قیادت کا ایک نہایت بنیادی مگر اکثر نظر انداز کیا جانے والا وصف مؤثر سماعت بھی ہے۔ سننے کی صلاحیت کے بغیر لیڈر محض ایک مقرر تو بن سکتا ہے، مگر ایک ایسا رہنما نہیں بن سکتا جو لوگوں کے دلوں اور مسائل کو سمجھ سکے۔ مؤثر سماعت دراصل وہ صلاحیت ہے جس کے ذریعے لیڈر نہ صرف الفاظ بلکہ ان کے پیچھے موجود جذبات، حالات اور حقیقت کو بھی سمجھتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن قیادتوں نے سننے کا ہنر سیکھا، وہی عوام کے قریب رہیں اور دیرپا اثر چھوڑ گئیں۔
مؤثر سماعت رکھنے والا رہنما صرف اپنی بات منوانے کی کوشش نہیں کرتا بلکہ دوسروں کی بات سمجھنے کی بھی کوشش کرتا ہے۔ وہ جلد بازی میں ردِعمل دینے کے بجائے تحمل سے سنتا ہے، اسی لیے اس کے فیصلے زیادہ متوازن اور حقیقت کے قریب ہوتے ہیں۔ سننا دراصل سیکھنے کا دروازہ ہے، اور جو لیڈر سننا چھوڑ دے وہ ترقی بھی چھوڑ دیتا ہے۔
حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ مبارکہ اس وصف کی کامل مثال پیش کرتی ہے۔ ایک واقعہ میں ایک دیہاتی مسجدِ نبوی میں آیا اور اس نے لاعلمی میں مسجد کے ایک حصے میں پیشاب کر دیا۔ صحابہؓ غصے میں آئے اور اسے روکنے لگے، مگر آپ ﷺ نے انہیں منع فرمایا اور اس شخص کو اپنی حالت مکمل کرنے دی۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے نہایت نرمی اور حکمت کے ساتھ اسے سمجھایا کہ یہ جگہ عبادت کے لیے ہے اور اس کا احترام ضروری ہے۔ آپ ﷺ نے نہ اسے ذلیل کیا اور نہ سختی کی، بلکہ اس کے عمل کے پس منظر یعنی لاعلمی کو سمجھا۔ یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ ایک سچا لیڈر پہلے صورتِ حال کو سمجھتا ہے، پھر اصلاح کرتا ہے۔
ایک اور جگہ روایت ہے کہ نوجوان آپ ﷺ کے پاس آیا اور اس نے ایک غلط کام (زنا )کے بارے میں اجازت طلب کی۔ صحابہؓ اس پر برہم ہوئے، مگر آپ ﷺ نے اسے اپنے قریب بٹھایا اور نہایت تحمل کے ساتھ اس کی بات سنی۔ پھر آپ ﷺ نے اس سے سوالات کے ذریعے اسے یہ احساس دلایا کہ جس عمل کی وہ اجازت چاہتا ہے، وہی عمل اگر اس کے اپنے عزیزوں کے ساتھ ہو تو کیا وہ اسے پسند کرے گا؟ نوجوان نے نفی میں جواب دیا، جس پر آپ ﷺ نے اس کے لیے دعا کی اور اس کا ذہن بدل گیا۔ یہ واقعہ بتاتا ہے کہ سننا صرف برداشت نہیں بلکہ رہنمائی کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
تاریخ میں دیگر عظیم لیڈرز کی کامیابی میں بھی مؤثر سماعت کا کردار نمایاں ہے۔ نیلسن منڈیلا کی زندگی اس کی روشن مثال ہے۔ انہیں 27 سال قید میں رکھا گیا جہاں ان کے ساتھ سخت سلوک کیا گیا۔ جیل میں انہیں پتھر توڑنے کی مشقت دی جاتی، محدود خوراک دی جاتی اور کئی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جاتا تھا۔ بعض جیلرز ان کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ رکھتے تھے، مگر منڈیلا نے ان حالات میں بھی اپنے رویے کو متوازن رکھا۔ انہوں نے اپنے جیلروں سے بات چیت کی، ان کی زبان سیکھی اور ان کے نقطۂ نظر کو سمجھنے کی کوشش کی۔ رہائی کے بعد جب وہ اقتدار میں آئے تو انہوں نے انہی جیلروں کو اپنی تقریبِ حلف برداری میں مدعو کیا اور اس کے ساتھ عزت سے پیش آئے۔ یہ صرف برداشت نہیں بلکہ مؤثر سماعت اور انسان کو سمجھنے کی اعلیٰ مثال تھی، جس نے ایک دشمن کو بھی قریب کر دیا۔
ابراہم لنکن کی قیادت میں بھی مؤثر سماعت ایک اہم عنصر تھا۔ امریکی خانہ جنگی کے دوران انہوں نے اپنی کابینہ میں ایسے افراد کو شامل کیا جو ان سے اختلاف رکھتے تھے۔ ایک موقع پر جب غلامی کے خاتمے کے حوالے سے شدید اختلافات سامنے آئے، تو لنکن نے سب کی بات تحمل سے سنی، ہر نقطۂ نظر کا جائزہ لیا اور پھر فیصلہ کیا۔ ان کا یہ انداز ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی رائے کو حتمی نہیں سمجھتے تھے بلکہ دوسروں کی بات سن کر بہتر نتیجہ اخذ کرتے تھے۔
مہاتما گاندھی کی قیادت میں بھی مؤثر سماعت نمایاں نظر آتی ہے، خاص طور پر کسانوں کے ساتھ ان کے رویے میں۔ چمپارن (بہار) کا واقعہ اس کی واضح مثال ہے، جہاں کسان انگریز زمینداروں کے ظلم کا شکار تھے۔ گاندھی وہاں پہنچے تو انہوں نے فوراً کوئی تحریک شروع نہیں کی، بلکہ پہلے کسانوں کے درمیان بیٹھ کر ان کی باتیں سنیں۔ وہ گھنٹوں ان کے مسائل، دکھ اور شکایات سنتے رہے، ہر چھوٹی بڑی بات کو سمجھنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد انہوں نے ان حقائق کی بنیاد پر اپنی حکمت عملی ترتیب دی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے کسانوں کے حقوق دلائے۔ یہ کامیابی محض قیادت کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ سننے کے اس عمل کا نتیجہ تھی جس نے مسئلے کو اس کی اصل شکل میں سامنے لایا۔
ان تمام مثالوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ مؤثر سماعت کسی ایک دور یا خطے تک محدود نہیں بلکہ ہر عظیم قیادت کا مشترک وصف ہے۔ حضرت محمد ﷺ کی حکمت بھری سماعت ہو، منڈیلا کا اپنے جیلروں کو سمجھنا ہو ، ابراہم لنکن کی عقلمندی ہو یا گاندھی کا کسانوں کے مسائل سننا—یہ سب اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ سننا قیادت کی بنیاد ہے۔
مؤثر سماعت کے بغیر قیادت میں توازن نہیں رہتا۔ جب لیڈر صرف بولتا ہے اور سنتا نہیں تو فیصلے یک طرفہ ہو جاتے ہیں، اور ایسے فیصلے دیرپا نہیں ہوتے۔ اس کے برعکس جب لیڈر سنتا ہے تو وہ مختلف زاویوں کو سمجھتا ہے اور یہی سمجھ اسے بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے۔
آج کے دور کا المیہ یہ ہے کہ ہم سننے کے بجائے صرف بولنے کو اہمیت دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا اور تیز رفتار زندگی نے ہر شخص کو اپنی بات کہنے کا عادی بنا دیا ہے، مگر دوسروں کی بات سننے کا حوصلہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے ماحول میں مؤثر سماعت ایک نایاب مگر نہایت ضروری قیادتی وصف بن چکی ہے۔
مؤثر سماعت دراصل صبر، عاجزی اور خلوص کا مجموعہ ہے۔ یہ لیڈر کو لوگوں کے قریب لاتی ہے اور ان کے دلوں میں جگہ بناتی ہے۔ ایک لیڈر جب سننا سیکھ لیتا ہے تو وہ نہ صرف بہتر فیصلے کرتا ہے بلکہ ایک مضبوط اور متحد ٹیم بھی تشکیل دیتا ہے۔
میری ناقص رائے کے مطابق سچا لیڈر وہی ہے جو بولنے سے پہلے سننے کو ترجیح دے۔ کیونکہ جو لیڈر سنتا ہے وہ سمجھتا ہے، اور جو سمجھتا ہے وہی صحیح رہنمائی کر سکتا ہے۔ مؤثر سماعت قیادت کی وہ خاموش قوت ہے جو نظر تو نہیں آتی، مگر اسی کے ذریعے اعتماد پیدا ہوتا ہے، مسائل حل ہوتے ہیں اور قومیں صحیح سمت میں آگے بڑھتی ہیں۔


