اوئے چل گاڑی روک،روک گاڑی،چل شاباش سائیڈ پر لگا،نیچے اتر اور ادھر آ۔۔۔
جی سر، جی آیا سر۔۔
کہاں سے آرہا ہے، ہیں؟؟؟۔سر۔۔۔ سر وہ کام سے آرہا ہوں،
کیا کام کرتا ہے؟چل گاڑی کے پیپر دکھا۔۔
یہ لیجئےسر پیپر۔۔۔۔
اب لائسنس نکال۔۔۔سر۔۔ وہ سر، لائسنس۔۔۔۔کیا وہ وہ لگا رکھا ہے۔لائسنس کہاں ہے تیرا؟
سر لائسنس تو نہیں ہے۔۔۔کیوں نہیں ہے لائسنس؟پتاہے نا بنا لائسنس کے گاڑی چلانے سے جرمانہ ہوتا ہے؟
جی ،جی سر معلوم ہے۔۔۔۔۔چل اب شناختی کارڈ دکھا اپنا،۔۔۔۔۔۔سر شناختی کارڈ بھی نہیں ہے،
اب تو تیرا بڑا چلان کٹے گا۔۔۔کیوں نہیں ہے بے شناختی کارڈ۔۔۔؟
سر بن نہیں رہا شناختی کارڈ۔۔۔
کیوں؟ عمر نہیں ہوئی تیری؟۔۔۔جی سر، عمر تو ہو گئی ہے،
پھر شناختی کارڈ کیوں نہیں بن رہا؟۔۔۔۔۔۔۔سر وہ دراصل۔۔۔
کیا وہ، وہ لگا رکھا ہے ، دو ں کیا ایک ہاتھ؟ٹھیک سے بول،
سر ،وہ نادرا والوں نے بنگالی کیس لگا کر شناختی کارڈ بلاک کر دیا ہے،
اچھا۔۔۔۔۔ تو بنگالی ہے۔۔
جی سر ذات کا بنگالی ہوں۔۔۔۔چل اب 500 روپے نکال شاباش،
سر پانچ سو؟؟؟؟دے رہا ہے پیسے یا پھر تھانے لے چلوں؟
سر، پانچ سو تو نہیں ہے۔۔۔
لگتا ہے تو ایسے نہیں دے گا۔۔ سر سچ میں میرے پاس پیسے نہیں ہیں،
جھوٹ بولتا ہے چل گاڑی میں بیٹھ۔۔۔۔۔۔۔
سر بات تو سنیں آپ۔۔
چل بے چل بیٹھ گاڑی میں،
سر گھر میں کمانے والا کوئی نہیں۔۔۔
تو ہم کیا کریں چل تھانے،
سر آپ مجھے تھانے کیوں لائے ہیں؟۔۔۔
یہ لے اپنے گھر کال کر اور بول کہ پچاس ہزار دیں اور تجھے لے جائیں
سر اتنے پیسے کہاں سے لائیں گے گھر والے؟
چل کال ملا ورنہ ایف آئی آر درج کر کے سیدھا جیل بھیج دوں گا۔۔
ہیلو! امی۔۔۔
ہیلو، کون؟
امی۔۔۔ مم مم میں۔۔۔
ارے بیٹا تو اتنا گھبرایا ہوا کیوں ہے اور کہاں ہے اب تک گھر کیوں نہیں آیا؟
امی وہ ۔۔وہ مجھے پولیس نے پکڑ لیا ہے اور میں تھانے میں ہوں۔۔
پولیس؟؟؟ کیوں پکڑا تجھے پولیس نے؟
امی وہ شناختی کارڈ نہیں ہے اور بنگالی ہونے کی وجہ سے۔۔
رک بیٹا رک میں ابھی آتی ہوں تھانے میں
کون سے تھانے میں ہے؟
امی وہ موسی کالونی میں ۔۔۔
صاحب میرے بچے کو کیوں بند کیا؟اس کا قصور کیا ہے؟
آپ کا بیٹا غیرملکی ہے۔۔
نہیں صاحب یہ ادھر پیدا ہوا ہے۔۔
تو اس کا شناختی کارڈ کہاں ہے؟
صاحب نادرا والوں نے بلاک کر دیا۔۔
غیر ملکی ہے تبھی بلاک کیا ہے اس کا شناختی کارڈ۔
نہیں صاحب وہ لوگ بہت پیسا مانگتا ہے۔۔۔
اب یہاں رونا دھونا بند کرو،پیسے دو اور اسے لے جاؤ،ورنہ اس کے خلاف ایف آئی آر کٹ جائے گی،
صاحب پیسے کہاں سے لاؤں گھر میں صرف یہی کمانے والا ہے،
اس کا باپ بھی بیمار ہو کر مر گیا۔۔
اچھا۔۔ تو تم لوگ ایسے نہیں مانو گے۔۔چل حوالدار اب اس کی ایف آئی آر کاٹ،
لکھ غیر ملکی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔۔
صاحب، صاحب ایسا ظلم مت کرو۔۔۔
صاحب بات تو سنو صاحب۔۔۔
جب شناختی کارڈ بن جائے گا تب بات بھی سن لی جائے گی۔۔۔۔ایف آئی آر کاٹ اوئے!
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں