ہمارا روایتی فن تعمیر اور کولونیل پس منظر/سائرہ رباب

اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا روایتی فن تعمیرفطرت اور انسان کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ تھا۔ مگر دوبارہ اس توازن کی طرف جانا کسی انفرادی کوشش جیسا آسان نہیں ۔۔ کیونکہ جو نیا کولونیل اسٹرکچر ہم پر مسلط ہوا، وہ صرف نظام نہیں لایا۔۔۔۔وہ اپنے ساتھ ایک پوری طرزِ زندگی، ایک ذہنیت، اور ایک فنِ تعمیر بھی لے کر آیا۔
یہاں کی اصل آبادیوں میں مٹی کے گھر، کشادہ صحن، کھلی اور ملی ہوئی چھتیں اور چھوٹی دیواریں محض تعمیراتی عناصر نہیں تھے، وہ ہماری اجتماعی زندگی، رشتوں کی قربت اور باہمی یگانگت کی علامت تھے۔ جو مشرقی اجتمائیت پر مبنی ورلڈ ویو کے عکاس تھے۔
اس کے برعکس، جو نیا ماڈل آیا وہ کیپیٹلزم کی“ہائپر انفرادیت” پر مبنی تھا۔۔۔ایسا آرکیٹکچر جو انسان کو انسان سے کاٹتا ہے، Self-centeredness کو فروغ دیتا ہے، اور اجتماعیت کو توڑ کر انفرادیت کے نام پر ایک مصنوعی تنہائی میں دھکیل دیتا ہے۔ اور سرمایہ کاری نظام کی تراشی مصنوعی ضروریات کا صارف بناتا ہے۔
یہ صرف عمارتوں کی تبدیلی نہیں تھی، بلکہ ایک پورا سماجی، سیاسی اور معاشی ڈھانچہ اسی بنیاد پر استوار ہوا۔ آج کے شہر۔۔۔۔کنکریٹ کے جنگل، کیمیکل دھواں اگلتی فیکٹریاں، اور بے دردی سے کاٹے گئے درخت۔۔۔۔ اسی سوچ کا نتیجہ ہیں۔فطرت اور انسان کی اکائی کو کاٹ کر دوئی میں بدلنے کا لازم نتیجہ۔۔۔
آج ہم نے اپنے ماحول کو اس حد تک بگاڑ دیا ہے کہ اب ایئر کنڈیشنر کے بغیر جینا نا ممکن سا ہو گیا ہے، کنکریٹ کے بند گھر میں ، درختوں اور جنگلات کی عدم موجودگی میں ، شدید ماحولیاتی آلودگی میں کیسے رہا جائے فطری انداز میں ؟؟
دراصل اس ” ترقی” کے ڈسکورس کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔۔جہاں روشن دان ایک استعارہ ہے،اس پورے indigenous علم، سادگی، اور توازن کا، جسے ہم نے ترقی کے نام پر کھو دیا۔یہ لڑائی صرف انفرادی طور پر اے سی کم کرنے یا بجلی بچانے کی نہیں، یہ ایک متبادل طرزِ زندگی کی بحالی کی جدوجہد ہے۔
اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم آسان حل کے بجائے درست حل کو اپنائیں۔۔۔ جیسےہمیں “درخت لگاؤ” کے فریبی، سادہ نعروں سے آگے بڑھ کر “درخت بچاؤ” کی اجتماعی تحریکیں کھڑی کرنی ہوں گی کیونکہ جو موجود ہے اسے بچانا ہی اصل مزاحمت ہے۔اصل کام ان پرانے درختوں، جنگلات اور قدرتی نظاموں کی حفاظت ہے جو ابھی باقی ہیں۔

نجات صرف nostalgia میں نہیں، بلکہ شعوری مزاحمت میں ہے۔ضرورت اس توازن کو بحال کرنے کی ہے جہاں ہم اپنی مقامی دانش، اپنی روایت، اور اپنی اجتماعی روح کو دوبارہ شامل کریں۔ مگر یہ کام بھی آسان نہیں۔۔۔کیونکہ ہماری پوری اربن لائف اسٹائل اسی اجنبی بنیاد پر کھڑی ہو چکی ہے۔
اس لیے اب ضرورت صرف اصلاح کی نہیں، بلکہ مزاحمت کی ہے۔۔۔۔ بھرپور اجتماعی مزاحمت۔ جہاں اب عوام کو صرف مہمات کا حصہ نہیں، بلکہ ایک شعوری تحریک کا حصہ بننا ہوگا۔۔۔ایسی تحریک جو سوال کرے، روکے، اور طاقت کے سامنے کھڑی ہو۔ کیونکہ یہ محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں، یہ ایک تہذیبی بقا کی جنگ ہے۔
اور اس جنگ کا راستہ صرف ایک ہے:
اجتماعیت، شعور، اور مزاحمت۔

اپنا تبصرہ لکھیں