سیاسی جدوجہد کو محض جذباتی ردعمل یا وقتی احتجاج تک محدود رکھنا اکثر تحریکوں کو کمزور کر دیتا ہے۔ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ تحریکیں مؤثر ثابت ہوئیں جنہوں نے spontaneity کو منظم حکمتِ عملی میں تبدیل کیا۔ اسی اصول کو سامنے رکھتے ہوئے وکلاء کی قیادت میں آئینی و جمہوری جدوجہد کو ایک مربوط، منظم اور تدریجی انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ جس کا اعادہ 10 اپریل 2026 کو وزیر اعلی سہیل افریدی نے آل پاکستان وکلاء کنونشن کی صورت میں کیا ہے۔ وکلاء کا کردار اس تناظر میں محض قانونی نمائندگی تک محدود نہیں رہتا بلکہ وہ آئین، قانون کی حکمرانی اور شہری آزادیوں کے محافظ کے طور پر ایک فکری اور عملی قیادت فراہم کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اگر کسی تحریک کو اخلاقی اور قانونی جواز فراہم کرنا ہو تو وکلاء کا منظم اور disciplined کردار بنیادی ستون بن جاتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اس جدوجہد کو جذباتی نعروں کے بجائے آئینی بیانیے کے ساتھ شروع کیا جائے۔ کسی بھی اقدام سے پہلے ایک واضح قانونی مؤقف، مشترکہ مطالبات اور غیر متشدد طرزِ عمل کا اعلان ضروری ہے تاکہ تحریک کو سیاسی تصادم کے بجائے آئینی جدوجہد کے طور پر دیکھا جائے۔ اگر ابتدا ہی میں بیانیہ منتشر ہو جائے تو تحریک اپنی اخلاقی برتری کھو دیتی ہے۔ اسی لیے ایک مرکزی رابطہ نظام، مشترکہ ترجمان اور تحریری مطالبات کی موجودگی تحریک کو سنجیدگی اور استحکام فراہم کرتی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں وکلاء کو بطور فرنٹ لائن قیادت سامنے آنا چاہیے۔ بار ایسوسی ایشنز، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے باہر پرامن قانونی آگاہی کیمپس، کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج، اور آئینی نکات پر مبنی بریفنگز اس جدوجہد کو ایک قانونی شکل دیتے ہیں۔ اس مرحلے میں مقصد عوامی ہجوم اکٹھا کرنا نہیں بلکہ ایک ذمہ دار اور سنجیدہ آئینی آواز قائم کرنا ہوتا ہے۔ جب وکلاء خود نظم و ضبط کے ساتھ میدان میں نظر آتے ہیں تو تحریک کی اخلاقی حیثیت مضبوط ہوتی ہے اور ریاستی ردعمل بھی محدود رہتا ہے۔
اس کے بعد تنظیمی توسیع کا مرحلہ آتا ہے جس میں صوبائی اور ضلعی سطح پر رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں۔ ہر ضلع میں ایک قانونی مرکز قائم کیا جا سکتا ہے جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی جائے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر معلومات شیئر کی جائیں۔ اس عمل سے تحریک محض احتجاج نہیں رہتی بلکہ ایک structured قانونی مہم بن جاتی ہے۔ یہ تنظیمی ڈھانچہ ہی وہ بنیاد فراہم کرتا ہے جس پر بڑے سیاسی اقدامات کھڑے کیے جا سکتے ہیں۔
جب تنظیمی بنیاد مضبوط ہو جائے تو قیادت کی موجودگی کے ساتھ علامتی اور پرامن دھرنے یا بیٹھکیں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ ایسے اقدامات کا مقصد تصادم نہیں بلکہ آئینی مطالبات کو واضح کرنا اور ریاستی اداروں کو یاد دہانی کرانا ہوتا ہے کہ قانون کی حکمرانی عوامی توقع ہے۔ اس مرحلے میں سب سے اہم عنصر نظم و ضبط ہے۔ اگر قیادت صف اول میں ہو، وکلاء منظم انداز میں بیٹھیں اور پیغام واضح ہو تو یہ اقدام محض احتجاج نہیں بلکہ ایک سیاسی علامت بن جاتا ہے جس سے داخلی اور عالمی سطح پر توجہ حاصل ہوتی ہے۔
اس جدوجہد کو مؤثر بنانے کے لیے قانونی اور عوامی محاذ کو ساتھ ساتھ چلانا ضروری ہے۔ ایک طرف عدالتوں میں بنیادی حقوق کی درخواستیں، ملاقات کے حقوق، عدالتی احکامات کے نفاذ اور دیگر آئینی نکات پر قانونی کارروائی ہو، دوسری طرف عوامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے۔ جب عدالت اور عوام دونوں جگہ ایک ہی بیانیہ گونجتا ہے تو دباؤ فیصلہ کن شکل اختیار کرتا ہے۔ یہ حکمتِ عملی تحریک کو قانونی جواز بھی دیتی ہے اور عوامی حمایت بھی فراہم کرتی ہے۔
اس سارے عمل میں معلومات کی ترسیل کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قانونی اپڈیٹس، حقائق پر مبنی بیانات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دستاویزات جاری کی جائیں۔ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کیا جائے تاکہ تحریک کی ساکھ برقرار رہے۔ ایک مربوط معلوماتی نظام نہ صرف کارکنان کو متحد رکھتا ہے بلکہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی قابل اعتماد مواد فراہم کرتا ہے۔
خطرات کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ دفعہ 144، گرفتاریوں، طاقت کے استعمال یا میڈیا بلیک آؤٹ جیسے امکانات ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔ ان کے مقابلے کے لیے پہلے سے قانونی ٹیمیں تیار ہوں، چھوٹے گروپس میں پرامن سرگرمیاں جاری رکھی جائیں، اور ہر واقعے کو دستاویزی شکل دی جائے۔ نظم و ضبط کے ساتھ چلنے والی تحریکیں زیادہ دیرپا اور مؤثر ثابت ہوتی ہیں کیونکہ وہ ردعمل کے بجائے حکمت کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں۔
بالآخر مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وکلاء کی قیادت میں شروع ہونے والی آئینی جدوجہد وسیع عوامی حمایت حاصل کرے۔ جب بار ایسوسی ایشنز قراردادیں پاس کریں، سول سوسائٹی شامل ہو، اور قیادت عملی طور پر میدان میں نظر آئے تو ایک ایسی عوامی legitimacy پیدا ہوتی ہے جو کسی بھی ریاستی بیانیے کو چیلنج کر سکتی ہے۔ یہ جدوجہد نعروں سے نہیں بلکہ منظم، پرامن اور آئینی حکمتِ عملی سے آگے بڑھتی ہے۔ اتحاد، نظم و ضبط، مشترکہ بیانیہ اور تدریجی دباؤ ہی وہ عناصر ہیں جو کسی بھی تحریک کو وقتی احتجاج سے ایک مؤثر عوامی آئینی تحریک میں تبدیل کر دیتے ہیں۔


