قیادت کا سب سے بڑا امتحان صرف وژن پیش کرنا نہیں بلکہ اس وژن کو عملی شکل دینا ہوتا ہے۔ دنیا میں بہت سے لوگ بڑے بڑے خواب دیکھتے ہیں، متاثر کن تقاریر کرتے ہیں اور بلند و بالا منصوبے پیش کرتے ہیں، مگر اصل فرق وہاں پیدا ہوتا ہے جہاں عمل شروع ہوتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ایک عام رہنما اور ایک حقیقی لیڈر کے درمیان فرق واضح ہوتا ہے۔ بصیرتِ عمل (Execution) وہ صلاحیت ہے جس کے ذریعے ایک لیڈر اپنے خیالات، منصوبوں اور وعدوں کو زمین پر حقیقت میں تبدیل کرتا ہے۔
بصیرتِ عمل کا مطلب صرف کام شروع کرنا نہیں بلکہ درست وقت پر، درست طریقے سے اور درست حکمتِ عملی کے ساتھ کام کو مکمل کرنا ہے۔ ایک لیڈر کو نہ صرف یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کیا کرنا ہے بلکہ یہ بھی جاننا چاہیے کہ کیسے کرنا ہے، کب کرنا ہے اور کن وسائل کے ساتھ کرنا ہے۔ یہی وہ مہارت ہے جو قیادت کو نظریات کی دنیا سے نکال کر عملی دنیا میں لے آتی ہے۔
حضرت محمد ﷺ کی قیادت بصیرتِ عمل کی سب سے اعلیٰ مثال ہے۔ آپ ﷺ نے صرف نظریہ پیش نہیں کیا بلکہ اسے عملی زندگی میں نافذ کر کے دکھایا۔ مدینہ میں ریاست کے قیام کے بعد ایک مکمل عملی نظام قائم کیا گیا جس میں عدل، معاہدات، سماجی نظم اور ادارہ جاتی ڈھانچہ شامل تھا۔ میثاقِ مدینہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ کس طرح ایک لیڈر مختلف طبقات کو ایک عملی نظام کے تحت متحد کرتا ہے۔
تاریخ میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت بھی Execution کی ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تصور کو صرف ایک سیاسی نعرہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک منظم سیاسی، قانونی اور عوامی تحریک میں بدل دیا۔ ان کی حکمتِ عملی، مسلسل محنت اور واضح سمت نے ایک خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا۔
تاریخ میں ڈینگ ژیاؤ پنگ( Deng Xiaoping) کی قیادت بھی بصیرتِ عمل کی ایک مضبوط مثال ہے۔ انہوں نے چین کی معیشت کے لیے اصلاحات پیش کیں اور پھر انہیں عملی طور پر نافذ کر کے ملک کی معاشی سمت بدل دی۔ ان کا ماڈل اس بات کی دلیل ہے کہ صرف پالیسی نہیں بلکہ اس کا مؤثر نفاذ ہی اصل کامیابی ہے۔
اسی طرح رجب طیب اردگان کی قیادت بھی Execution کا واضح نمونہ ہے۔ انہوں نے ترکی میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور انہیں عملی طور پر مکمل کیا۔ انفراسٹرکچر، معیشت اور شہری ترقی کے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ نتائج پر مبنی قیادت کرتے ہیں۔
اسی طرح کونراڈ ایڈیناﺅر(Konrad Adenauer) کی قیادت بھی Execution کی ایک انتہائی اہم مثال ہے۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد جب جرمنی تباہی کا شکار تھا، انہوں نے محض بیانات نہیں دیے بلکہ عملی طور پر ریاستی اداروں کی تعمیرِ نو شروع کی۔ ان کی قیادت میں West Germany کو ایک مضبوط، مستحکم اور جمہوری ریاست میں تبدیل کیا گیا۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انہوں نے بحران کو صرف سمجھا نہیں بلکہ اس کا عملی حل پیش کیا۔
بصیرتِ عمل کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ لیڈر رکاوٹوں سے گھبرائے نہیں بلکہ انہیں حل کرے۔ ہر بڑے منصوبے کے راستے میں مشکلات آتی ہیں، مگر ایک سچا لیڈر ان مشکلات کو بہانے نہیں بلکہ مواقع میں تبدیل کرتا ہے۔ وہ صرف بات نہیں کرتا بلکہ نتائج پیدا کرتا ہے۔
آج کے دور میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ منصوبے بہت بنتے ہیں مگر مکمل نہیں ہوتے۔ باتیں بہت کی جاتی ہیں مگر عمل کم ہوتا ہے۔ یہی خلا قیادت کو کمزور کرتا ہے۔ ایک سچا لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنے الفاظ کو عمل میں تبدیل کرے۔
میری ناقص رائے کے مطابق بصیرتِ عمل قیادت کی وہ کنجی ہے جو کامیابی کے دروازے کھولتی ہے۔ یہ وہ صلاحیت ہے جو خوابوں کو حقیقت میں بدلتی ہے اور نظریات کو نظام میں ڈھالتی ہے۔ ایک لیڈر جو Execution میں مضبوط ہو، وہ نہ صرف خود کامیاب ہوتا ہے بلکہ اپنی قوم کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔
آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وژن قیادت کی ابتدا ہے، مگر بصیرتِ عمل اس کی تکمیل ہے۔ اگر وژن سوچ ہے تو Execution اس سوچ کو حقیقت میں بدلنے کی طاقت ہے۔


