اس عنوان کے تحت جامعہ روحانیت بلتستان، ایران کے زیرِ اہتمام شعبۂ تحقیق نے ایک نشستِ علمی کا انعقاد کیا، جس میں ہمارے عزیز دوست، ماہرِ اقبالیات اور صاحبِ قلم جناب منظوم ولایتی صاحب نے علامہ اقبالؒ کے حوالے سے نہایت مفید معروضات پیش کیے۔
اس نشستِ علمی میں جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر ڈاکٹر نثار عاملی صاحب، ڈاکٹر لطیف مطہری صاحب، معروف قلم کار بشیر دولتی صاحب،خیال آفرین شخصیت،خوبصورت لکھاری بےتکلف ادبی دوست ابراہیم شہزاد سمیت دیگر علمی و فکری شخصیات نے شرکت کی۔
ایران کی سرزمین پر حضرت اقبالؒ کے حوالے سے اس نوعیت کی علمی نشست کا انعقاد واقعی قابلِ تحسین اور روحِ اقبال کی خوشنودی کا باعث ہے، کیونکہ اقبال کو سرزمینِ ایران اور فارسی زبان سے بے پناہ محبت تھی۔ چنانچہ وہ خود فرماتے ہیں:
گرچہ ہندی در عذوبت شکر است
طرزِ گفتارِ دری شیریں تراست
یعنی اگرچہ ہندی (اردو) زبان اپنی لطافت اور مٹھاس میں شکر کی مانند ہے، لیکن دری زبان کا اندازِ گفتار اس سے بھی زیادہ شیریں اور میٹھا ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ اقبال کی ’’بانگِ درا‘‘ کے علاوہ ان کے مجموعۂ کلام کا بیشتر حصہ فارسی زبان میں ہے۔
جناب منظوم ولایتی صاحب کے معروضات کا مختصر خلاصہ کچھ یوں ہے:
اقبال کو سمجھنے کے لیے ان کی زندگی اور فکری ارتقا کو تین مراحل میں تقسیم کرنا ضروری ہے، ورنہ اقبال کے افکار و نظریات سے کماحقہٗ آشنائی ممکن نہیں ہوگی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مرورِ زمانہ اور علمی و فکری سفر کے ساتھ ساتھ اقبال کے افکار و نظریات میں بھی تبدیلی اور ارتقا آتا رہا ہے۔
1۔ پہلا مرحلہ: تشکیلِ فکر
یہ اقبال کے ابتدائی تعلیمی اور فکری سفر کا دور ہے، جس میں ان کی فکر کی تشکیل ہو رہی تھی۔ یہ 1905ء سے 1908ء تک کا دورانیہ ہے۔
2۔ دوسرا مرحلہ: انقلابِ فکر
اس مرحلے میں اقبال کے افکار و نظریات میں نمایاں تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ یہ مرحلہ 1926ء تک جاری رہتا ہے۔
اس دور میں اقبال کے ہاں قومیت اور وطنیت کا تصور نمایاں نظر آتا ہے، جہاں وہ یہ نعرہ بلند کرتے دکھائی دیتے ہیں:
مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا
ہندی ہیں ہم، وطن ہے ہندوستان ہمارا
اس مرحلے میں اقبال ایک قوم پرست اور قومیت کے قائل نظر آتے ہیں۔ تاہم مرورِ زمانہ کے ساتھ اقبال اس محدود قومی تصور سے نکل کر ایک آفاقی اور عالمگیر فکر کے حامل دکھائی دیتے ہیں، جہاں وہ ’’سارا جہاں ہمارا‘‘ کا نعرہ بلند کرتے ہیں:
چین و عرب ہمارا، ہندوستان ہمارا
مسلم ہیں ہم، وطن ہے سارا جہاں ہمارا
3۔ تیسرا مرحلہ: پختگیِ فکر
یہ اقبال کی فکری پختگی کا مرحلہ ہے، جہاں وہ احیائے امت کی بات کرتے ہیں، اجتہاد کے دروازے کھولنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں اور عملی طور پر سیاست میں حصہ لیتے ہیں اور کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
اسی عرصے میں مسلم ایسوسی ایشن کی دعوت پر انہوں نے مدراس، حیدرآباد دکن اور علی گڑھ میں:
“The Reconstruction of Religious Thought in Islam”
کے عنوان سے چند خطبات پیش کیے۔
ان خطبات کا اردو ترجمہ سید نذیر نیازی نے 1936ء میں ’’تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ‘‘ کے نام سے کیا۔
اقبالؒ اپنے اشعار میں بطورِ آئیڈیل بعض عظیم شخصیات کو پیش کرتے ہیں، تاکہ امتِ مسلمہ ان ہستیوں کی زندگیوں سے اپنے درد کی دوا حاصل کر سکے۔
حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے ان کی محبت، الفت اور والہانہ عقیدت ان کے اشعار سے بخوبی مترشح ہوتی ہے۔ چنانچہ شکوہ و جوابِ شکوہ کے آخر میں لکھتے ہیں:
کی محمدؐ سے وفا تُو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں
اسی طرح حضرت علیؑ کے بارے میں فرماتے ہیں:
می شناسی معنیِ کرّار چیست؟
این مقامی از مقاماتِ علی است
امتان را در جہانِ بیثبات
نیست ممکن جز بہ کرّاری حیات
اقبال مسلمانوں کی کامیابی اور ان کی حقیقی مسلمانی کو قرآنِ کریم سے وابستہ سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک قرآن کے بغیر مسلمان کی زندگی کا تصور ہی ممکن نہیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں:
گر تو میخواهی مسلمان زیستن
نیست ممکن جز بہ قرآن زیستن
رمزِ قرآں از حسین آموختیم
از آتشِ او شعلہها اندوختیم
اقبال کہتے ہیں کہ رمزِ قرآن ہم نے حسینؑ سے سیکھی ہے اور انہی کی روشن کی ہوئی آگ سے ہم نے شعلے جمع کیے ہیں۔ ایک تو یہاں واقعۂ فاجعۂ کربلا کی طرف اشارہ ہے کہ شام، بغداد اور غرناطہ کی شان و شوکت تو مٹ گئی، لیکن کربلا اب تک زندہ ہے۔
الفاظ میں سمیٹوں تو مسلمانوں کی کامیابی صرف قرآن و اہلِ بیتؑ سے تمسک میں ہے۔
یہ ایک مستقل تحریر نہیں، بلکہ اس نشستِ علمی کے حوالے سے مختصر نکات و تبصرہ ہے، اور اس چھوٹی سی تحریر میں اقبال کے افکار و نظریات کا احاطہ ممکن بھی نہیں


