پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ترجیحات/مہرساجدشاد

پاکستان ایک ایسا ملک ہے جسے قدرت نے بے شمار وسائل، نوجوان افرادی قوت اور جغرافیائی اہمیت سے نوازا ہے۔ اس کے باوجود ہماری معیشت مسلسل چیلنجز کا شکار رہتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ پالیسیوں کا عدم تسلسل، نجی شعبے پر غیر ضروری دباؤ، اور معیشت کے بنیادی ڈھانچے میں عدم توازن ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی معاشی سمت کو واضح کریں اور ایک مضبوط، پائیدار اور ترقی یافتہ معیشت کی بنیاد رکھیں۔

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جہاں نجی شعبہ معیشت کا اصل محرک ہوتا ہے۔ حکومت کا کردار پالیسی سازی، سہولت کاری اور نگرانی تک محدود ہوتا ہے، جبکہ کاروبار، صنعت اور سرمایہ کاری نجی شعبہ آگے بڑھاتا ہے۔ پاکستان میں بدقسمتی سے آج بھی بہت سے سیکٹرز حکومتی انتظام میں ہیں انکو پرائیویٹائز کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
پاکستان میں نجی شعبے کو پیچیدہ ٹیکس نظام، غیر یقینی پالیسیوں اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے سرمایہ کاری کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔

اگر حکومت نجی شعبے کو اعتماد دے، قوانین کو سادہ بنائے اور کاروباری ماحول کو بہتر کرے تو یہی شعبہ روزگار پیدا کرے گا، برآمدات بڑھائے گا اور معیشت کو مستحکم کرے گا۔

آئیے اکانومی کی مختلف اقسام کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں،

ایکسپورٹ بیسڈ اکانومی (Export-Based Economy)

پائیدار ترقی کے لیے سب سے اہم ماڈل ایکسپورٹ بیسڈ اکانومی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک اپنی پیداوار کو عالمی منڈی میں فروخت کرے اور زرمبادلہ کمائے۔

چین، جنوبی کوریا اور ویتنام جیسے ممالک نے اپنی معیشت کو برآمدات پر مرکوز کر کے حیران کن ترقی حاصل کی۔ ابھی حالیہ دور میں بنگلہ دیش بھی اس کی مثال ہے، پاکستان کے پاس بھی ٹیکسٹائل، آئی ٹی، زراعت اور اسپورٹس گڈز جیسے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

تاہم، برآمدات بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کی جائے، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی جائے، عالمی معیار کے مطابق پیداوار کو یقینی بنایا جائے، برآمد کنندگان کو سہولتیں اور مراعات دی جائیں۔

جب ایک ملک زیادہ برآمدات کرتا ہے تو اس کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھتے ہیں، کرنسی مستحکم ہوتی ہے اور معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہوتی ہے۔

کنزمپشن بیسڈ اکانومی (Consumption-Based Economy)

پاکستان کی موجودہ معیشت بڑی حد تک کنزمپشن بیسڈ ہے، یعنی ہم زیادہ تر درآمد شدہ اشیاء اور مقامی پیداوار کو صرف استعمال کرتے ہیں، جبکہ پیداوار اور برآمدات کم ہوتی ہیں۔

کنزمپشن اکانومی میں درآمدات بڑھتی ہیں، تجارتی خسارہ بڑھتا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوتے ہیں اور قرضوں پر انحصار بڑھ جاتا ہے

یہ ماڈل قلیل مدت میں تو سہولت فراہم کرتا ہے، مگر طویل مدت میں معیشت کو کمزور کر دیتا ہے۔ اگر ایک ملک صرف خرچ کرتا رہے اور کم کمائے تو وہ معاشی طور پر خودمختار نہیں رہ سکتا۔

لہٰذا ضروری ہے کہ ہم کنزمپشن سے پروڈکشن اور ایکسپورٹ کی طرف منتقل ہوں۔

سروسز بیسڈ اکانومی (Services-Based Economy)

جدید دنیا میں سروسز سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اس میں آئی ٹی، بینکنگ، تعلیم، صحت، ٹورازم اور فری لانسنگ جیسے شعبے شامل ہیں۔

پاکستان میں آئی ٹی اور فری لانسنگ کے شعبے نے حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ نوجوان نسل ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی مارکیٹ سے جڑ رہی ہے، جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

سروسز اکانومی کے فوائد یہ ہیں کہ اس میں کم سرمایہ کاری سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ تیزی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اس جدید طریقہ سے عالمی مارکیٹ تک آسان رسائی ملتی ہے اور زرمبادلہ میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔

اگر حکومت آئی ٹی انفراسٹرکچر بہتر کرے، انٹرنیٹ کی سہولت کو وسیع کرے، اور نوجوانوں کو تربیت دے تو پاکستان سروسز اکانومی میں ایک مضبوط مقام حاصل کر سکتا ہے۔

پاکستان میں اکانومی کے یہ تینوں ماڈل ہی موجود ہیں مطلب ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد کیلئے روزگار کے مواقع موجود ہیں جو اچھی بات ہے اسی لئے ہمیں ایک متوازن معاشی ماڈل کی ضرورت ہے۔

ایک کامیاب معیشت وہ ہوتی ہے جو صرف ایک شعبے پر انحصار نہ کرے بلکہ ایک متوازن ماڈل اپنائے، اس میں ایکسپورٹ بیسڈ صنعتیں ترقی کر رہی ہوں، عالمی معیار کے ماہرین پر مشتمل مضبوط سروسز سیکٹر ہو جو ملک کی ضروریات پوری کرنے کے بعد بیرون ملک سروسز مہیا کرے۔ اپنے زرمبادلہ کو بچانے کیلئے انتہائی ضروری اشیاء پو مشتمل محدود اور کنٹرولڈ کنزمپشن ہو۔

خواتین و حضرات !

پاکستان کی معاشی ترقی کا راز ایک واضح اور مستقل حکمت عملی میں پوشیدہ ہے۔ جب تک ہم نجی شعبے کو مضبوط نہیں کریں گے، برآمدات نہیں بڑھائیں گے اور معیشت کو پیداواری بنیادوں پر استوار نہیں کریں گے، اس وقت تک پائیدار ترقی ممکن نہیں۔

یہ وقت ہے کہ ہم اپنی ترجیحات درست کریں اور ایک ایسی معیشت کی بنیاد رکھیں جو خودمختار، مضبوط اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہو۔ یہی راستہ پاکستان کو معاشی استحکام اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں