الگورتھمز اور روبوٹس اب ہماری زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں داخل ہو چکے ہیں۔
اور ہر وہ کام سر انجام دے رہے ہیں جو کبھی صرف انسان کی صلاحیت سمجھے جاتے تھے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت مستقبل میں انسان کے بہت سے کام اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے۔ اس صورتحال میں انسان صرف روزگار یا مہارت ہی نہیں کھوتا، بلکہ اس کی حیثیت، آزادی اور معنویت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ آہستہ آہستہ فیصلوں اور عمل کے مرکز سے انسان ہٹتا جا رہا ہے اور اس کی جگہ الگورتھمز لیتے جا رہے ہیں۔
یہ نظام انسان کے تجربے، احساسات اور روحانی ضرورتوں کو نہیں سمجھتے اور نہ ان میں انسانی رویوں کو وجودی تناظر میں سمجھنے کی صلاحیت ہے، انسان سے متعلق ان کا فہم ایک ایسے انسان کا ہے جس نے ہمیشہ سمندر کو ساحل سے دیکھا ہو اور کبھی اس میں قدم نہ رکھا ہو
وہ یہ تو جانتا ہو گا کہ پانی بھگو دیتا ہے لیکن بھیگنے کے تجربے اور کیفیت سے کبھی روشناس نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اس کی جاذبیت کو سمجھ سکتا ہے۔
اسی لیے مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی ایک نئی قسم کی بیگانگی پیدا کر رہی ہے۔ انسان کو محسوس ہونے لگا ہے کہ وہ اپنی ذات، اپنے احساسات اور زندگی کے معنی کو کھوتا جا رہا ہے۔ وہ ایک ایسے نظام کا حصہ بنتا جا رہا ہے جو اس کی روح کی آواز نہیں سنتا۔ اس کے نتیجے میں انسان کے اندر خالی پن، بے چینی اور اپنی قدر کھو دینے کا احساس دن بدن شدت پکڑتا جا رہا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی تیزی سے تعلیم، تحقیق، معیشت اور سماجی زندگی میں شمولیت کا ایک بڑا اثر انسانی عقل پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اگر انسان ہر سوال کا جواب مشین سے لینے لگے تو اس کی سوچنے، غور کرنے اور تخلیق کرنے کی صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے۔ تنقیدی سوچ، تخیل اور گہرے غور و فکر کی عادت آہستہ آہستہ ختم ہونے لگتی ہے۔
انسان معلومات تو حاصل کر لیتا ہے، مگر ان معلومات سے خود معنی پیدا کرنے کی صلاحیت کم ہوتی جاتی ہے۔
آج دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم مسلسل زلزلوں کے درمیان زندگی گزار رہے ہوں، جہاں ہر روز کوئی نئی تبدیلی سامنے آتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اُن چیزوں کو بھی بدل رہی ہے جنہیں کبھی مستقل اور محفوظ سمجھا جاتا تھا۔ اس نے انسان کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنے وجود، عقل، علم اور مستقبل کے بارے میں نئے سرے سے سوچے
کیوںکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے انسان کی مرکزیت کو ختم کر دیا ہے یا کر دے گا۔
اب انسان خود کو دنیا کا واحد مرکز نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ مشینیں ایسے میدانوں میں داخل ہو چکی ہیں جنہیں انسان اپنی خاص صلاحیت سمجھتا تھا۔ ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں پرانے یقین ٹوٹ رہے ہیں اور حقیقت کی نئی تعریفیں سامنے آ رہی ہیں۔ اس صورتحال میں انسان کو ہر روز اپنی شناخت اور اپنی انسانیت کو دوبارہ سمجھنے کی ضرورت ہے، ورنہ وہ مشینوں کے پیچھے گم ہو سکتا ہے۔
مصنوعی ذہانت صرف ہماری زندگی کے طریقے نہیں بدل رہی بلکہ انسانی شعور اور سوچ کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ یہ انسان کو اس سوال پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کرتی ہے کہ “انسان ہونا” آخر کیا معنی رکھتا ہے۔ جب مشینیں سوچنے، لکھنے اور فیصلے کرنے لگتی ہیں تو انسان اپنے مقام کے بارے میں بے یقینی محسوس کرتا ہے۔
اسی تناظر میں “ما بعدِ انسان” کے دور کی بات کی جاتی ہے۔ اس تصور میں انسان کو مرکز کی حیثیت حاصل نہیں رہتی بلکہ ہر چیز کو کارکردگی اور فائدے کی بنیاد پر دیکھا جاتا ہے۔ خطرہ یہ ہے کہ انسان محض ڈیٹا، پیداوار یا ایک مشین نما وجود بن کر رہ جائے گا۔ ایسے نظاموں میں نہ ہمدردی ہوتی ہے، نہ درد کا احساس، اور نہ ہی انسانی اضطراب کا ادراک باقی رہتا ہے۔
اسی لیے آج سب سے اہم ضرورت انسان کے دفاع کی ہے۔ انسان کو صرف ایک پیداواری آلہ یا معلومات کے ذخیرے کے طور پر نہیں بلکہ ایک حساس، اخلاقی اور روحانی وجود کے طور پر سمجھنا ضروری ہے۔ انسان کی اصل قدر اس کی محبت، آزادی، احساس، تخلیق اور ذمہ داری میں ہے۔ مستقبل کا اصل سوال یہ نہیں کہ مشینیں کیا کر سکتی ہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان اپنی انسانیت کو کیسے محفوظ رکھ سکتا ہے۔


