ناول:” غلام باغ ” اساطیر سے مابعد جدیدیت تک “/منصور ساحل

اردو ادب کی فکشنل دنیا میں کچھ ایسی نادر کتابیں ہیں جو صرف کہانی نہیں ہوتیں بلکہ سوچنے کا ایک پورا طریقہ سکھاتی ہیں۔ مرزا اطہر بیگ کا ناول “غلام باغ” بھی ایسی ہی ایک دنیا ہے جو قاری کو اپنے اندر کھینچ کر رکھ دیتی ہے۔ یہ صرف چند صفحات پر مشتمل کہانی نہیں بلکہ ایک لمبا، الجھا ہوا اور پُراسرار سفر ہے جو انسان کی قدیم تہذیبوں کی کہانیوں سے شروع ہوتا ہےاور پھر برصغیر کی نوآبادیاتی سوچ، جنسی نفسیات، اور نئی فکری تحریکوں کو چھوتا ہے۔یہ ناول تیس ابواب پر پھیلا ہوا ہے جہاں ہر باب ایک نئی پرت کھولتا ہے۔ غلام باغ محض ایک مقام کا نام نہیں بلکہ ایک استعارہ ہے ” غلامی کی ذہنیت، آزادی کی جستجو، اور شناخت کی تلاش کا “۔ ناول کا آغاز عام فکشن کی طرح نہیں بلکہ کیفے غلام باغ کے مباحثے اور ارذل نسلوں کے اساطیری بیانیے سے ہوتا ہے۔ مرزا اطہر بیگ نے جان بوجھ کر ابتدا کو زمانوں کی دھند میں چھپا دیا ہے تاکہ قاری کو یہ احساس ہو کہ یہ کہانی صرف چند صدیوں کی نہیں بلکہ ہزاروں سالوں کی تہذیبی جدوجہد کی عکاس ہے۔ ان اساطیر میں انسان کی کمزوریوں، خواہشوں، اور طاقت کے تصورات کو بے نقاب کیا گیا ہے۔یہ اساطیری پس منظر ناول کو ایک قدیم روح عطا کرتا ہے جہاں باغ کے آثار قدیمہ میں چھپی ہوئی باتیں صرف پتھروں کی کہانیاں نہیں بلکہ پوری انسانی تاریخ کی داستانیں ہیں۔ یہاں سے مصنف آہستہ آہستہ قاری کو موجودہ دور کی طرف لے کر آتا ہے مگرارزل نسلوں کی اساطیر کی بازگشت پورے ناول میں سنائی دیتی ہے۔
ناول کے ابتدائی حصے میں ہماری ملاقات یاور حسین سے ہوتی ہے جو اپنے “گنجینہ نشاط”کے باعث مشہور ہے۔ یہ کردار نہایت دلچسپ اور طنزیہ ہے۔ یاور حسین دراصل ایک عطائی (معالج) ہے لیکن عام جسمانی بیماریوں کا نہیں بلکہ بادشاہوں، امرا، اور صاحب ثروت و اقتدار افراد کی جنسی کمزوریوں کا علاج کرتا ہے۔مرزا اطہر بیگ نے اس کردار کے ذریعے ایک تیز طنز کیا ہے کہ وہ لوگ جو ظاہر میں بہت طاقتور ہوتے ہیں دراصل اپنی جنسی بے راہ رویوں اور کمزوریوں کے باعث انتہائی غیر مستحکم ہوتے ہیں۔ یاور حسین اپنی اصلی شناخت چھپانے کی کوشش کرتا ہے وہ ایک معمے کی طرح سامنے آتا ہے کہ آخر وہ کون ہے؟ وہ بادشاہوں کے محلات میں قدم رکھتا ہے مگر خود ایک پراسرار شخصیت ہے ۔ یاور حسین کا علاج ایک طرح سے ان طاقتور لوگوں کی اندرونی خلا کو پر کرنے کی کوشش ہے جو وہ خود نہیں کر سکتے۔ یہ کردار اس ناول کی ابتدائی منزلوں میں ایک محرک کی حیثیت رکھتا ہے جو آگے چل کر دیگر کرداروں کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔ناول کے قلب میں کبیر نام کا ایک کردار موجود ہے جسے بلا تردید مرکزی کردار کہا جا سکتا ہے حالانکہ وہ ناول کے اختتام پر فنا ہو جاتا ہے۔ مگر اس کی موت کے باوجود اس کی شخصیت اس کے خیالات، اس کی گفتگواور اس کا علمی مقام پورے ناول پر چھایا رہتا ہے۔ کبیر محض ایک کردار نہیں بلکہ ایک فکر، ایک نظریہ اور ایک مزاحمتی تحریک کا دوسرا نام ہے۔کبیر انگریزوں کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ہے۔ وہ وہ آواز ہے جو نوآبادیاتی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکاتی۔ وہ علم کو ہتھیار بناتا ہے الفاظ کو تلوار اور دلیل کو ڈھال۔ وہ ہاف مین جیسے نوآبادیاتی کرداروں کے سامنے نہیں جھکتا ۔کبیر کی علمی برتری اسے ایک علامتی حیثیت دیتی ہے۔ وہ جانتا ہے کہ غلام باغ کے آثار قدیمہ میں کیا کچھ چھپا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ یہ راز مقامی لوگوں تک پہنچے نہ کہ نوآبادیاتی مفادات تک۔ لیکن وہ یہ بھی جانتا ہے کہ اس راستے میں قربانی دینی پڑے گی۔ اس کی موت ناول کا سب سے المناک اور پر اثر لمحہ ہے لیکن موت کے بعد بھی اس کا اثرو رسوخ ختم نہیں ہوتا۔ دوسرے کردار اس کی یاد کو اپنے ساتھ لے کر چلتے ہیں اور اس کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہیں۔مرزا اطہر بیگ نے کبیر کو ایک مثالی کردار کے طور پر پیش کیا ہے جو کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرتا۔ اس کی گفتگو میں تلخی ہے مگر وہ تلخی اسی غلامی کے خلاف ردعمل ہے جو صدیوں سے اس سرزمین پر مسلط رہی۔
اگر کبیر انتہا پرستی اور غیر متزلزل مزاحمت کا نام ہے تو ڈاکٹر ناصر معتدل اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر کی نمائندگی کرتا ہے۔ ناصر وہ کردار ہے جو پورے ناول میں مختلف مراحل طے کرتا ہے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھلتا ہے مگر کبھی اپنی بنیادی اقدار سے دور نہیں جاتا۔ناصر اپنی ڈیوٹی کو سمجھتا ہےچاہے وہ پیشہ ورانہ ذمہ داری ہو یا اخلاقی فرض۔ وہ جانتا ہے کہ کبھی خاموش رہنا بھی ایک دانشمندی ہے اور کبھی بولنا بھی ایک ضرورت۔ اس کی خوبی یہ ہے کہ وہ محبت کو چھپانا بھی جانتا ہے اپنے جذبات کو قابو میں رکھتا ہے مگر انہیں مارتا نہیں۔ وہ زہرہ سے قربت رکھتا ہےمگر اس قربت کو کبھی بے جا طور پر ظاہر نہیں ہونے دیتا۔ڈاکٹر ناصر کی شخصیت میں ایک کشمکش ہے ایک طرف وہ کبیر جیسے انقلابی دوست کا احترام کرتا ہے تو دوسری طرف وہ ہاف مین جیسے نوآبادیاتی کرداروں کے ساتھ بھی پیشہ ورانہ تعلقات نبھاتا ہے۔ یہ کردار اس لیے اہم ہے کہ یہ حقیقی زندگی کی پیچیدگیوں کو پیش کرتا ہے جہاں ایک شخص ایک ہی وقت میں مختلف کیمپوں میں موجود ہو سکتا ہے۔آخر میں ناصر کی جو قربت زہرہ سے بنتی ہے وہ محض رومانوی نہیں بلکہ ایک پختگی کی علامت ہے۔ دونوں نے نقصان اٹھایا ہے دونوں نے سچائی کو تلاش کیا ہے اور دونوں نے اپنے اپنے طریقے سے غلام باغ کے راز کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔
ناول کی ہیروئن زہرہ ہے لیکن وہ روایتی ہیروئن نہیں جو محبت کے پیچھے بھاگتی ہے۔ وہ ایک مکمل تانیثی کردار ہے جو اپنی شناخت کے لیے جدوجہد کرتی ہے جو اپنے والد کی اصلیت کو دریافت کرنے کے لیے پوری کہانی میں سرگرداں رہتی ہے۔ زہرہ کی داستان دراصل ایک لڑکی کی اپنے ماضی کی تلاش ہے جس میں اس کے والد کی اصل شناخت ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔زہرہ کے والد کون تھے؟ وہ کیوں چھپ کر رہتے تھے؟ ان کا تعلق غلام باغ سے کیوں تھا؟ یہ وہ سوالات ہیں جو زہرہ کو بے چین رکھتے ہیں۔ وہ جب تک ان سوالات کے جواب نہیں ڈھونڈ لیتی اسے سکون نہیں آتا۔ اور آخر کار وہ اس منزل تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کی یہ کامیابی اس کی ثابت قدمی اور بے باکی کا نتیجہ ہے۔کبیر کے ساتھ زہرہ کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ وہ اسے ایک رہنما، ایک دوست، اور ایک محافظ کے طور پر دیکھتی ہے۔ کبیر کی موت کے بعد زہرہ ٹوٹ جاتی ہے مگر پھر سنبھلتی ہے۔ اور پھر ناصر کے ساتھ جو قربت بنتی ہے وہ نہ صرف جذباتی ہوتی ہے بلکہ فکری بھی۔ دونوں نے ایک جیسے دکھ دیکھے ہیں ایک جیسی تلاشی لی ہے۔زہرہ کا کردار مرزا اطہر بیگ کی اس بصیرت کو ظاہر کرتا ہے کہ ایک عورت صرف محبت کی پاتری نہیں ہوتی بلکہ وہ علم کی طالبہ، سچائی کی متلاشی اور اپنی تقدیر کی معمار بھی ہوتی ہے۔
غلام باغ کے اہم کرداروں میں ہاف مین بھی ہے جو جرمن نژاد ہے اور یونیورسٹی کی طرف سے غلام باغ کے آثار قدیمہ پر تحقیق کرنے آتا ہے۔ ظاہراً وہ ایک محقق ہے لیکن درحقیقت وہ اس نوآبادیاتی ذہنیت کا نمائندہ ہے جو صدیوں سے یہ سمجھتی آئی ہے کہ مقامی لوگ جاہل، گنوار، اور غیر مہذب ہیں اور یہ کہ گوروں کی نسل اس دنیا میں ان لوگوں کو تہذیب و دانش سکھانے کے لیے آئی ہے۔ہاف مین کا رویہ اس کی گفتگو اور اس کے طریقے سب اس ذہنیت کے عکاس ہیں۔ وہ مقامی لوگوں کی دانش کو حقیر جانتا ہے ان کی روایات کو بے وقعت سمجھتا ہے اور ان کے علم کو کچھ نہیں سمجھتا۔ وہ یہ بھول جاتا ہے کہ جس زمین پر وہ کھدائی/تحقیق کر رہا ہے اس کی ہزاروں سال کی تاریخ ہے اور اس کے پاس صرف نوآبادیاتی طاقت کا زور ہےعلم کا نہیں۔ہاف مین کی گرل فرینڈ گرٹریوڈ اس سے بھی زیادہ شدت پسند ہے۔ وہ مقامی لوگوں سے سخت نفرت کرتی ہے اور اس نفرت کو چھپانے کی کوشش بھی نہیں کرتی۔ اس کے لیے یہ علاقے اور یہاں کے لوگ محض ایک بوجھ ہیں جنہیں گوروں کی تہذیب نے انسان بنایا۔ یہ دونوں کردار ناول میں اس لیے اہم ہیں کہ یہ حقیقی تاریخ کی عکاسی کرتے ہیں جہاں محقق اور نوآبادیاتی ایجنٹ کا فرق ختم ہو جاتا ہے۔مرزا اطہر بیگ نے ان کرداروں کو بغیر کسی تعصب کے پیش کیا ہے لیکن ان کی کارستانیوں اور ذہنیت کو بے نقاب کیا ہے کہ علم کے نام پر کس طرح استحصال کیا جاتا ہے۔اس ناول کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ مرزا اطہر بیگ نے ہر بات براہِ راست نہیں کہی بلکہ کرداروں کے ذریعے خالی جگہوں میں بہت سی باتیں کہہ گئے ہیں۔ یہ خالی جگہیں وہ پہلو ہیں جہاں قاری کو خود سوچنا پڑتا ہے خود تجزیہ کرنا پڑتا ہے۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں کردار خاموش ہوجاتے ہیں لیکن وہ خاموشی کبھی کبھی الفاظ سے زیادہ بولتی ہے۔
کبیر کی خاموشیاں، زہرہ کی نظریں، ناصر کے توقف، اور ہاف مین کے تعصب سے بھرے اشارے اور طنزیہ سب ناول کو ایک گہرائی دیتے ہیں۔ مصنف نے قاری کے ساتھ ایک ایسا تعلق قائم کیا ہے جہاں قاری محض پڑھنے والا نہیں بلکہ ایک شریک تحقیق بن جاتا ہے۔ وہ ان خالی جگہوں کو خود بھرتا ہے اور اپنے ذاتی تجربات کے مطابق ان کی تشریح کرتا ہے۔یہ تکنیک ناول کو صرف ایک کہانی سے زیادہ بنا دیتی ہے یہ ایک مکالمہ بن جاتا ہے مصنف اور قاری کے درمیان۔ اور یہی وہ خوبی ہے جو مرزا اطہر بیگ کو بہت سے ہم عصر ناول نگاروں سے ممتاز کرتی ہے۔موضوع کے حوالے سے “غلام باغ” ایک مکمل ناول ہے۔ اس میں مابعد جدیدیت (Postmodernism) کے تمام فکری مطالعات موجود ہیں مطلق سچائی کا انکار، بڑے بیانیوں (Meta-narratives) سے بغاوت،مابعد نوآبادیات،نومارکسیت،مقامیت،نو تاریخیت،پس ساختیات، حقیقت اور خیال کی حدوں کا دھندلا پن، اور معنی کی تشریح میں قاری کا کردار۔ناول میں کوئی ایک مطلق سچائی نہیں ہے بلکہ ہر کردار کی اپنی سچائی ہے۔ کبیر کی سچائی انگریزوں کے خلاف مزاحمت ہے ہاف مین کی سچائی نوآبادیاتی برتری کا قائل ہونا ہے اور زہرہ کی سچائی اپنے والد کی شناخت کی تلاش ہے۔ یہ سچائیاں ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیںمگر کوئی ایک دوسرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کر پاتی۔اس کے علاوہ ناول میں تاریخ کو ایک لکیری (Linear) طریقے سے پیش نہیں کیا گیا، بلکہ ماضی، حال، اور مستقبل ایک ساتھ سفر کرتے ہیں۔ اساطیر، نوآبادیاتی دور، اور جدید دور کے مسائل ایک ہی کینوس پر نظر آتے ہیں۔ یہ مابعد جدیدیت کی اہم خصوصیت ہے وقت کی خطی ترتیب کو توڑنا۔مابعد جدیدیت کے فکری پہلوؤں کے علاوہ مرزا اطہر بیگ نے تکنیکی طور پر بھی تمام تکنیکوں کو استعمال کیا ہے۔ ناول میں “Stream of Consciousness” (شعور کی رو) کی تکنیک ملتی ہے جہاں کرداروں کے اندرونی خیالات بغیر کسی ترتیب کے بہتے ہیں۔ اس کے علاوہ “Fragmentation” (ٹکڑے بازی) ہے جہاں کہانی لکیری نہیں بلکہ بکھرے ہوئے ٹکڑوں میں پیش کی گئی ہےاور قاری کو خود ان ٹکڑوں کو جوڑنا پڑتا ہے۔ناول میں “Metafiction” کی جھلک بھی موجود ہے جہاں ناول اپنے آپ کو ایک ناول ہونے کا اعتراف کراتا ہےاور اس طرح حقیقت اور افسانے کی دیوار گر جاتی ہے۔ اس کے علاوہ طنز و مزاح، علامت نگاری، اور اساطیری بیانیے کو جدید سیاق و سباق میں رکھنا بھی اس ناول کی خوبیاں ہیں۔یہ تمام تکنیکیں اکٹھی ہو کر ایک ایسا ادبی مرکب تخلیق کرتی ہیں جو اردو ناول میں بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ مرزا اطہر بیگ کی انفرادیت یہی ہے کہ وہ فکر اور فن کو ایک ہی سطح پر لے کر چلتے ہیں نہ فکر تکنیک پر بھاری ہوتی ہے نہ تکنیک فکر کو دبا پاتی ہے۔جب ہم مجموعی طور پر ناول کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں ایک موضوعاتی ہم آہنگی نظر آتی ہے۔ غلام باغ محض ایک جسمانی جگہ نہیں بلکہ ایک ذہنی کیفیت ہے ، غلامی کی ذہنیت کا باغ۔ اس باغ میں ہر کردار کسی نہ کسی شکل میں قید ہے۔ کبیر اس قید سے نکلنے کی راہ دکھاتا ہے ناصر اس قید میں رہتے ہوئے بھی اپنی انفرادیت برقرار رکھتا ہے، زہرہ اس قید سے اپنی شناخت نکالنے کی کوشش کرتی ہے اور ہاف مین وہ نیا قیدخانہ تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ناول کا موضوع غلامی ہے لیکن یہ غلامی صرف سیاسی یا معاشی نہیں بلکہ نفسیاتی، جنسی، علمی اور ثقافتی بھی ہے۔ یاور حسین بادشاہوں کو جنسی غلامی سے نکالتا ہے لیکن خود اپنی شناخت کا غلام ہے۔ کبیر انگریزوں سے لڑتا ہے مگر اپنے اصولوں کا اسیر ہے۔ اور قاری ان سب کا مشاہدہ کرتا ہے تو اسے اپنی غلامیوں کا بھی احساس ہوتا ہے۔غلام باغ وہ ناول ہے جو قاری کو جوابات سے زیادہ سوالوں کے ساتھ رخصت کرتا ہے۔ اور یہی اس کی طاقت ہے۔ یہ کوئی پہیلی نہیں جسے آخر میں حل کر دیا جائے بلکہ ایک مستقل معمہ ہے جو قاری کے ذہن میں بسا رہتا ہے۔ یہ معمہ کبھی حل نہیں ہوتا بلکہ ہر بار نیا معنی جنم دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں