بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں ہونے والی گفتگو محض چند سیاسی تحفظات کا اظہار نہیں تھی بلکہ اس نے موجودہ حکومتی بندوبست کے اندر موجود تضادات کو نمایاں کر دیا ہے۔ اس گفتگو کے بعد مسلم لیگ ن کے وزراء جس انداز میں یکے بعد دیگرے میدان میں اترے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں بلاول کے الفاظ سے زیادہ ان کے سیاسی پیغام کی فکر لاحق ہے۔ جب ایک اتحادی جماعت کی قیادت اپنی ہی حکومت کے طرزِ عمل پر سوال اٹھانے لگے تو معاملہ معمول کی سیاسی بیان بازی سے آگے نکل جاتا ہے۔اس سارے معاملے کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اقتدار کے ایوانوں میں بھی موجود ہے اور سیاسی اختلاف کی زبان بھی استعمال کر رہی ہے۔ صدر مملکت سے لے کر مختلف صوبائی عہدوں تک اس جماعت کی موجودگی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وفاقی حکومت کے قیام میں بھی پیپلز پارٹی کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے باوجود بلاول بھٹو کی طرف سے حکومتی پالیسیوں پر تنقید اس بات کا اشارہ ہے کہ اقتدار میں شمولیت اور سیاسی اختیار میں شراکت دو الگ حقیقتیں ہیں۔
اگر پیپلز پارٹی حکومت کے قیام میں شریک ہے، اس کے سیاسی فیصلوں کی حمایت کرتی ہے اور اقتدار کے ثمرات میں بھی حصہ دار ہے تو پھر اسے حکومتی ناکامیوں سے مکمل طور پر الگ کھڑا ہونے کا حق کیسے دیا جا سکتا ہے؟ سیاست کوئی ایسی دکان نہیں جہاں منافع کی تقسیم کے وقت سب شریک ہوں اور نقصان کا وقت آئے تو ہر کوئی اپنی الگ رسید دکھانے لگے۔سیاسی قیادت اگر واقعی اصولوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنی ذمہ داریوں کا اعتراف بھی اسی جرات سے کرنا ہوگا جس جرات سے دوسروں پر تنقید کی جاتی ہے۔دراصل پاکستان میں اتحادی حکومتوں کا ایک بنیادی مسئلہ یہ رہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اقتدار بچانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تو بیٹھ جاتی ہیں، لیکن مشترکہ حکومتی وژن تشکیل دینے میں ناکام رہتی ہیں۔ ان کے درمیان تعلقات کسی واضح قومی پروگرام کے بجائے سیاسی ضرورتوں، عہدوں کی تقسیم اور وقتی مفادات کے گرد گھومتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب کوئی مشکل فیصلہ سامنے آتا ہے تو ہر جماعت اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی کوشش کرتی ہے۔ حکومت کی کامیابی سب کی مشترکہ کامیابی قرار پاتی ہے، مگر ناکامی کا بوجھ ایک دوسرے کے کندھوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ ایسی سیاست میں ریاستی معاملات ثانوی اور جماعتی مفادات بنیادی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔
ایک بنیادی تضاد ہماری پوری سیاسی تاریخ میں دکھائی دیتا ہے۔ جب کوئی جماعت اپوزیشن میں ہوتی ہے تو اسے آزادی اظہار، پارلیمانی بالادستی، صوبائی خودمختاری اور عوامی حقوق کی اہمیت شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ لیکن اقتدار کے قریب پہنچتے ہی انہی اصولوں پر عمل درآمد کی رفتار سست پڑنے لگتی ہے۔ اختلاف کرنے والے سیاسی مخالفین ہوں تو ان کے لیے برداشت کا مطالبہ کیا جاتا ہے، لیکن جب اپنی صفوں میں سے کوئی سوال اٹھائے تو اسے سیاسی موقع پرستی قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہ طرزِ فکر جمہوریت کو کمزور کرتا ہے، کیونکہ جمہوری نظام صرف انتخابات کا نام نہیں بلکہ اختلاف برداشت کرنے، دلیل سننے اور اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے کی صلاحیت کا نام بھی ہے۔نئے صوبوں کا معاملہ بھی اسی سیاسی کشمکش کا ایک اہم پہلو ہے۔ پاکستان میں انتظامی مسائل اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے کئی علاقوں میں محرومیوں کو جنم دیا ہے۔ ایسے حالات میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی بحث کو محض سیاسی سازش یا انتخابی نعرہ قرار دینا درست نہیں۔ لیکن اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ صوبوں کی تشکیل کو سیاسی جماعتوں کی باہمی سودے بازی کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ اس نوعیت کے فیصلوں میں آئینی تقاضے، عوامی رائے، تاریخی شناخت، معاشی وسائل اور انتظامی ضرورت کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔ کسی علاقے کے لوگوں کو ان کی مرضی کے بغیر نئے سیاسی نقشے میں فٹ کرنا بھی ناانصافی ہوگی اور ان کے جائز مطالبات کو مسلسل نظرانداز کرنا بھی۔
مسلم لیگ ن کے وزراء کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ ہر تنقیدی بیان کا جواب سیاسی حملے سے دینا دانش مندی نہیں۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی یہ واضح کرنا ہوگا کہ اس کی سیاسی ترجیحات کیا ہیں۔ کیا وہ موجودہ حکومتی نظام میں اصلاح چاہتی ہے یا آنے والے سیاسی معرکے کے لیے اپنی الگ شناخت مضبوط کر رہی ہے؟یہ بھی ممکن ہے کہ بلاول بھٹو کی یہ پیش قدمی مستقبل کی سیاسی صف بندی کا حصہ ہو۔ سیاست میں کوئی بیان تنہا نہیں ہوتا، اس کے پیچھے حالات، وقت، سیاسی ضرورت اور آنے والے امکانات بھی ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ایک طرف وفاقی سیاست میں اپنا اثر برقرار رکھنا چاہتی ہے تو دوسری طرف سندھ میں اپنی سیاسی حیثیت اور عوامی حمایت کو بھی محفوظ رکھنے کی خواہش رکھتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم رکھنا اس کے لیے ایک مشکل سیاسی مشق ہے۔ لیکن اس حکمت عملی کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ پارٹی اپنی تنقید کو کس حد تک عملی تجاویز اور واضح سیاسی مؤقف میں تبدیل کرتی ہے۔عوام سیاسی جماعتوں کے باہمی اختلافات سے زیادہ اپنے گھروں کے معاشی حالات سے پریشان ہیں۔ ان کی دلچسپی اس بات میں ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں سے ان کی زندگی میں کیا بہتری آئی۔ اگر سیاسی اتحاد عوام کو ریلیف نہیں دے سکتا تو اس کی کامیابی کے دعوے محض حکومتی تشہیر بن کر رہ جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو کی گفتگو نے حکومتی اتحاد کے اندر موجود سیاسی بے چینی کو سامنے ضرور لایا ہے، لیکن اس کا اصل امتحان اب شروع ہوگا۔ اگر ایک طرف تنقید کو بغاوت اور دوسری طرف حکومتی ذمہ داریوں سے فرار کو سیاسی حکمت عملی سمجھا جاتا رہا تو یہ اتحاد اپنی اخلاقی اور سیاسی بنیادیں کھو دے گا۔پاکستان کو ایسی سیاست کی ضرورت نہیں جس میں ہر جماعت اقتدار میں رہتے ہوئے اپوزیشن کا فائدہ بھی حاصل کرنا چاہے اور جواب دہی سے بھی بچتی رہے۔ جمہوریت میں اقتدار ذمہ داری کا نام ہے، مراعات کا نہیں۔ جب حکمران جماعتیں اپنی بقا کو قومی مفاد پر ترجیح دینے لگیں تو پھر حکومتیں تو چلتی رہتی ہیں، مگر ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ کمزور ہوتا چلا جاتا ہے۔اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے والوں کی تعداد سے ملک مضبوط نہیں ہوتا، ملک اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب اس کرسی پر بیٹھنے والے اپنے اختیار سے زیادہ اپنی ذمہ داری کا احساس رکھتے ہوں۔


