، خوشگوار انداز تخاطب اور نرم لہجے کے ساتھ کی جانے والی گفتگو کو پذیرائی حاصل ہوا کرتی تھی۔ جبکہ دھتکارتے ہوئے کسی کو للکارنا اور غیر مہذب جملوں کے ساتھ کسی کو اپنی نفرت کا نشانہ بنانا تقریبآ سب کو ہی ناگوار گزرتا تھا۔ یوں صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط ضرور سمجھا جاتا تھا۔ کسی سے اخلاص، محبت، قدردانی اور عزت افزائی کے ساتھ پیش آیا جاۓ تو یقینآ اس کا دوسرے پر انتہائی خوشگوار اثر پڑتا ہے۔ جب کہ ناقدری، تلخ لہجے اور تحقیر سے گفتگو کرنے والوں سے سب دور بھاگتے ہیں۔ مگر اب اس کو تہذیب کا حصہ سمجھ لیا گیا ہے۔ اسے ہی شعور کا نام دے دیا گیا ہے۔
انسان کو اللہ تعالیٰ نے سوجھ بوجھ، احساس اور دانش سے نوازا ہے۔ اسے معلوم ہے کہ اچھائی کا انجام اچھا اور برائی کا نتیجہ برا ہوتا ہے۔ اس لئے اس کا معاشرے میں اچھا مقام بنانا ہے تو اسے خود اچھا بننا ہوگا۔ اسے دوسروں کی عزت کرنا ہوگی۔ اسے اچھے اخلاق اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ یوں اچھے لوگ اس کے قریب آئیں گے، اس کے دوست بنیں گے اور اس کی عزت و توقیر کریں گے۔مگر افسوس کا مقام ہے کہ جہاں دنیا میں اخلاق اور رواداری کا کلچر فروغ پا رہا ہے وہاں ہمارے معاشرے میں اخلاقی گراوٹ، تضحیک اور توہین آمیز گفتار کا رواج زور پکڑ رہا ہے۔
یہ انسان پر منحصر ہے کہ وۃ کیسی زندگی گزارے۔ کوئی جیسی تیسی گزارے یا ایسی ویسی گزارے۔ تاہم انسان، اگر وہ مسلمان ہو تو اس کے لئے دین اسلام نے نا صرف دوسروں کے ساتھ برتاو اور آپس کے معاملات سر انجام دینے کے لئے واضح ہدایات اور رینمائی متعین کی ہیں بلکہ حدود و قیود کا بھی پابند کیا ہے۔ کسی کو ایذا اور تکلیف پہنچانے سے منع کیا ہے۔ دوسروں کے ساتھ ذیادتی سے روکا ہے۔ اسلام دنگا فساد اور دوسروں کی کردار کشی پر تنبیہ کرتا ہے۔ لوٹ مار اور حقوق انسانی کو غصب کرنے کے طور طریقوں سے احتراز کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ ہمارے لئے حضور سرور کائنات فخر موجودات نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مطابق زندگی گزارنے کا پورا چارٹر موجود ہے جو ہمیں خوشیاں ںانٹنے، بزرگوں کا ادب احترام کرنے، چھوٹوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے، بوقت ضرورت مدد کرنے، خیر کے معاملات سر انجام دینے، دوسروں کی غلطیوں کو در گزر کرنے، صلہ رحمی سے کام لینے، اپنی غلطیوں اور فرو گزاشت پر معافی مانگنے اور حسن سلوک سے کام لینے کی ترغیب دیتا ہے سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمارا دین نماز کی پابندی کا تقاضہ کرتا ہے۔ یہ بھی اللہ کی نعمت ہے، کیونکہ عبادت دلوں میں خشوع و خضوع اور عجز و انکساری پیدا کرتی ہے اور یہ اوصاف صاف ستھرے معاشرے کا حسن سمجھے جاتے ہیں۔ پورا قرآن اور حضور کی سیرت مبارکہ ہمارے لئے سرچشمہ ہدائت ہے۔ ہم اس سے فیض یاب ہونے کا ارادہ اور نیت کر لیں تو دونوں جہاں ہمارے ہیں۔ ورنہ ہم سراپآ خسارے میں ہیں۔
ہم پر لازم ہے کہ اپنی زبان اور کردار سے دوسروں کے دل جیتیں۔ ظلم اور ذیادتی سے گریز کریں۔ دوسروں کے ساتھ کلام کریں تو حلاوت اور محبت ملے لہجے کا اہتمام کریں۔ خلوص اور پیار سے پیش آئیں۔ جو کوئی اچھا کام کرے اس کی ستائش کریں۔ محبت دوسروں کے دلوں کو شاد کرتی ہے۔ محبت کے دم سے ہی یہ دنیا حسین ہے۔ محبت سے گلستان زیست میں خوبصورت پھول کھلتے ہیں۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ہم نے ان اچھی عادات اور اخلاق کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ ہم نے اخلاق اور حسن کلام کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ بڑوں کی عزت اور احترام آدمیت کو ییروں تلے روند ڈالا ہے۔ ہم نے خلوص، وفا اور رواداری کو اپنے مزاج میں بسانے کی بجاۓ جذبات، غصے، نفرتوں اور مخالفتوں کے میدانوں میں خیمے گاڑ رکھے ہیں۔اس صورت حال نے معاشرے میں تقریق پیدا کر دی ہے۔ حیف ہے ہم مستانوں پہ کہ ہم نے اسی طرز عمل کو داد طلب شہرت دے رکھی ہے۔
ہمیں اس جھنجال سے باہر نکلنا ہوگا اور پھر سے محبںت بانٹنے، غمگساری اور خوش گفتاری کو شعار بنانے کی کوشش کرنا ہو گی۔ شائستگی خوش مزاجی کو رواج دینا ہوگا اور اس کے لئے ہمارے رہنماؤں کی طرف سے اچھی طرح ڈالنے اور اخلاقیات کے طرز عمل کے ذریعے اصلاح احوال کی کوشش کرںا ہوگی۔


